یہوشُعؔ 11

11
شمالی مُلکوں کے بادشاہوں کی شِکست
1جَب حَصورؔ کے بادشاہ یابینؔ نے یہ سُنا تو اُس نے مدُونؔ کے بادشاہ یُوبابؔ اَور شِمرون اَور اکشافؔ کے بادشاہوں 2اَور اُن بادشاہوں کو جو شمال کی جانِب کوہستانی مُلک میں کِنّریتؔ کے جُنوب کے عراباہؔ میں مغربی پہاڑوں کے دامن میں اَور نافوت دورؔ میں رہتے تھے۔ 3اَور مشرق اَور مغرب میں رہنے والے کنعانیوں اَور امُوریوں حِتّیوں پَرزّییوں اَور کوہستانی مُلک کے یبُوسیوں اَور حرمُونؔ کے نیچے مِصفاہؔ کے علاقہ میں رہنے والے حِوّیوں کو بُلوا بھیجا۔ 4وہ اَپنی تمام افواج اَور کثیرُالتعداد گھوڑوں اَور رتھوں کے ساتھ چلے آئے۔ اُس بھاری لشکر کی تعداد سمُندر کے کنارے کی ریت کی مانند تھی۔ 5اُن سَب بادشاہوں نے اَپنی فَوجیں جمع کیں اَور میرومؔ کی جھیل کے پاس اِکٹھّے ڈیرے ڈالے تاکہ اِسرائیلیوں سے لڑیں۔
6یَاہوِہ نے یہوشُعؔ سے کہا، ”اُن سے نہ ڈر کیونکہ کل اِسی وقت مَیں اُن سَب کو ہلاک کرکے اِسرائیل کے حوالہ کر دُوں گا۔ تُم اُن کے گھوڑوں کی کونچیں کاٹ ڈالنا اَور اُن کے رتھ جَلا دینا۔“
7چنانچہ یہوشُعؔ اَور اُس کا سارا لشکر میرومؔ کی جھیل پر اَچانک پہُنچ کر اُن پر ٹوٹ پڑا۔ 8اَور یَاہوِہ نے اُنہیں اِسرائیلیوں کے ہاتھ میں کر دیا۔ اُنہُوں نے اُنہیں شِکست دی اَور بڑے شہر صیدونؔ مِسرفوتؔ المائم اَور مشرق میں مِصفاہؔ کی وادی تک اُن کا تعاقب کیا یہاں تک کہ اُن میں سے کسی کو زندہ نہ چھوڑا۔ 9یہوشُعؔ نے یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق اُن کے ساتھ سلُوک کیا یعنی اُن کے گھوڑوں کی کونچیں کاٹ ڈالیں اَور اُن کے رتھ جَلا دئیے۔
10اُس وقت یہوشُعؔ نے پلٹ کر حَصورؔ پر قبضہ کر لیا اَور اُس کے بادشاہ کو تلوار سے مار ڈالا۔ (حَضُورؔ پہلے اُن سَب سلطنتوں کا سردار تھا)۔ 11اُنہُوں نے اُس کے ہر باشِندے کو تلوار سے مار ڈالا۔ اُنہیں بالکُل نِیست و نابود کر دیا اَور کسی مُتنفِّس کو زندہ نہ چھوڑا۔ پھر اُس نے حَصورؔ کو آگ لگا کر جَلا دیا۔
12یہوشُعؔ نے اُن سَب شاہی شہروں کو اَور اُن کے بادشاہوں کو زیرِ کرکے تہِ تیغ کر دیا اَور یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ کے حُکم کے مُطابق اُنہیں نِیست و نابود کر دیا۔ 13تاہم اِسرائیلیوں نے ٹیلوں پر بسے ہُوئے شہروں کو کبھی سُپرد آتِش نہیں کیا سِوا حَصورؔ کے جسے یہوشُعؔ نے پھُونک دیا تھا۔ 14بنی اِسرائیل نے اِن شہروں کا تمام مالِ غنیمت اَور مویشی اَپنے قبضہ میں لے لیٔے لیکن تمام لوگوں کو اُنہُوں نے تلوار سے قتل کرکے بالکُل نِیست و نابود کر دیا اَور کسی مُتنفِّس کو زندہ نہ چھوڑا۔ 15جِس طرح یَاہوِہ نے اَپنے خادِم مَوشہ کو حُکم دیا تھا اُسی کے مُطابق مَوشہ نے یہوشُعؔ کو حُکم دیا اَور یہوشُعؔ نے وَیسا ہی کیا۔ اُنہُوں نے یَاہوِہ کے مَوشہ کو دئیے ہُوئے اَحکام میں سے ایک بھی ادھورا نہ چھوڑا۔
16چنانچہ یہوشُعؔ نے سارا علاقہ لے لیا یعنی وہ کوہستانی مُلک سارا جُنوبی قَطعہ گوشینؔ کا سارا علاقہ مغربی پہاڑوں کے دامن کا علاقہ عراباہؔ اَور اِسرائیل کے پہاڑوں اَور اُن کے دامن کا علاقہ۔ 17اَور کوہِ خلقؔ جو سِعِیؔر کی چڑھائی پر ہے اَور بَعل گادؔ جو لبانونؔ کی وادی میں کوہِ حرمُونؔ کے نیچے ہے۔ اُس نے اُن کے سَب بادشاہوں کو پکڑکر مارا اَور قتل کر دیا۔ 18یہوشُعؔ اُن سَب بادشاہوں سے عرصہ دراز تک جنگ کرتے رہے۔ 19گِبعونؔ میں رہنے والے حِوّیوں کے علاوہ کسی شہر نے اِسرائیلیوں کے ساتھ صُلح کا عہد نہیں کیا بَلکہ سَب کو اُنہُوں نے لڑ کر جیتا 20کیونکہ یَاہوِہ نے اِسرائیلیوں سے جنگ کرنے کے لیٔے اُن کے دِل سخت کر دئیے تھے تاکہ جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا اُس کے مُطابق یہوشُعؔ اُنہیں بالکُل نِیست و نابود کر دے اَور اُن پر رحم کئے بغیر اُن کا نام و نِشان مٹا دے۔
21اُس وقت یہوشُعؔ نے کوہستانی مُلک میں آکر حِبرونؔ دبیرؔ اَور عنابؔ اَور یہُوداہؔ اَور اِسرائیل کے تمام پہاڑی علاقہ سے عناقیوں کا صفایا کر دیا اَور اُنہیں اَور اُن کے شہروں کو بالکُل نِیست و نابود کر دیا۔ 22اِسرائیل کے مُلک میں کویٔی عناقی باقی نہ رہا۔ صِرف غزّہؔ گاتؔھ اَور اشدُودؔ میں چند ایک باقی بچے۔
23لہٰذا جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا اُس کے مُطابق یہوشُعؔ نے تمام مُلک فتح کرکے اُسے اِسرائیلیوں کو اُن کے قبیلوں کے لحاظ سے مِیراث میں دے دیا اَور مُلک کو جنگ سے فراغت مِلی۔

موجودہ انتخاب:

یہوشُعؔ 11: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in