27
اِسرائیلؔ کی رِہائی
1اُس دِن،
یَاہوِہ اَپنی سخت، بڑی اَور مضبُوط تلوار سے،
لِویاتان نام کے تیزرَو اَور خم دار سانپ کو سزا دے گا،
ایک لِویاتان مُہیب سمُندری اَژدہا کو
قتل کر دے گا۔
2اُس دِن
”تُم ایک پھلدار تاکستان کا نغمہ گانا۔
3میں، یَاہوِہ اُس کی حِفاظت کرتا ہُوں؛
اَور ہر دَم اُسے سینچتا ہُوں۔
میں دِن رات اُس کی نگہبانی کرتا ہُوں
تاکہ کویٔی اُسے نُقصان نہ پہُنچائے۔
4میں غضبناک نہیں ہُوں،
ہاں اگر میری راہ میں صِرف جھاڑیاں اَور اُونٹ کٹارے میرے سامنے ہوتے
تو میں اُن کے خِلاف جنگ کے لیٔے پیش قدمی کرتا؛
اَور اُن سَب کو سُپرد آتِش کر دیتا۔
5لیکن اگر کویٔی میری پناہ میں آنا چاہے؛
اَور میرے ساتھ صُلح کرنا چاہے،
تو ہاں، وہ میرے ساتھ صُلح کر لے۔“
6آئندہ دِنوں میں یعقوب جڑ پکڑے گا،
اِسرائیل پھُولے اَور پھلے گا
اَور رُوئے زمین کو میووں سے بھر دے گا۔
7کیا یَاہوِہ نے اُسے مارا
جِس طرح اُس نے اُس کے مارنے والوں کو مارا تھا؟
کیا وہ قتل کیا گیا
جِس طرح اُس کے قاتلوں کو قتل کیا گیا تھا؟
8اُس کے لیٔے تیری سزا جنگ اَور جَلاوطنی تک ہی محدُود رہی
اَور تُم نے اُسے اَپنی ہی زمین پر سے یُوں اُڑا دیا
جَیسے مشرق کی طرف سے آنے والی سخت آندھی سَب کچھ اُڑا لے جاتی ہے۔
9اِس لیٔے اُس سے یعقوب کی بدکاری کا کفّارہ ہوگا،
اَور اُس کے گُناہ دُور ہونے کا کُل نتیجہ یہ ہوگا کہ
جَب وہ مذبح کے تمام پتّھروں کو
چُونا بنانے کے پتّھروں کی طرح ریزہ ریزہ کرےگا،
اُس وقت اشیراہؔ کا کویٔی سُتون یا بخُور جَلانے کا
کویٔی مذبح باقی نہ رہے گا۔
10فصیلدار شہر ویران پڑا ہے،
وہ گویا اُجڑی ہُوئی بستی یا بیابان کی طرح خالی ہو گیا ہے؛
وہاں بچھڑے چرتے ہیں،
اَور وہ وہیں بیٹھتے ہیں؛
اَور اُس کی ڈالیوں کو ننگا کر دیتے ہیں۔
11جَب اُس کی شاخیں سُوکھ جاتی ہیں تو اُنہیں توڑا جاتا ہے
اَور عورتیں آکر اُس سے آگ جَلا دیتی ہیں۔
کیونکہ یہ لوگ ناسمجھ ہیں؛
اِس لیٔے اُن کا بنانے والا اُن پر رحم نہیں کرتا۔
اَور اُن کا خالق اُن پر مہربان نہیں ہوتا۔
12اُس وقت یَاہوِہ دریائے فراتؔ سے لے کر وادی مِصر کے نالے تک اُس کے درخت کو جھاڑے گا۔ اَور تُم اَے بنی اِسرائیل، ایک ایک کرکے اِکٹھّے کئے جاؤگے 13اَور اُس دِن ایک بڑا نرسنگا پھُونکا جائے گا اَور وہ جو اشُور کے مُلک میں تباہ ہو رہے تھے اَور وہ جو مِصر میں جَلاوطن ہو چُکے تھے، واپس آکر یروشلیمؔ کے مُقدّس پہاڑ پر یَاہوِہ کی پرستش کریں گے۔