10
خُدا اَور بُت پرستی
1اَے بنی اِسرائیل، جو کلام یَاہوِہ تُم سے کرتا ہے اُسے سُنو۔ 2یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”تُم غَیر قوموں کی روِشیں نہ سیکھو
اَور آسمانی نِشانیوں سے ہِراساں نہ ہو،
اگرچہ دیگر قومیں اُن سے ہِراساں ہوتی ہیں۔
3کیونکہ لوگوں میں فُضول رسم و رِواج پایٔے جاتے ہیں،
بُت تو جنگل سے کاٹا گیا صرف ایک درخت ہی ہے،
جسے بڑھئی نے اُسے چھینی سے تراشا ہے۔
4وہ اُسے چاندی اَور سونے سے آراستہ کرتے ہیں؛
پھر اُسے ہتھوڑے سے میخیں ٹھونک کر مضبُوط کرتے ہیں
تاکہ وہ لڑکھڑانے نہ پایٔے۔
5وہ کھیرے کے کھیت میں پرندوں کو ڈرانے والے کھڑے اِنسانی پُتلے کی مانند ہیں،
جو بول نہیں سکتے؛
اُنہیں اُٹھاکر لے جانا پڑتا ہے
کیونکہ وہ چل نہیں سکتے۔
اُن سے مت ڈرو؛
کیونکہ وہ کویٔی ضرر نہیں پہُنچا سکتے،
اَور نہ ہی کوئی فائدہ پہُنچا سکتے۔“
6اَے یَاہوِہ، آپ کی مانند کویٔی نہیں؛
آپ عظیم ہے،
اَور آپ کا نام عظیم اَور قُوّت والا ہے۔
7اَے سَب قوموں کے بادشاہ،
کون ہے جو آپ کی تعظیم نہیں کرےگا؟
یہ سارے لقب تو آپ ہی کے لئے ہیں۔
کیونکہ مُختلف قوموں کے تمام دانشمند لوگوں میں
اَور دُنیا کی تمام مملکتوں میں،
آپ کی مانند کویٔی نہیں،
8وہ سَب نادان اَور احمق ہیں؛
بُتوں سے اُنہیں نکمّی تعلیم ہی حاصل ہوگی۔
9ترشیشؔ سے چاندی کی چادر
اَور اوفیرؔ سے سونا لایا جاتا ہے۔
جو کاریگر کی کاریگری اَور سُنار کی دستکاری ہے؛
اُنہیں نیلا اَور اَرغوانی لباس پہنایا جاتا ہے۔
اَور یہ سَب ماہر کاریگروں کی دستکاری ہے۔
10لیکن یَاہوِہ ہی سچّے خُدا ہیں؛
وہ زندہ خُدا اَور اَبدی بادشاہ ہیں۔
جَب وہ خفا ہوتے ہیں تو زمین تھرتھراتی ہے؛
اَور مُختلف قومیں اُن کے قہر کو برداشت نہیں کر سکتیں۔
11”تُم اُن سے یُوں کہنا، ’یہ معبُود جنہوں نے نہ تو زمین اَور نہ آسمان کو بنایا ہے، یہ تو آسمان کے نیچے سے اَور زمین پر سے نِیست و نابود ہو جایٔیں گے۔‘ “#10:11 اِس آیت کا متن آرامی زبان میں ہے۔
12لیکن یَاہوِہ خُدا نے اَپنی قُدرت سے زمین کو خلق کیا؛
اَور اَپنی حِکمت سے جہان کی بُنیاد ڈالی
اَور اَپنی دانش سے آسمانوں کو تانا۔
13جَب وہ گرجتے ہیں تو آسمان پر پانی شور مچاتا ہے؛
وہ زمین کی اِنتہا سے بادل لاتے ہیں۔
وہ بارش کے ساتھ بجلی چمکاتے ہیں
اَور اَپنے مخزنوں سے ہَوا چلاتے ہیں۔
14سَب اِنسان نادان اَور جاہل ہیں؛
ہر سُنار اَپنے ڈھالی ہُوئی بُتوں کے سبب رُسوا ہے۔
کیونکہ اُن کے ڈھالے ہُوئے بُت محض فریب ہیں؛
جِن میں دَم نہیں ہے۔
15وہ نکمّی اَور قابل تمسخر کا چیزیں ہیں؛
جَب اُن کی سزا کا وقت آئے گا، تو وہ نِیست و نابود ہو جائیں گی۔
16خُدا جو یعقوب کا حِصّہ ہے، وہ اُن بُتوں کی مانند نہیں،
کیونکہ وہ تمام چیزوں کے خالق ہیں،
یہاں تک کہ بنی اِسرائیل کے قبیلے بھی جو اُن کی خاص مِیراث ہے۔
جِن کا نام قادرمُطلق یَاہوِہ ہے۔
آنے والی تباہی
17اَے محاصرہ میں رہنے والی،
مُلک چھوڑنے کے لیٔے اَپنی گٹھری اُٹھالے۔
18کیونکہ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”اِس وقت مَیں اِس مُلک کے باشِندوں کو،
گویا فلاخن میں رکھ کر دُور پھینک دُوں گا؛
اَور مَیں اُن پر تباہی لاؤں گا،
تاکہ وہ اَپنے جُرم کی سزا پائیں۔“
19یروشلیمؔ کے لوگ چِلّا اُٹھے، میرے زخم کے باعث مُجھ پر ہائے!
کیونکہ میرا زخم لاعلاج ہے!
پھر بھی مَیں نے خُود سے کہا،
”یہ تو میری بیماری ہے جسے مُجھے برداشت کرنا ہی ہوگا۔“
20میرا خیمہ تباہ کر دیا گیا؛
اَور اُس کی تمام رسّیاں توڑ دی گئیں۔
اَور میرے فرزند مُجھ سے دُورہو گیٔے، اَب وہ نہیں رہے؛
اَب کویٔی زندہ نہیں رہا جو میرا خیمہ نصب کرے،
یا میرے لیٔے پناہ گاہ کھڑی کرے۔
21چرواہے نادان ہیں
وہ یَاہوِہ سے رہنمائی نہیں مانگتے؛
اِس لیٔے وہ کامیاب نہیں ہوتے
اَور اُن کی سَب بھیڑیں پراگندہ ہو گئیں۔
22سُن، شمالی مُلک سے ایک خبر،
اَور ہنگامے کی آواز آ رہی ہے،
جو یہُودیؔہ کے شہروں کو کھنڈر بنادے گا،
اَور اُنہیں گیدڑوں کا مَسکن بنادے گا۔
یرمیاہؔ کی دعا
23اَے یَاہوِہ، میں جان گیا ہُوں کہ اِنسان اَپنی زندگی کا مالک نہیں،
اِنسان اَپنے آپ اَپنے قدموں کو مُقرّر نہیں کر سَکتا۔
24اَے یَاہوِہ، مُجھے تنبیہ کر، لیکن اَپنے قہر میں نہیں،
بَلکہ صِرف مُناسب اقدامات میں،
کہیں اَیسا نہ ہو کہ آپ مُجھے نِیست و نابود کر دیں۔
25اَپنا غضب اُن قوموں پر اُنڈیل دیں
جو آپ کو نہیں مانتے،
اَور اُن لوگوں پرجو آپ کا نام نہیں لیتے۔
کیونکہ اُنہُوں نے یعقوب کو نگل لیا ہے؛
اَور اُسے مُکمّل طور پر نگل لیا ہے،
اَور اُس کے مَسکن کو اُجاڑ دیا ہے۔