ایُّوب 5
5
1”ذرا آواز دو، کیا کویٔی ہے جو تُمہیں جَواب دے گا؟
تُم مُقدّسین میں سے کس کی طرف رُجُوع کروگے؟
2کیونکہ رنجیدگی بےوقُوف کو مار ڈالتی ہے،
اَور حَسد سادہ دِلوں کی جان لے لیتا ہے۔
3مَیں نے خُود ایک بےوقُوف کو جڑ پکڑتے دیکھاہے،
لیکن اَچانک اُس کا گھر لعنتی ہو گیا۔
4اُس کی اَولاد سلامتی سے دُور رہتی ہے،
اُنہیں عدالت میں کسی مُحافظ کے نہ ہونے سے روندا جاتا ہے۔
5بھُوکے اُس کی فصل کھا جاتے ہیں،
یہاں تک کہ کانٹے دار باڑوں میں محفوظ فصل بھی لے لیتے ہیں،
اَور لالچی اُس کی دولت نگل جاتے ہیں۔
6کیونکہ مُصیبت خاک میں سے نہیں نکلتی،
اَور نہ ہی آفت زمین سے اُگتی ہے۔
7جَیسے چنگاریاں اُوپر کی طرح ہی اُٹھتی ہیں۔
وَیسے ہی اِنسان بھی دُکھ اُٹھانے کے لیٔے پیدا ہُواہے۔
8”لیکن اگر مَیں تمہاری جگہ ہوتا تو میں خُدا سے اِلتجا کرتا؛
اَور مَیں اَپنا مُعاملہ خُدا کے سامنے رکھتا۔
9خُدا اِس قدر حیرت اَنگیز کام کرتے ہیں جو سمجھ سے باہر ہیں،
اَور اِتنے معجزے کرتے ہیں جنہیں گِنا نہیں جا سَکتا۔
10وہ رُوئے زمین پر مینہ برساتے ہیں؛
اَور کھیتوں کو سیراب کرتے ہیں۔
11وہ مسکینوں کو اُونچے مقاموں پر بِٹھاتے ہیں،
اَور ماتم کرنے والوں کو سلامتی بخشتے ہیں۔
12وہ عیّاروں کے منصُوبے ناکام کر دیتے ہیں،
تاکہ اُن کے ہاتھ ناکامی حاصل ہو۔
13وہ داناؤں کو اُن ہی کی چالاکی میں پھنسا دیتے ہیں،
اَور بدکار اِنسانوں کے منصُوبے مٹّی میں مِلا دیتے ہیں۔
14دِن کے وقت اُن پر اَندھیرا چھا جاتا ہے؛
اَور دوپہر کے وقت بھی وہ اَیسے ٹٹولتے پھرتے ہیں جَیسے رات کو۔
15حاجتمندوں کو وہ اُن کی مُنہ کی تلوار سے بچاتے ہیں؛
اَور اُنہیں زبردست کے قبضے سے مخلصی بخشتے ہیں۔
16چنانچہ مُحتاج اُمّید رکھتے ہیں،
اَور نااِنصافی اَپنا مُنہ بند کر لیتی ہے۔
17”مُبارک ہے وہ شخص جِس کی تنبیہ خُدا کرتے ہیں؛
چنانچہ قادرمُطلق کی تادیب کو حقیر نہ جانو۔
18کیونکہ وُہی زخمی کرتے ہیں لیکن مرہم پٹّی بھی باندھتے ہیں؛
وُہی مجروح کرتے ہیں لیکن اُن کے ہاتھ شفا بھی بخشتے ہیں۔
19خُدا تُمہیں چھ آفتوں سے بچائیں گے؛
اَور اگر سات بھی ہُوں تو بھی تُمہیں چھُونے نہ پائیں گی۔
20خشک سالی میں وہ تُمہیں موت سے بچائیں گے،
اَور جنگ میں تُمہیں تلوار کی دھار سے۔
21تُم زبان کے کوڑے سے محفوظ رکھے جاؤگے،
اَور جَب تباہی آئے گی تو تُمہیں خوف نہ ہوگا۔
22تُم بربادی اَور خشک سالی پر ہنسوگے،
اَور زمین کے جنگلی جانوروں سے خوف نہ کھاؤگے۔
23میدان کے پتّھروں سے تمہارا عہد ہوگا،
اَور جنگلی جانور تمہارے ساتھ اَمن سے رہیں گے۔
24تُم جانوگے کہ تمہارا خیمہ محفوظ ہے؛
تُم اَپنی مِلکیّت کا حِساب لوگے اَور کویٔی شَے غائب نہ پاؤگے۔
25تُمہیں مَعلُوم ہوگا کہ تمہاری اَولاد بہت ہوگی،
اَور تمہاری نَسل زمین کی گھاس کی طرح بڑھےگی۔
26جَیسے اناج کے پُولے اَپنے وقت پر اِکٹھّے کیٔے جاتے ہیں،
وَیسے ہی تُم بھی عمر رسیدہ ہوکر قبر تک پہُنچوگے۔
27”ہم نے اِس بات کی تحقیق کی ہے اَور اُسے صحیح پایا ہے۔
لہٰذا اِسے سُنو اَور اِسے اَپنی زندگی میں عَمل کرو۔“
موجودہ انتخاب:
ایُّوب 5: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.