YouVersion Logo
تلاش

یرمیاہؔ 16

16
تباہی کا دِن
1پھر یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا، 2”تُم اِس مقام میں ہرگز شادی نہ کرنا، نہ تمہارے بیٹے اَور بیٹیاں ہُوں۔“ 3اِس مُلک میں پیدا ہونے والے بیٹوں اَور بیٹیوں کی بابت جو اِس جگہ پیدا ہُوئے ہیں اَور اُن کے آباؤاَجداد کی بابت جنہوں نے اُنہیں پیدا کیا ہے، یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: 4”وہ مہلک بیماریوں سے مَریں گے۔ اُن کے لیٔے نہ کویٔی ماتم کرےگا اَور نہ وہ دفنائے جایٔیں گے۔ بَلکہ اُن کی لاشیں گوبر کی مانند میدان میں پڑی رہیں گی۔ وہ تلوار اَور قحط سے ہلاک ہوں گے اَور اُن کی لاشیں ہَوا کے پرندوں اَور زمین کے جنگلی جانوروں کی خُوراک ہُوں گی۔“
5کیونکہ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”تُم میّت کے گھر میں کھانے میں شرکت نہ کرنا۔ وہاں ماتم کرنے یا ہمدردی جتانے نہ جانا کیونکہ مَیں نے اَپنی رحمت، مَحَبّت اَور ہمدردی کو اِس قوم پر سے اُٹھالیا ہے،“ یہ یَاہوِہ کا کلام ہے۔ 6”اِس مُلک میں چُھوٹے اَور بڑے سَب مَریں گے۔ وہ نہ دفنائے جایٔیں گے، نہ اُن کے لیٔے ماتم کیا جائے گا اَور نہ کویٔی اُن کی خاطِر اَپنے جِسم کو زخمی کرےگا اَور نہ سَر مُنڈائے گا۔ 7اَور نہ کویٔی شخص مُردوں کی خاطِر ماتم کرنے والوں کو تسلّی دینے کے لیٔے کھانا کھِلائے گا۔ اَور نہ کوئی والدین کی موت پر کسی کو تسلّی دینے کے لیٔے اُنہیں غم کم کرنے کے لیٔے مَے پلائے گا۔
8”اَور تُم ضیافت والے گھر میں بھی داخل نہ ہونا، نہ وہاں بیٹھ کر کچھ کھانا یا پینا۔ 9کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، دیکھ، میں اِس جگہ سے تمہاری آنکھوں کے سامنے اَور تمہارے ہی ایّام میں خُوشی اَور شادمانی کے نعروں اَور دُلہا دُلہن کی آواز موقُوف کراؤں گا۔
10”اَور جَب تُم اِس قوم پر یہ سَب باتیں ظاہر کرو اَور وہ تُم سے پُوچھیں، ’یَاہوِہ نے ہمارے خِلاف اِس قدر بڑی آفت کا حُکم کیوں دیا؟ ہم نے کیا خطا کی ہے؟ ہم نے یَاہوِہ ہمارے خُدا کے خِلاف کون سا گُناہ کیا ہے؟‘ 11تَب تُم اُن سے کہنا، ’اِس لیٔے کہ تمہارے آباؤاَجداد نے مُجھے ترک کر دیا،‘ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ’اَور غَیر معبُودوں کی پیروی کرکے اُن کی اِطاعت و عبادت کی۔ اُنہُوں نے مُجھے ٹھکرا دیا اَور میرے آئین پر عَمل نہیں کیا۔ 12لیکن تُم نے تو اَپنے آباؤاَجداد سے بھی بڑھ کر بدی کی۔ کیونکہ دیکھو، تُم میں سے ہر ایک میری اِطاعت کرنے کے بجائے اَپنے بُرے دِل کی ضِد پر چلتےہو۔ 13اِس لیٔے میں تُمہیں اِس مُلک میں سے اُکھاڑ کر ایک اَیسے مُلک میں پھینک دُوں گا جسے نہ تُم نہ تمہارے آباؤاَجداد ہی جانتے تھے اَور وہاں تُم رات دِن غَیر معبُودوں کی پرستش کرتے رہوگے کیونکہ وہاں میں تُم پر اَپنی نظرِ عنایت نہ کروں گا۔‘
14”اِس لئے دیکھو، وہ دِن آئیں گے،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”جَب لوگ یہ نہ کہیں گے، ’زندہ یَاہوِہ کی قَسم جنہوں نے بنی اِسرائیل کو مِصر سے باہر نکال لائے تھے،‘ 15بَلکہ وہ یہ کہیں گے، ’زندہ یَاہوِہ کی قَسم جنہوں نے بنی اِسرائیل کو شمالی مُلک سے اَور اُن تمام مملکت سے جہاں اُنہُوں نے اُنہیں جَلاوطن کیا تھا، واپس لے آئے۔‘ کیونکہ مَیں اُنہیں پھر اِس مُلک میں واپس لے آؤں گا جو مَیں نے اُن کے آباؤاَجداد کو دیا تھا۔
16”لیکن اَب مَیں بہت سے ماہی گیروں کو بُلواؤں گا،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ”اَور وہ اُنہیں پکڑیں گے۔ اِس کے بعد میں بہت سے شِکاریوں کو بُلواؤں گا اَور وہ اُن کو ہر پہاڑ، پہاڑی اَور چٹّانوں کی دراڑوں میں سے ڈھونڈ نکالیں گے۔ 17میری آنکھیں اُن کی تمام روِشوں پر لگی ہُوئی ہیں۔ وہ مُجھ سے پوشیدہ نہیں ہیں، نہ ہی اُن کا گُناہ میری آنکھوں سے چھُپا ہُواہے۔ 18میں اُنہیں اُن کی بدکاری اَور اُن کے گُناہ کی دوگنی سزا دُوں گا کیونکہ اُنہُوں نے میرے مُلک کو اَپنی حقیر اَور بے جان شَبیہوں سے ناپاک کر دیا اَور میری مِیراث کو اَپنے مکرُوہ بُتوں سے بھر دیا۔“
19اَے یَاہوِہ، آپ میری قُوّت اَور میرا قلعہ ہیں،
اَور مُصیبت میں میری پناہ گاہ،
زمین کے اِنتہا سے مُختلف قومیں،
آپ کے پاس آئیں گی اَور کہیں گی،
”حقیقت میں ہمارے آباؤاَجداد جھُوٹے، نکمّے،
اَور نکمّے معبُودوں کی پیروی اَور پرستش کرتے تھے۔
20کیا اِنسان اَپنے معبُودوں کو خُود بنا سکتے ہیں؟
ہاں، لیکن وہ معبُود خُدا نہیں ہو سکتے ہیں!“
21اِس لیٔے میں اُنہیں سِکھاؤں گا۔
اَب کی بار میں اُنہیں
اَپنی قُدرت اَور طاقت دِکھاؤں گا
تَب وہ جانیں گے
کہ میرا نام یَاہوِہ ہے۔

موجودہ انتخاب:

یرمیاہؔ 16: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in