66
اِنصاف اَور اُمّید
1یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”آسمان میرا تخت ہے،
اَور زمین میرے پاؤں کی چوکی۔
تُم میرے لیٔے جو گھر بناؤگے وہ کہاں ہے؟
میری آرامگاہ کہاں ہوگی؟
2کیا یہ ساری چیزیں میری بنائی ہویٔی نہیں،
اَور اِس طرح سے وہ وُجُود میں نہیں آئیں؟“
یَاہوِہ فرماتے ہیں۔
”یہ وہ لوگ ہیں جِن کو میں مہربانی کی نگاہ سے دیکھتا ہوں:
میں مسکین اَور شکستہ دِل کی قدر کرتا ہُوں،
اَور اُس کی بھی جو میرا کلام سُن کر کانپ جاتا ہے۔
3جو بَیل ذبح کرتا ہے
وہ آدمی کو مار ڈالنے والے کی مانند ہے،
اَورجو برّہ کو قُربان کرتا ہے،
وہ گویا کُتّے کی گردن توڑتا ہے؛
اَورجو اناج کی نذر کی قُربانی کے طور پر پیش کرتا ہے
وہ اُس شخص کی مانند ہے جو سُؤر کا لہُو گزرانتا ہے،
اَورجو لوبان جَلاتا ہے،
وہ بُت پرست کی مانند ہے۔
اُنہُوں نے اَپنی اَپنی راہیں اِختیار کرلی ہیں،
اَور اُن کے دِل اُن کی اَپنی مکرُوہات سے خُوش ہوتے ہیں؛
4اِس لیٔے مَیں بھی اُن کے لیٔے سخت علاج تجویز کروں گا
اَور اُن پر اَیسی آفت لاؤں گا جِس سے وہ بےحد ڈرتے ہیں۔
کیونکہ جَب مَیں نے پُکارا تو کسی نے جَواب نہ دیا،
جَب مَیں بولا تو کسی نے نہ سُنا۔
اُنہُوں نے میری نگاہ میں بدی کی
اَور اَیسے کام مُنتخب کرے جو مُجھے گوارا نہ تھے۔“
5یَاہوِہ کا کلام سُن کر تھرتھرانے والو،
اُس کا کلام سُنو:
”تمہارے بھایٔی جو تُم سے بَیر رکھتے ہیں،
اَور میرے نام کی وجہ سے تُمہیں الگ کر دیتے ہیں،
یُوں کہتے ہیں:
’یَاہوِہ کو اَپنا جلال ظاہر کرنے دو،
تاکہ ہم تمہاری خُوشی دیکھ پائیں!‘
لیکن وہ شرمندہ کئے جایٔیں گے۔
6سُنو، شہر کی طرف سے شور و غُل سُنایٔی دے رہاہے،
اَور ہیکل سے آواز آ رہی ہے!
یہ یَاہوِہ کی آواز ہے
جو اَپنے دُشمنوں کو بدلہ دیتاہے۔
7”زچگی کی اِبتدا سے قبل ہی،
اُس نے بچّہ جانا؛
اِس سے پہلے کہ دردِزہ شروع ہو،
اُن کے ہاں بیٹا پیدا ہُوا۔
8کیا کسی نے اَیسی بات کبھی سُنی ہے؟
کیا کسی نے کبھی اَیسی چیزیں دیکھی ہیں؟
کیا کویٔی مُلک ایک ہی دِن میں پیدا ہو سَکتا ہے
یا کویٔی قوم پل بھر میں وُجُود میں آسکتی ہے؟
لیکن جوں ہی صِیّونؔ کو دردِزہ شروع ہُوا
اُس کی اَولاد پیدا ہو گئی۔
9یَاہوِہ فرماتے ہیں:
کیا میں وِلادت کی گھڑی لے آؤں
اَور بچّے پیدا نہ ہونے دوں؟“
جَب زچگی کا وقت آ جائے
”تو کیا میں رحم بند کر دُوں گا؟“
تمہارے خُدا فرماتے ہیں۔
10”اَے یروشلیمؔ سے مَحَبّت رکھنے والو تُم سَب لوگ،
اُس کے ساتھ خُوشی مناؤ اَور اُس کے لیٔے شادمان ہو؛
اُس کے لیٔے ماتم کرنے والو،
اُس کے ساتھ بےحد خُوش ہو۔
11اُس کی آسودگی بخش چھاتِیوں سے
تُم دُودھ پیوگے اَور سیر ہوگے؛ اَور تُم خُوب دُودھ پیو
اَور اُس کے اُن آسودگی بخش پستانوں سے سیر ہو
جو سدا دُودھ سے بھرے رہتے ہیں۔“
12کیونکہ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”میں سلامتی کو ندی کی مانند،
اَور مُختلف قوموں کی دولت کو سیلاب کی مانند اُس کی طرف رواں کروں گا؛
اَور تُم دُودھ پیوگے اَور گود میں اُٹھائے جاؤگے
اَور پیار سے اُس کے گھٹنوں پر اُچھالے جاؤگے۔
13جِس طرح مان اَپنے بچّہ کو تسلّی دیتی ہے،
اُسی طرح مَیں تُمہیں تسلّی دوں گا؛
اَور تُم یروشلیمؔ میں تسلّی پاؤگے۔“
14جَب تُم یہ دیکھوگے تو تمہارا دِل خُوش ہوگا
اَور تمہاری ہڈّیاں گھاس کی طرح سرسبز ہوکر بڑھیں گی؛
اَور یَاہوِہ کا ہاتھ اُس کے خادِموں پر ظاہر ہوگا،
لیکن اُس کا قہر اُس کے دُشمنوں پر بھڑکے گا۔
15دیکھو، یَاہوِہ آگ کے ساتھ آ رہے ہیں،
اَور اُن کے رتھ آندھی کی مانند ہیں؛
جِس سے وہ اَپنے قہر کو جوش کے ساتھ،
اَور اَپنی تنبیہ کو آگ کے شُعلوں کے ساتھ ظاہر کرےگا۔
16کیونکہ یَاہوِہ تمام لوگوں کا اِنصاف
آگ سے اَور اَپنی تلوار سے کرےگا،
اَور یَاہوِہ کے ہاتھوں قتل ہونے والے بہت ہوں گے۔
17”جو لوگ اَپنے آپ کو اِس لیٔے پاک و صَاف کرتے ہیں کہ باغوں میں جایٔیں اَور اُن لوگوں کی پیروی کرتے ہیں جو سُؤروں اَور چُوہوں کا گوشت اَور مکرُوہات کھاتے ہیں اُن سَب کا خاتِمہ ایک ساتھ ہوگا۔“ یَاہوِہ فرماتے ہیں۔
18”اَور مَیں اُن کے اعمال اَور خیالات کی وجہ سے جلد آنے کو ہُوں اَور آکر تمام قوموں اَور الگ الگ زبانیں بولنے والوں کو جمع کروں گا اَور وہ آئیں گے اَور میرا جلال دیکھیں گے۔
19”تَب میں اُن کے درمیان ایک نِشان نصب کروں گا اَور اُن کے بچے ہوؤں میں سے چند کو مُختلف قوموں کے پاس بھیجوں گا جنہوں نے نہ میری شہرت سُنی ہے نہ میرا جلال دیکھاہے یعنی ترشیشؔ اَور پُولؔ اَور لُودؔ کو (جو مشہُور تیر اَنداز ہیں) اَور تُوبل اَور یُونانؔ (یاوانؔ) اَور دُور کے جزیروں کے پاس بھی بھیج دوں گا۔ وہ مُختلف قوموں میں میرا جلال بَیان کریں گے۔ 20جِس طرح بنی اِسرائیل اَپنی اناج کی نذر کی قُربانی کے عطیات پاک برتنوں میں رکھ کر یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں لے آتے ہیں وَیسے ہی وہ تمہارے سَب بھائیوں کو تمام قوموں میں سے گھوڑوں، رتھوں، پالکیوں، خچّروں اَور اُونٹوں پر بِٹھا کر یروشلیمؔ میں میرے مُقدّس پہاڑ پر یَاہوِہ کے لیٔے ہدیہ کے طور پر لے آئیں گے۔ 21اَور مَیں اُن میں سے چند لوگوں کو کاہِنؔ اَور لیوی ہونے کے لیٔے بھی چُن لُوں گا۔ یَاہوِہ فرماتے ہیں۔
22”جِس طرح نئے آسمان اَور نئی زمین جنہیں میں بناؤں گا،“ میرے حَضُورؔ میں قائِم رہیں گے، یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ”اُسی طرح تمہارا نام اَور تمہاری نَسل بھی باقی رہے گی۔ 23پھر اَیسا ہوگا کہ ایک نئے چاند سے دُوسرے نئے چاند کے دِن تک اَور ایک سَبت سے دُوسری سَبت تک تمام بنی نَوع اِنسان آکر میرے سامنے جھُکیں گے۔“ یہ یَاہوِہ کا کلام ہے۔ 24”پھر وہ نکل کر اُن لوگوں کی لاشوں پر نظر ڈالیں گے جنہوں نے مُجھ سے بغاوت کی تھی۔ اُن کا کیڑا نہ مَرے گا، نہ اُن کی آگ بُجھےگی اَور وہ تمام بنی آدمؔ کے لیٔے نہایت نفرت اَنگیز ہوں گے۔“