یرمیاہؔ 35

35
ریخابی خاندان
1یَاہوِہ کا یہ کلام یرمیاہؔ پر شاہِ یہُودیؔہ یہُویقیمؔ بِن یُوشیاہؔ کے دَورِ حُکومت میں نازل ہُوا: 2”ریخابیوں کے گھرانے کے پاس جاؤ اَور اُنہیں یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے بغل کے کمرے میں بُلاکر مَے پیش کرو۔“
3تَب مَیں نے یازنیاہؔ بِن یرمیاہؔ بِن حاباصِنیاہؔ اَور اُس کے بھائیوں اَور تمام بیٹوں کو، یعنی ریخابیوں کے تمام خاندان کو ساتھ لیا۔ 4اَور اُنہیں یَاہوِہ کے گھر میں لاکر یگِدلیاہؔ کے بیٹے حنانؔ جو ایک مَرد خُدا تھا، اُس کے کمرے میں لے آیا۔ جو حاکم کے کمرہ کے نزدیک دربان معسیاہؔ بِن شلُّومؔ کے کمرے کے اُوپر تھی۔ 5تَب مَیں نے مَے سے لبریز پیالے اَور چند جام ریخابیوں کے خاندان کے مَردوں کے سامنے رکھے اَور اُن سے فرمایا، ”مَے نوشی کریں۔“
6لیکن اُنہُوں نے جَواب دیا، ”ہم مَے نہیں پیتے کیونکہ ہمارے آباؤاَجداد یوُنادابؔ بِن ریخابؔ نے ہمیں حُکم دیا ہے: ’تُم اَور تمہاری اَولاد کبھی مَے نوشی نہ کرنا۔ 7اَور تُم مکانات بھی تعمیر نہ کرنا، نہ بیج بونا اَور نہ انگوری باغ لگانا؛ یہ چیزیں کبھی تمہاری مِلکیّت نہ ہوں، بَلکہ تُم ہمیشہ خیموں میں رہنا۔ تَب اُس مُلک میں جہاں تُم خانہ بدوش ہو، لمبے عرصہ تک زندہ رہوگے۔‘ 8اِس لئے ہم نے اَپنے آباؤاَجداد یوُنادابؔ بِن ریخابؔ کا ہر حُکم مانا۔ اَور اُن کے حُکم کے مُطابق نہ ہم نے، نہ ہماری بیویوں نے، نہ ہمارے بیٹوں اَور بیٹیوں نے کبھی مَے نوشی کی ہے۔ 9یا رہنے کے لیٔے مکانات تعمیر کئے، نہ انگوری باغ یا کھیت یا بیج رکھتے ہیں۔ 10ہم خیموں میں رہتے آئے ہیں اَور ہم نے اَپنے آباؤاَجداد یوُنادابؔ کے دیئے ہُوئے ہر حُکم پر پُوری طرح سے عَمل کیا ہے۔ 11لیکن جَب شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ نے اِس مُلک پر حملہ کیا، تَب ہم نے فیصلہ کیا، ’آؤ ہم یروشلیمؔ چلیں تاکہ کَسدیوں#35‏:11 کَسدیوں بابیل کے باشِندے اَور ارامیوں کی فَوج سے بچ سکیں۔‘ یُوں ہم یروشلیمؔ میں آکر رہنے لگے۔“
12تَب یَاہوِہ کا کلام یرمیاہؔ پر، نازل ہُوا: 13”قادرمُطلق یَاہوِہ،#35‏:13 قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، جاؤ اَور یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے باشِندوں سے یُوں کہو یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ’کیا تُم سبق نہ سیکھو گے اَور میرے کلام پر عَمل نہ کروگے؟‘ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔ 14’جو باتیں یوُنادابؔ بِن ریخابؔ نے اَپنے بیٹوں کو کہی کہ مَے نوشی مت کرنا، اَور وہ آج کے دِن تک مَے نہیں پیتے کیونکہ وہ اَپنے آباؤاَجداد کا حُکم مانتے ہیں۔ لیکن مَیں نے تُم سے بار بار کلام کیا لیکن تُم نے میری بات نہ مانی۔ 15بار بار مَیں نے اَپنے تمام خادِموں یعنی نبی تمہارے پاس بھیجے، جنہوں نے پیغام دیا، ”تُم میں سے ہر ایک اَپنی بُری روِشوں سے باز آئے اَور اَپنی حرکتیں دُرست کر لے؛ اَور غَیر معبُودوں کی پیروی کرکے اُن کی عبادت نہ کرے، تَب تُم اِس مُلک میں آباد رہوگے، جو مَیں نے تُمہیں اَور تمہارے آباؤاَجداد کو دیا تھا۔“ لیکن تُم نے غور نہ کیا، اَور نہ میری بات سُنی۔ 16دیکھو، یوُنادابؔ بِن ریخابؔ کی اَولاد نے تو اَپنے آباؤاَجداد کے دئیے ہُوئے حُکم پر عَمل کیا لیکن اِس قوم نے میرا حُکم نہیں مانا۔‘
17”اِس لیٔے یَاہوِہ، قادرمُطلق، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں: ’دیکھو، مَیں بنی یہُوداہؔ اَور یروشلیمؔ کے ہر باشِندہ پر ہر وہ مُصیبت لاؤں گا جِس کا مَیں نے اُن کے خِلاف اعلان کیا تھا۔ مَیں نے اُن سے کلام کیا لیکن اُنہُوں نے نہیں سُنا؛ مَیں نے اُنہیں بُلایا لیکن اُنہُوں نے جَواب نہ دیا۔‘ “
18تَب یرمیاہؔ نے ریخابیوں کے خاندان سے فرمایا: ”قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، ’تُم نے اَپنے آباؤاَجداد یوُنادابؔ کا حُکم مانا اَور اُس کی تمام ہدایات پر عَمل کیا اَور اُس کے ہر حُکم کی پیروی کی۔‘ 19اِس لیٔے قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، ’یوُنادابؔ بِن ریخابؔ کی نَسل میں میری خدمت کرنے کے لئے ہمیشہ کسی شخص کی کمی نہیں ہوگی۔‘ “

موجودہ انتخاب:

یرمیاہؔ 35: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in