63
خُدا کے اِنتقام کا دِن اَور نَجات
1یہ کون ہے جو اِدُوم اَور بُضراؔہ سے آ رہاہے،
جِس نے قِرمزی چوغہ پہن رکھتا ہے؟
یہ کون ہے جِس کی پوشاک درخشاں ہے،
اَور قُوّت و عظمت کے ساتھ بڑھتا چلا آ رہاہے؟
”یہ میں ہی ہُوں، صادق القول،
اَور نَجات دینے پر قادر ہُوں۔“
2تیرا لباس انگوری حوض میں
انگور کُچلنے والے کی مانند کیوں ہے؟
3”مَیں نے اکیلے ہی انگوری حوض میں انگور کُچلے ہیں؛
اَور قوموں کے لوگوں میں سے کسی نے میرا ساتھ نہ دیا۔
مَیں نے غُصّہ میں اُنہیں روند ڈالا
اَور اَپنے غضب میں اُنہیں پیروں تلے کُچلا؛
اُن کے خُون کے چھینٹے میرے کپڑوں پر پڑے،
اَور میرا سارا لباس آلُودہ ہو گیا۔
4کیونکہ اِنتقام کا دِن میرے دِل میں تھا،
اَور میرا سالِ رِہائی آ پہُنچا ہے۔
5مَیں نے نگاہ کی لیکن وہاں کویٔی مددگار نہ تھا،
مُجھے تعجُّب ہُوا کہ کویٔی سہارا دینے والا نہ تھا؛
اِس لیٔے میرے اَپنے بازو نے میرے لیٔے نَجات کا کام کیا،
اَور میرے اَپنے غضب نے مُجھے سنبھالا۔
6مَیں نے اَپنے قہر میں قوموں کو روندا؛
اَور اَپنے غضب میں اُنہیں مدہوش کر دیا
اَور اُن کا خُون زمین پر بہا دیا۔“
سِتائش اَور دعا
7میں یَاہوِہ کی شفقت کا ذِکر کروں گا،
خصوصاً اُن کاموں کا جِن کی خاطِر اُس کی سِتائش کی جائے،
اَور اُن تمام باتوں کے لیٔے جو یَاہوِہ نے ہمارے لیٔے کیں
ہاں اُن تمام مہربانیوں کا
جو اُس نے اَپنی خاص رحمت اَور فراواں شفقت سے
اِسرائیل کے گھرانے پر ظاہر کیں۔
8اُس نے فرمایا، ”یقیناً وہ میرے لوگ ہیں،
اَیسے فرزند جو کبھی بےوفائی نہ کریں گے“؛
اَور اِس لیٔے وہ اُن کا مُنجّی بنا۔
9اُن کی تمام مُصیبتوں میں بھی وہ اُن کے ساتھ رہا،
اُس کے مُقرّب فرشتہ نے اُنہیں بچایا۔
اُس نے اَپنی مَحَبّت اَور رحمت کے باعث اُن کا فدیہ دیا؛
اُنہیں اُٹھایا اَور قدیم ایّام میں
سدا اُنہیں لیٔے پھرا۔
10پھر بھی اُنہُوں نے سرکشی کی
اَور اُس قُدُّوس رُوح کو غمگین کیا۔
اِس لیٔے اُس نے اَپنا رُخ بدلا اَور اُن کا دُشمن ہو گیا
اَور اُن سے لڑا۔
11پھر اُس کے لوگوں نے پُرانے دِن یاد کئے،
مَوشہ اَور اُس کے لوگوں کے دِن
وہ کہاں ہے جو اُنہیں اَپنے گلّے کے چرواہے سمیت
سمُندر میں سے نکال لایا؟
وہ کہاں ہے جِس نے اَپنا رُوح القُدس
اُن کے درمیان ڈال دیا،
12کس نے اَپنی قُدرت کے جلالی بازو کو
مَوشہ کے داہنے ہاتھ کے ساتھ کر دیا،
کس نے اُن کے سامنے پانی کے دو حِصّے کئے،
اَور اَپنے لیٔے اَبدی نام حاصل کیا،
13اُنہیں گہرے سمُندر میں سے کون لے گیا؟
جِس طرح گھوڑا کھُلے میدان میں چلتا ہے،
اُسی طرح اُنہُوں نے ٹھوکر نہ دِکھائی؛
14جِس طرح مویشی میدان میں اُتر آتے ہیں،
اُسی طرح یَاہوِہ کی رُوح نے اُنہیں آرام پہُنچایا۔
اِس طرح تُونے اَپنے قوم کی رہنمائی کی
تاکہ تُو اَپنے لیٔے جلالی نام پیدا کرے۔
15آسمان پر سے نگاہ کریں
اَور اَپنے بُلند اَور مُقدّس جلالی تخت پر سے نیچے دیکھیں۔
آپ کی غیرت اَور آپ کی قُدرت کہاں ہے؟
آپ کی شفقت اَور رحمت ہم سے روک لی گئی۔
16لیکن آپ ہمارے باپ ہیں،
حالانکہ اَبراہامؔ ہمیں نہیں جانتا
اَور نہ اِسرائیل ہمیں پہچانتا ہے؛
تو بھی اَے یَاہوِہ، آپ ہمارے باپ ہیں،
اَور ہمارا نَجات دِہندہ، اَزل سے آپ کا یہی نام ہے۔
17اَے یَاہوِہ، آپ کیوں ہمیں اَپنی راہوں سے بھٹکا دیتے ہیں
اَور ہمارے دِل سخت کر دیتے ہیں کہ ہم آپ کا اِحترام نہ کریں؟
اَپنے خادِموں اَور اُن قبیلوں کی خاطِر لَوٹ آئیں،
جو آپ کی مِیراث ہیں۔
18کچھ عرصہ تک تیرے لوگ آپ کے پاک مقام پر قابض رہے،
لیکن اَب ہمارے دُشمنوں نے آپ کے مُقدّس کو پامال کر دیا ہے۔
19ہم اُن کی مانند ہو گئے؛
جِن پر تُونے کبھی حُکومت نہیں کی،
نہ وہ تیرے نام سے کہلاتےہیں۔