ایُّوب 9
9
ایُّوب
1تَب ایُّوب نے جَواب دیا:
2”میں خُوب جانتا ہُوں کہ یہ سچ ہے۔
لیکن ایک فانی اِنسان خُدا کے حُضُور کیسے راستباز ٹھہر سَکتا ہے؟
3اگر وہ اُس سے بحث کرنا بھی چاہے،
تو اُن کی ہزار باتوں میں سے ایک کا بھی جَواب نہ دے سکےگا۔
4اُن کی حِکمت لا محدُود اَور طاقت بے اَندازہ ہے۔
کون اُن کے مُقابلہ میں کھڑا ہُوا اَور صحیح و سالِم بچ نِکلا؟
5وہ پہاڑوں کو ہٹا دیتے ہیں اَور اُنہیں خبر بھی نہیں ہو پاتی،
وہ اَپنے قہر میں اُنہیں تہہ و بالا کر دیتے ہیں۔
6اَور زمین کو اُس کی جگہ سے ہلا دیتے ہیں،
اَور اُس کے سُتون ڈگمگا جاتے ہیں۔
7وہ آفتاب کو حُکم دیتے ہیں تو وہ طُلوع نہیں ہوتا؛
وہ سِتاروں پر مُہر لگا دیتے ہیں۔
8وہ افلاک کو تنہا ہی تانتے ہیں
اَور سمُندر کی لہروں پر چلتے ہیں۔
9اُن ہی نے ثریّا اَور جبّار،
اَور جُنوب کے کواکب کو بنایا۔
10وہ بڑے حیرت اَنگیز کام کرتے ہیں جو عقل و فہم سے باہر ہیں،
اَور اَیسے معجزے جو لاتعداد ہیں۔
11جَب وہ میرے پاس سے گزرتے ہیں، میں اُنہیں دیکھ نہیں پاتا؛
جَب وہ گزر جاتے ہیں تو مُجھے پتہ بھی نہیں چلتا۔
12اگر وہ کچھ چھیننا چاہیں تو اُنہیں کون روک سَکتا ہے؟
اُن سے کون کہے، ’تُم کیا کر رہے ہو؟‘
13خُدا اَپنا غُصّہ نہیں روکتے؛
یہاں تک کہ راحبؔ#9:13 راحبؔ قدیم خوفناک بحری اَژدہا کی ٹولیاں اُن کے قدموں میں جھُک جاتی ہیں۔
14”پھر میں اُن سے بحث کیسے کروں؟
اَپنی دلائل کے لیٔے الفاظ کہاں سے لاؤں؟
15میں بے قُصُور بھی ہوتا تو اُنہیں جَواب نہ دیتا؛
میں اَپنے مُنصِف سے صِرف رحم کی بھیک مانگتا۔
16اگر مَیں اُنہیں پُکارتا اَور وہ آ جاتے،
تو بھی میں یقین نہ کرتا، کہ وہ میری سُنیں گے۔
17وہ مُجھے طُوفان سے ریزہ ریزہ کر ڈالتے،
اَور بلاوجہ میرے زخموں کو بڑھا دیتے۔
18وہ مُجھے دَم بھی نہ لینے دیں گے،
بَلکہ میرے اُوپر مُصیبتوں کا پہاڑ کھڑا کر دیتے۔
19اگر طاقت کی بات ہو، تو وہ قادر ہیں!
اَور اگر اِنصاف کا مُعاملہ ہو تو میری باری کب آئے گی؟
20اگر مَیں بے قُصُور بھی ہوتا، تو میرا ہی مُنہ مُجھے مُلزم ٹھہراتا؛
اگر مَیں بےگُناہ ہوتا، تو وہ مُجھے گُنہگار قرار دیتا۔
21”حالانکہ میں بے قُصُور ہُوں،
مُجھے اَپنی زندگی کی پروا نہیں؛
میں اُسے حقیر سمجھتا ہُوں۔
22بات ایک ہی ہے، اِسی لیٔے میں کہتا ہُوں،
کہ خُدا بےگُناہ اَور بدکار اِنسان دونوں کو ہلاک کرتے ہیں۔
23جَب کویٔی آفت موت لے کر آتی ہے،
’تو وہ بے قُصُور کی بے بَسی کا مذاق اُڑاتی ہے۔‘
24جَب زمین پر بدکار لوگ قبضہ کرلیتے ہیں،
تو وہ اِنصاف کرنے والوں کی آنکھوں پر پٹّی باندھ دیتے ہیں۔
اگر یہ وُہی نہیں تو پھر کون ہے؟
25”میری زندگی کے دِن ہرکارے سے بھی زِیادہ تیزرَو ہیں؛
وہ میری خُوشی نہیں دیکھتے، بس پھُر سے اُڑ جاتے ہیں۔
26وہ اَیسے گزر جاتے ہیں، جَیسے نرسل کی کشتیاں،
جَیسے عُقاب جو اَپنے شِکار پر جھپٹ پڑتے ہیں۔
27اگر مَیں کہُوں، ’میں اَپنی شکایت بھُلادوں گا،
میں اَپنے چہرہ کی اُداسی کو مُسکراہٹ میں بدل دُوں گا،‘
28پھر بھی میں اَپنے سارے دُکھوں سے ڈرتا ہُوں،
کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ آپ مُجھے بے قُصُور نہ ٹھہرائیں گے۔
29چونکہ میں تو پہلے ہی گُنہگار ٹھہرایا جاچُکا ہُوں،
بَری ہونے کے لیٔے عبث زحمت کیوں اُٹھاؤں؟
30اگر مَیں اَپنے آپ کو عرق سے دھو لُوں،
اَور اَپنے ہاتھ خُوب صَاف کرلُوں،
31تَب بھی آپ مُجھے کیچڑ میں دھکیل دیں گے،
یہاں تک کہ میرے کپڑے بھی مُجھ سے دُور بھاگیں گے۔
32”وہ میری طرح اِنسان نہیں کہ میں اُنہیں جَواب دُوں،
اَور عدالت میں ہم ایک دُوسرے کے مقابل کھڑے ہُوں۔
33کاش میرے اَور خُدا کے درمیان کویٔی ثالث ہوتا،
جو ہم دونوں پر اَپنا ہاتھ رکھتا،
34خُدا کی لاٹھی مُجھ پر سے ہٹا دیتا،
اَور اُس کے غضب سے مُجھے خوفزدہ نہ ہونے دیتا۔
35تَب میں بولتا اَور اُس سے نہ ڈرتا،
لیکن فی الحال میں بذاتِ خُود کچھ نہیں کر سَکتا۔
موجودہ انتخاب:
ایُّوب 9: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.