یَشعیاہ 34
34
قوموں کی عدالت
1اَے قومو، نزدیک آؤ اَور سُنو؛
اَے اُمّتو، دھیان سے سُنو!
زمین اَور اُس کی معموُری،
دُنیا اَورجو کچھ اُس میں ہے، سَب سُنیں!
2یَاہوِہ سَب قوموں سے خفا ہے؛
اَور اُن کا قہر اُن کی تمام فَوجوں پر ہے۔
وہ اُنہیں مُکمّل طور پر تباہ کر دے گا،
اَور اُنہیں ذبح ہونے کے لیٔے دے دے گا۔
3اُن کے مقتول پھینک دئیے جایٔیں گے،
اَور اُن کی لاشوں میں سے بدبُو اُٹھے گی؛
پہاڑ اُن کے خُون سے شرابور ہوں گے۔
4آسمان کے سِتارے پگھل جایٔیں گے
اَور آسمان طُومار کی طرح لپیٹا جائے گا؛
اَور تمام اجرامِ فلکی
انگور کی بیل کے مُرجھائے ہُوئے پتّوں،
اَور اَنجیر کے درخت کے سُوکھنے سڑے پھلوں کی طرح گِر جایٔیں گے۔
5میری تلوار آسمانوں میں پی پی کر مست ہو چُکی ہے؛
دیکھو وہ اِدُوم پر، جِس قوم کو مَیں نے مُکمّل طور پر برباد کر دیا ہے،
اُس کی عدالت کے لیٔے اُتر رہی ہے۔
6یَاہوِہ کی تلوار خُون میں نہا چُکی ہے،
اَور اُس پر چربی کی تہہ جم گئی ہے
وہ برّوں اَور بکروں کے خُون سے،
اَور مینڈھوں کے گُردوں کی چربی سے آلُودہ ہے۔
کیونکہ یَاہوِہ نے بُضراؔہ شہر میں ایک قُربانی
اَور اِدُوم کے مُلک میں بڑی خُونریزی کی ہے۔
7اَور جنگلی سانڈ اَور بچھڑے اَور بَیل،
اُن کے ساتھ ذبح ہوں گے۔
اُن کا مُلک خُون میں لت پَت ہوگا،
اَور اُس کی مٹّی چربی سے تر ہو جائے گی۔
8کیونکہ یَاہوِہ کا اِنتقام لینے کا ایک دِن اَور بدلہ لینے کا
ایک سال مُقرّر ہے جِس میں وہ صِیّونؔ کی عدالت کرےگا۔
9اِدُوم کے چشمے رال میں،
اَور اُس کی خاک جلتی ہُوئی گندھک میں بدل دی جائے گی۔
اَور اُس کا مُلک جلتی ہُوئی رال بَن جائے گا!
10جو رات دِن کبھی نہ بُجھےگی؛
اَور اُس کا دُھواں ہمیشہ اُٹھتا رہے گا۔
وہ پُشت در پُشت ویران پڑا رہے گا؛
اَور کبھی بھی کویٔی شخص اُس میں سے ہوکر نہ گزرے گا۔
11حواصل اَور خارپُشت اُس کے مالک ہوں گے؛
اَور بڑے اُلّو اَور کوّے اُس میں بسیں گے۔
خُدا اِدُوم پر پیمائشی جریب کی ڈوری پھیلے گا۔
افراتفری کی پیمائش کی ڈوری
اَور ویرانی کی ساہول ڈالا جائے گا۔
12وہاں اُس کے اشراف کے پاس حُکومت نام کی کویٔی چیز باقی نہ رہے گی،
اُس کے تمام اُمرا غائب ہو جایٔیں گے۔ اُس کے اُمرا کے پاس بادشاہت کہلانے کے لئے کچھ بھی نہیں ہوگا،
اُس کے تمام شہزادے غائب ہو جائیں گے۔
13اُس کے محلوں میں کانٹے،
اَور اُس کے قلعہ میں خاردار جھاڑیاں کثرت سے پھیل جایٔیں گی۔
اَور وہ گیدڑوں کا اڈّا
اَور اُلّوؤں کا مَسکن بَن جائے گا۔
14بیابان کے جنگلی جانور لکڑبگّھوں سے ملیں گے،
اَور جنگلی بکریاں ممیا کر ایک دُوسرے کو بُلائیں گی؛
رات میں گشت لگانے والے جانور بھی وہاں سُستائیں گے
اَور اَپنے لیٔے آرام کی جگہ پائیں گے۔
15وہاں اُلّو کی مادہ گھونسلہ بنائے گی اَور اَنڈے دے گی،
بچّے نکالے گی اَور اَپنے چُوزوں کی
اَپنے پروں کے سایہ میں حِفاظت کرےگی؛
وہاں باز بھی اَپنی اَپنی مادہ کے ساتھ جمع ہوں گے۔
16یَاہوِہ کے طُومار میں ڈھونڈو اَور پڑھو:
اِن میں سے ایک بھی کم نہ ہوگا،
اَور نر اَور مادہ ایک ساتھ رہیں گے۔
کیونکہ اُس نے اَپنے مُنہ سے یہ حُکم دیا ہے،
اَور اُس کی رُوح اُنہیں جمع کرےگی۔
17وہ اُن کے لیٔے حِصّے مُقرّر کرتا ہے؛
اَور اُس کا ہاتھ اُنہیں ناپ ناپ کر اُن میں سے تقسیم کرتا ہے۔
وہ اَبد تک اُس کے مالک ہوں گے
اَور پُشت در پُشت اُس میں بسے رہیں گے۔
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 34: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.