65
اِنصاف اَور نَجات
1جنہوں نے میرے بارے میں پُوچھا بھی نہیں، میں اُن پر ظاہر ہو گیا؛
اَور جنہوں نے مُجھے ڈھونڈا بھی نہیں، اُنہُوں نے مُجھے پا لیا۔
اَورجو قوم میرے نام سے نہیں کہلاتی تھی،
اُس سے مَیں نے کہا: مَیں حاضِر ہُوں، مَیں حاضِر ہُوں۔
2مَیں دِن بھر ایک ضِدّی قوم کے آگے
ہاتھ بڑھائے رہا،
جو اَپنے خیالات کی پیروی میں،
نیک راہ پر نہیں چلتی
3ایک اَیسی قوم
جو میرے ہی سامنے
باغوں میں قُربانیاں پیش کر
اَور اینٹ کے مذبحوں پر لوبان جَلا کر مُجھے غُصّہ دِلاتی ہے۔
4جِس کے لوگ قبروں کے درمیان بیٹھ کر
رات کاٹتے ہیں؛
اَور سُؤر کا گوشت کھاتے ہیں،
اَور ناپاک گوشت کا سالن اَپنے برتنوں میں رکھتے ہیں؛
5اَور کہتے ہیں: دُورہو، میرے نزدیک نہ آ،
کیونکہ مَیں تُجھ سے کہیں زِیادہ پاک ہُوں۔
اَیسے لوگ میرے نتھنوں میں دھوئیں کی مانند ہیں،
اَور دِن بھر جلتی رہنے والی آگ کی طرح ہیں۔
6”دیکھو یہ بات میرے سامنے لکھی ہُوئی ہے:
مَیں خاموش نہ رہُوں گا بَلکہ پُورا پُورا بدلہ دوں گا؛
7میں تمہاری اَور تمہارے آباؤاَجداد کی بدکاری بدلہ،
تمہاری ہی گود میں ڈالوں گا۔“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
”چونکہ اُنہُوں نے گادی پہاڑوں پر سوختنی نذریں پیش کیں
اَور ٹیلوں پر میری تکفیر کی،
اِس لیٔے میں اُن کے پچھلے اعمال کا پُورا مُعاوضہ
تول کر اُن کی گود میں ڈالوں گا۔“
8یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”جَب انگور کے گُچّھوں میں رس باقی رہتاہے
لوگ کہتے ہیں، ’اُنہیں ضائع نہ کرو،‘
کیونکہ اُن میں اَب بھی برکت ہے،
اِسی طرح سے میں اَپنے خادِموں سے پیش آؤں گا؛
مَیں اُن سَب کو تباہ نہیں کروں گا۔
9مَیں یعقوب میں سے ایک نَسل،
اَور یہُوداہؔ میں سے اَپنے کوہستان کے لیٔے وارِث برپا کروں گا؛
میرے برگُزیدہ لوگ اُس کے وارِث ہوں گے،
اَور میرے خادِم وہاں سکونت کریں گے۔“
10میرے طلب گار لوگوں کے لیٔے
شارونؔ کا میدان گلّوں کی چراگاہ ہوگا،
اَور وادیِ عکورؔ مویشیوں کی آرامگاہ بنے گی۔
11”لیکن تُم جو یَاہوِہ کو ترک کرتے ہو
اَور میرے مُقدّس پہاڑ کو فراموش کرتے ہو،
جو قِسمت کے معبُود کے لیٔے دسترخوان بچھاتے ہو
اَور تقدیر کے معبُود کے لیٔے مِلی جُلی مَے کے جام بھرتے ہو،
12مَیں تُمہیں تلوار کے حوالہ کروں گا،
اَور تُم سَب ذبح ہونے کے لیٔے جھُک جاؤگے؛
کیونکہ مَیں نے تُمہیں پُکارا اَور تُم نے جَواب نہ دیا،
مَیں نے کلام کیا اَور تُم نے نہ سُنا۔
تُم نے وُہی کیا جو میری نظر میں بُرا تھا
اَور اَیسے کام پسند کئے جو مُجھے گوارا نہ تھے۔“
13چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:
”میرے خادِم کھایٔیں گے،
لیکن تُم بھُوکے رہوگے؛
میرے خادِم پیئیں گے،
لیکن تُم پیاسے رہوگے؛
میرے خادِم مسرُور ہوں گے،
لیکن تُم شرمندہ ہوگے۔
14میرے خادِم اَپنے دِل کی شادمانی سے گائیں گے،
لیکن تُم دلگیری کے سبب سے نالاں ہوگے
اَور رُوح شکستگی کا ماتم کروگے۔
15تُم اَپنا نام میرے
برگُزیدوں کی لعنت کے لیٔے چھوڑ جاؤگے،
اَور یَاہوِہ قادر تُمہیں موت کے گھاٹ اُتار دے گا،
لیکن اَپنے خادِموں کو ایک دُوسرے نام سے پُکارے گا۔
16تَب مُلک میں جو کویٔی برکت چاہے گا
وہ خُدائے برحق کے نام سے برکت چاہے گا؛
اَورجو کویٔی مُلک میں قَسم کھائے گا
وہ خدائے برحق کے نام سے قَسم کھائے گا۔
کیونکہ پہلی مُصیبتیں بھُلا دی جایٔیں گی
اَور وہ میری آنکھوں سے اوجھل ہو جایٔیں گی۔
نئے آسمان اَور نئی زمین
17”دیکھو مَیں نئے آسمان اَور نئی زمین بناؤں گا،
پہلی چیزوں کا ذِکر نہ کیا جائے گا،
نہ ہی وہ خیال میں آئیں گی۔
18اِس لیٔے جو کچھ میں بنانے کو ہُوں
اُس کی وجہ سے سدا شادمانی کرو اَور خُوشی مناؤ،
کیونکہ مَیں یروشلیمؔ کو راحت
اَور اُس کے لوگوں کو شادمان بناؤں گا۔
19میں یروشلیمؔ سے خُوش
اَور اَپنے لوگوں سے مسرُور ہُوں گا؛
اَور اُس میں رونے اَور چِلّانے کی آواز
پھر کبھی سُنایٔی نہ دے گی۔
20”وہاں پھر کبھی اَیسا بچّہ نہ ہوگا
جو صِرف چند روز ہی زندہ رہے،
اَور نہ کویٔی بُوڑھا جو اَپنی عمر پُوری نہ کرے؛
جو سَو سال کی عمر میں چل بسے
وہ جَوان سمجھا جائے گا؛
اَورجو سَو سال کی عمر کو نہ پہُنچے
وہ ملعُون سمجھا جائے گا۔
21وہ مکانات تعمیر کرکے اُن میں رہیں گے؛
اَور تاکستان لگا کر اُن کا پھل کھایٔیں گے۔
22اَیسا نہ ہوگا کہ وہ گھر بنائیں اَور دُوسرے اُن میں بسنے لگیں،
وہ تاکستان لگائیں اَور دُوسرے پھل کھایٔیں۔
کیونکہ میرے لوگوں کے ایّام زندگی،
درختوں کے ایّام کی مانند ہوں گے؛
اَور میرے برگُزیدہ لوگ اَپنے ہاتھوں کے کاموں سے
مُدّتوں فائدہ اُٹھائیں گے۔
23اُن کی محنت رائگاں نہ جائے گی
نہ اُن کی اَولاد بدبختی کا شِکار ہونے کے لیٔے پیدا ہوگی؛
کیونکہ وہ اَپنی اَولاد سمیت،
یَاہوِہ کی مُبارک قوم ٹھہریں گے۔
24اِس سے پہلے کہ وہ پُکاریں میں جَواب دوں گا،
اَور وہ ابھی بول ہی رہے ہوں گے کہ میں سُن لُوں گا۔
25بھیڑیا اَور برّہ اِکٹھّے چریں گے،
اَور شیر بَیل کی مانند بھُوسا کھائے گا،
لیکن سانپ کی خُوراک خاک ہی ہوگی۔
وہ میرے مُقدّس پہاڑ پر کسی جگہ بھی
نہ تو کسی کو ضرر پہُنچائیں گے نہ ہلاک کریں گے،“
یَاہوِہ فرماتے ہیں۔