11
عہد شکنی
1یہ وہ کلام ہے جو یَاہوِہ کی طرف سے یرمیاہؔ نبی پر نازل ہُوا: 2”اِس عہدنامہ کی شرائط کو سُن اَور اُنہیں بنی یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے باشِندوں سے بَیان کرو۔ 3اُن سے فرما: یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: ’ملعُون ہے وہ شخص جو اِس عہدنامہ کی شرائط کو نہیں مانتا۔ 4جِن کا حُکم مَیں نے تمہارے آباؤاَجداد کو اُس وقت دیا تھا، جَب مَیں نے اُنہیں لوہے کے تنور یعنی مِصر سے باہر یہ کہتے ہُوئے نکالا تھا،‘ میں نے کہا، ’میری فرمانبرداری کرو اَورجو اَحکام مَیں تُمہیں دیتا ہُوں اُن سَب پر عَمل کرو تاکہ تُم میری قوم ٹھہرو اَور مَیں تمہارا خُدا ہُوں گا۔ 5تاکہ وہ قَسم پُوری کروں جو مَیں نے تمہارے آباؤاَجداد سے کھائی تھی کہ اُنہیں وہ مُلک دُوں گا جِس میں دُودھ اَور شہد بہتا ہے،‘ اَور جِس کے آج تُم مالک ہو۔“
تَب یہ سُن کر مَیں نے جَواب دیا، ”اَے یَاہوِہ، آمین۔“
6پھر یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”یہُودیؔہ کے شہروں اَور یروشلیمؔ کی گلیوں میں اِس کلام کی مُنادی کرو، ’اِس عہدنامہ کی شرائط سُنو اَور اُن پر عَمل کرو۔ 7جِس وقت مَیں تمہارے آباؤاَجداد کو مِصر سے باہر نکال لایا، تَب سے آج تک میں اُن کو بار بار یہ کہتے ہُوئے تاکید کرتا رہا، ”میری اِطاعت کرو۔“ 8لیکن اُنہُوں نے نہ تو میرے حُکموں پر عَمل کیا اَور نہ ہی اُن پر غور کرنا مُناسب سمجھا؛ بَلکہ وہ اَپنے بُرے دِل کی ضِد پر اُڑے رہے اَور مَن مانی کی اِس لیٔے مَیں نے اِس عہدنامہ کی تمام لعنتیں اُن پر نازل کر دیں جِس پر عَمل کرنے کا مَیں نے اُنہیں حُکم دیا تھا لیکن اُنہُوں نے اُس پر عَمل نہیں کیا۔‘ “
9پھر یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”بنی یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے باشِندوں میں سازش پائی گئی ہے۔ 10وہ اَپنے آباؤاَجداد کے گُناہوں کی طرف لَوٹ چُکے ہیں جنہوں نے میرے کلام کو ماننے سے اِنکار کیا تھا، اَور وہ غَیر معبُودوں کے پیروکار ہوکر اُن کی خدمت میں لگ گیٔے۔ بنی اِسرائیل اَور بنی یہُوداہؔ دونوں نے اُس عہد کو توڑ دیا جو مَیں نے اُن کے آباؤاَجداد کے ساتھ باندھا تھا۔ 11اِس لیٔے یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ’مَیں اُن پر ایک اَیسی آفت لاؤں گا جِس سے وہ بچ نہ سکیں گے۔ اگرچہ وہ مُجھ سے فریاد کریں گے تَو بھی مَیں اُن کی نہ سُنوں گا۔ 12تَب اُس وقت یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ شہر کے باشِندے جا کر اُن معبُودوں کے سامنے فریاد کریں گے جِن کے سامنے وہ بخُور جَلاتے ہیں۔ لیکن وہ اُن کی آفت کے دَوران اُن کی کویٔی مدد نہ کر پائیں گے۔ 13اَے یہُوداہؔ، جتنے تمہارے شہر ہیں اُتنے تمہارے ہاں معبُود ہیں اَور جِتنی یروشلیمؔ کی گلیاں ہیں اُتنی ہی تمہارے ہاں اُس مکرُوہ معبُود بَعل کی قُربان گاہیں ہیں؛ جِن پر تُم بخُور جَلاتے ہو۔‘
14”تُم اِس قوم کے لیٔے دعا مت کرو، اَور نہ ہی اِن کے حق میں کویٔی مِنّت یا شفاعت پیش کرو کیونکہ جَب یہ اَپنی مُصیبت میں مُجھ سے فریاد کریں گے، تَب میں اِن کی ہرگز نہ سُنوں گا۔
15”میری محبُوبہ کا اَب میرے بیت المُقدّس میں کیا کام ہے؟
وہ تو بہُتوں کے ساتھ زنا کر چُکی؟
کیا پاک گوشت تمہاری سزا کو ٹال سکتا ہے؟
جَب تُم اَپنی بدی میں مصروف ہوتی ہو،
تَب تُم خُوش ہوتی ہو۔“
16یَاہوِہ نے تو تُمہیں دلکش، خُوبصورت،
اَور ہمیشہ ہرا بھرا، پھل والا زَیتُون کے درخت کا لقب تو دیا تھا،
لیکن ایک زبردست طُوفانی گرجن کے ساتھ
یَاہوِہ اُس میں آگ لگا دیں گے،
اَور اُس کی شاخیں توڑ دی جایٔیں گی۔
17جِس قادرمُطلق یَاہوِہ#11:17 قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ نے تُمہیں روپا تھا اُسی نے تمہارے لیٔے تباہی کا حُکم جاری کیا ہے کیونکہ بنی اِسرائیل اَور بنی یہُوداہؔ نے بَعل کے سامنے بخُور جَلا کر گُناہ کیا اَور مُجھے غُصّہ دِلایا۔
یرمیاہؔ کے خِلاف سازش
18اِس کے علاوہ یَاہوِہ نے اُن کی سازش کو مُجھ پر ظاہر کیا اِس لیٔے میں جان گیا کیونکہ اُس وقت یَاہوِہ نے مُجھے دِکھا دیا کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ 19کیونکہ مَیں اُس معصُوم برّے کی مانند تھا جسے ذبح کرنے کو لے جاتے ہیں۔ مُجھے بالکُل احساس نہ تھا کہ اُنہُوں نے میرے خِلاف یہ کہتے ہُوئے منصُوبہ باندھا ہے،
”آؤ ہم درخت اَور اُس کے پھل کو تباہ کر دیں؛
آؤ ہم اُسے زندوں کی زمین میں سے کاٹ ڈالیں،
تاکہ اُس کے نام کا ذِکر تک باقی نہ رہے۔“
20لیکن اَے قادرمُطلق یَاہوِہ، آپ جو صداقت سے اِنصاف کرتے ہیں
اَور دِل اَور دماغ کو جانچتے ہیں،
مُجھے دِکھائیں کہ آپ اُن سے کیسے اِنتقام لیتے ہیں،
کیونکہ مَیں نے اَپنا مُعاملہ آپ کے سُپرد کیا ہے۔
21اِس لیٔے یَاہوِہ نے مجھ سے فرمایا کہ عناتوت کے اُن اَشخاص کی بابت جو تمہاری جان کے طلب گار ہیں اَور جنہوں نے تُمہیں دھمکی دی ہے، ”یَاہوِہ کے نام سے کوئی نبُوّت نہ کرو، ورنہ تُم ہمارے ہاتھوں قتل کئے جاؤگے،“ 22اِس لیٔے قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”دیکھ مَیں اِنہیں سزا دینے والا ہُوں۔ اِن کے نوجوان تلوار سے مارے جایٔیں گے اَور اِن کے بیٹے اَور بیٹیاں قحط سے مَریں گے۔ 23اِن میں سے کویٔی بھی باقی نہ بچے گا کیونکہ مَیں عناتوت کے لوگوں پر آفت بھیج رہا ہُوں یہ سال اُن کی سزا کا سال ہوگا۔“