یُوایلؔ 2
2
ٹِڈّیوں کی فَوج
1صِیّونؔ میں نرسنگا پھُونکو؛
میرے کوہِ مُقدّس پر خطرہ کی خبر سُناؤ۔
مُلک کے تمام باشِندے تھرتھرائیں،
کیونکہ یَاہوِہ کا دِن آ رہاہے۔
وہ بالکُل قریب آ گیا ہے۔
2وہ تاریکی اَور اُداسی کا،
اَور کالے بادل اَور ظلمت کا دِن ہے۔
جَیسے پہاڑوں پر صُبح کی رَوشنی پھیلتی ہے
وَیسے ہی ایک بڑی اَور زبردست فَوج آ رہی ہے،
اَیسا جو قدیم زمانہ میں کبھی نہیں ہُوا تھا
اَور نہ ہی مُستقبِل میں کبھی اَیسا ہوگا۔
3اُن کے آگے آگے آگ بھسم کرتی جاتی ہے،
اَور اُن کے پیچھے شُعلے کی لپٹیں ہیں۔
اُن کے سامنے کی زمین باغِ عدنؔ کی مانند ہے،
اَور اُن کے پیچھے ایک ویران بیابان ہے۔
کویٔی چیز اُن سے نہیں بچ پاتی۔
4اُن کی شکل گھوڑوں کی مانند ہے؛
اَور وہ فَوجی گُھڑسوار کی سرپٹ دَوڑتے ہیں۔
5اُن کے آگے بڑھنے کی آواز گویا
پہاڑوں کی چوٹیوں پر دَوڑنے والے رتھوں کی مانند ہے،
وہ شُعلہ زن کی مانند بھُوسے کو بھسم کردیتی ہے،
اَور وہ میدانِ جنگ کے لئے تیّار ایک زبردست فَوج کی مانند ہیں۔
6اُن کے سامنے قومیں خوفزدہ ہو جاتی ہیں؛
اَور ہر ایک چہرہ خوف سے پیلا پڑ جاتا ہے۔
7وہ جنگی سُورماؤں کی طرح چلتے ہیں؛
اَور جنگی سپاہیوں کی طرح دیواروں پر چڑھ جاتے ہیں۔
وہ سَب ایک ہی صف ہیں چلتے ہیں،
اَور اَپنی صف نہیں توڑتے۔
8وہ ایک دُوسرے کو دھکّا نہیں دیتے؛
ہر ایک سیدھا آگے کو کُوچ کرتا ہے۔
وہ جنگی مورچوں کو بغیر
اَپنی صف کو توڑے آگے بڑھتے ہیں۔
9وہ شہر پر ٹوٹ پڑتے ہیں؛
اَور دیوار پر دَوڑتے ہیں۔
وہ گھروں پر چڑھ جاتے ہیں؛
اَور چوروں کی مانند کھڑکیوں سے گھُس جاتے ہیں۔
10اُن کے سامنے زمین کانپتی ہے،
اَور آسمان لرزتا ہے،
آفتاب اَور مَہتاب تاریک ہو جاتے ہیں،
اَور سِتارے چمکنا چھوڑ دیتے ہیں۔
11یَاہوِہ اَپنی فَوج کے آگے ہوکر
بُلند آواز سے گرجتا ہے؛
کیونکہ اُن کی فَوج لاتعداد ہے،
اَور اُن کے حُکم بردار زبردست ہیں۔
یَاہوِہ کا دِن عظیم ہے؛
وہ نہایت خوفناک ہے۔
کون اُسے برداشت کر سکےگا؟
اَپنے دِل کو چاک کرو
12یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، اَب بھی،
اَپنے پُورے دِل سے،
روزہ رکھ کر روتے اَور ماتم کرتے ہُوئے میری طرف لَوٹ آؤ۔
13اَپنے کپڑوں کو نہیں
بَلکہ اَپنے دِل کو چاک کرو۔
یَاہوِہ اَپنے خُدا کی طرف لَوٹو،
کیونکہ وہ نہایت کریم اَور رحیم ہے،
قہر کرنے میں دھیما اَور شفقت میں غنی ہے،
اَور وہ عذاب نازل کرنے سے باز رہتاہے۔
14کون جانتا ہے؟ شاید وہ پلٹ کر رحم کھائے
اَور اَیسی برکت دے جائے۔
جو یَاہوِہ تمہارے خُدا کے لیٔے
اناج کی نذر اَور تپاون کی نذر کی قُربانی ہو۔
15صِیّونؔ میں نرسنگا پھُونکو،
مُقدّس روزہ کا اعلان کرو،
اَور مُقدّس اِجتماع طلب کرو۔
16لوگوں کو جمع کرو،
اِجتماع کو مُقدّس کرو؛
رہنماؤں کو جمع کرو،
بچّوں اَور شیرخواروں کو بھی جمع کرو۔
دُلہا اَپنے کوہبر
اَور دُلہن اَپنی خلوت گاہ سے نکل آئے۔
17یَاہوِہ کے خدمت گزار کاہِنؔ،
بیت المُقدّس کی دیوڑھی اَور قُربان گاہ کے درمیان رو رو کر کہیں۔
اَے یَاہوِہ، ”اَپنے لوگوں پر رحم کیجئے۔
اَپنی مِیراث کی توہین نہ ہونے دیں،
اَور نہ ہی اُنہیں غَیر قوموں میں ضرب المثل بننے دیں۔
وہ لوگوں کے درمیان یہ کیوں کہیں کہ
اُن کا خُدا کہاں ہے؟“
یَاہوِہ کا جَواب
18تَب یَاہوِہ کو اَپنے مُلک کے لیٔے غیرت آئی
اَور وہ اَپنے لوگوں پر رحم کیا۔
19تَب یَاہوِہ نے اَپنی قوم سے مُخاطِب ہُوا:
”مَیں تمہارے لیٔے اناج، نئی مَے اَور زَیتُون کے تیل بھیج رہا ہُوں،
جِن سے تُم سیر ہوگے؛
اَور مَیں پھر کبھی قوموں کے درمیان
تمہاری رُسوائی نہ ہونے دُوں گا۔
20”مَیں شمالی فَوج کو تُم سے بہت دُور کر دُوں گا،
اَور اُسے خشک اَور بنجر مُلک میں دھکیل دُوں گا،
اُس کی صفیں مشرقی بحرمُردار میں
اَور صفیں مغربی بحرِ رُوم میں ڈُوب جایٔیں گی۔
اَور اُس سے بدبُو اُٹھے گی؛
جِس سے بُو پھیلے گی۔“
یقیناً اُنہُوں نے نہایت بُرے کام کئے ہیں۔
21اَے مُلکِ یہُوداہؔ، تُو مت ڈر؛
شادمان ہو اَور خُوشی منا۔
یقیناً یَاہوِہ نے بڑے بڑے کام کئے ہیں۔
22اَے جنگلی جانوروں، تُم مت ڈرو،
کیونکہ بیابان کی چراگاہیں ہری بھری ہو رہی ہیں۔
درختوں پر پھل لگ رہے ہیں؛
اَنجیر کے درخت اَور انگور کی بیلیں اَپنی پیداوار دے رہے ہیں۔
23اَے صِیّونؔ کے لوگوں، خُوش ہو جاؤ،
یَاہوِہ اَپنے خُدا میں شادمان ہو،
کیونکہ اُس نے اَپنی صداقت سے
تُمہیں خزاں کے موسم کی بارش بخشی۔
یعنی خزاں اَور بہار دونوں موسموں میں،
پہلے کی طرح ہی مینہ برسائے گا۔
24کھلیان اناج سے بھر جایٔیں گے؛
اَور حوض نئی مے اَور زَیتُون کے تیل سے لبریز ہوں گے۔
25اَور جِن سالوں کی پیداوار ٹِڈّیوں نے کھا لی ہیں،
یعنی اُن بڑی اَور چُھوٹی ٹِڈّیوں نے
میں اُس نُقصان کی بھرپائی کر دُوں گا۔
جسے ٹِڈّیوں کی فَوج نے کھا لیا
یعنی اُس زبردست فَوج نے جنہیں مَیں نے تمہارے درمیان بھیجا تھا۔
26تُم پیٹ بھرکے کھاؤگے اَور سیر ہوگے،
اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کے نام کی تمجید کروگے،
جنہوں نے تمہارے لیٔے عجِیب و غریب کام کئے ہیں؛
میرے لوگ پھر کبھی شرمندہ نہ ہوں گے۔
27تَب تُم جان لوگے کہ میں اِسرائیل میں سکونت پذیر ہُوں،
اَور یہ بھی کہ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں،
اَور کویٔی دُوسرا نہیں ہے؛
میرے لوگ پھر کبھی شرمندہ نہ ہوں گے۔
یَاہوِہ کا دِن
28اَور اِس کے بعد،
مَیں تمام لوگوں پر اَپنا رُوح نازل کروں گا۔
تمہارے بیٹے اَور بیٹیاں نبُوّت کریں گی،
تمہارے بُزرگ خواب دیکھیں گے،
اَور تمہارے نوجوان رُویا دیکھیں گے۔
29اُن دِنوں میں، میں اَپنے خادِم اَور خادِموں پر بھی،
اَپنا رُوح نازل کروں گا۔
30میں اُوپر آسمان میں
اَور نیچے زمین پر معجزے دِکھاؤں گا،
یعنی خُون، اَور آگ اَور گاڑھا دُھواں۔
31اِس سے پہلے کہ یَاہوِہ کا خوفناک روزِ عظیم آئے،
آفتاب تاریک ہو
اَور ماہتاب خُون کی طرح سُرخ ہو جائے گا۔
32اَورجو کویٔی یَاہوِہ کا نام لے کر
پُکارے گا نَجات پایٔےگا؛
کیونکہ یَاہوِہ کے قول کے مُطابق
کوہِ صِیّونؔ پر اَور یروشلیمؔ میں
جِن باقی بچے لوگوں کو
یَاہوِہ بُلائیں گے
وہ نَجات پائیں گے۔
موجودہ انتخاب:
یُوایلؔ 2: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.