یہوشُعؔ 14
14
یردنؔ کے مغرب میں سرزمین کی تقسیم
1جو علاقے بنی اِسرائیل نے کنعانؔ کے مُلک میں بطور مِیراث پایٔے، جنہیں الیعزرؔ کاہِنؔ یہوشُعؔ بِن نُونؔ اَور بنی اِسرائیل کے قبائلی برادریوں کے سربراہوں نے اُن میں تقسیم کیا وہ یہ ہیں، 2اَور جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کی مَعرفت حُکم دیا تھا، اُن کے مُطابق اُن کی مِیراث اُن ساڑھے نَو قبیلوں میں قُرعہ اَندازی سے تقسیم کی گئی۔ 3مَوشہ نے ڈھائی قبیلوں کو اُن کی مِیراث یردنؔ کے مشرق میں دے رکھی تھی لیکن لیویوں کو دُوسروں کے درمیان کویٔی مِیراث نہ دی گئی 4کیونکہ یُوسیفؔ کی نَسل سے دو قبیلے وُجُود میں آ چُکے تھے منشّہ اَور اِفرائیمؔ۔ لیویوں کو مُلک کا کویٔی حِصّہ نہ مِلا سِوائے اُن شہروں کے جو اُن کے رہنے کے لیٔے تھے اَور بعض چراگاہیں جو اُن کے گلّوں اَور ریوڑوں کے لیٔے تھیں اُن کے حِصّے میں آئیں۔ 5چنانچہ بنی اِسرائیل نے مُلک کو ٹھیک اُسی طرح بانٹ لیا جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
حِبرونؔ کالبؔ کو دیا گیا
6تَب یہُوداہؔ گِلگالؔ میں یہوشُعؔ سے مِلنے آئے اَور قِنزّی یفُنّہؔ کے بیٹے کالبؔ نے اُن سے کہا، ”تُم جانتے ہوگے، یَاہوِہ نے قادِسؔ برنیع میں مَرد خُدا مَوشہ سے تمہارے اَور میرے بارے میں کیا فرمایا تھا؟ 7جَب یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ نے مُجھے قادِسؔ برنیع سے اُس مُلک کا حال مَعلُوم کرنے کے لیٔے بھیجا تھا، تَب میں چالیس بَرس کا تھا اَور مَیں نے واپس آکر اُسے تمام حقیقی حالات سے آگاہ کر دیا تھا۔ 8لیکن جو بھایٔی میرے ہمراہ گیٔے تھے اُنہُوں نے لوگوں کے دِلوں کو دہشت سے بھر دیا۔ البتّہ مَیں نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی پُوری طرح پیروی کی۔ 9چنانچہ اُس روز مَوشہ نے قَسم کھا کر مُجھ سے کہا، ’جِس زمین پر تمہارے قدم پڑے ہیں وہ ہمیشہ کے لیٔے تُم اَور تمہاری اَولاد کی مِیراث ہوگی کیونکہ تُم نے یَاہوِہ میرے خُدا کی پُوری طرح پیروی کی ہے۔‘
10”اَور اَب پھر جِس طرح اُنہُوں نے یہ بات مَوشہ سے کہی تَب سے اُن پینتالیس برسوں تک جِن میں بنی اِسرائیل بیابان میں بھٹکتے پھرے، یَاہوِہ نے اَپنے وعدہ کے مُطابق مُجھے زندہ رکھا۔ چنانچہ اَب مَیں پچاسی بَرس کا ہُوں! 11میں آج بھی اُسی قدر زورآور ہُوں جِس قدر اُس دِن تھا جَب مَوشہ نے مُجھے بھیجا تھا۔ میں آج بھی میدانِ جنگ میں جا کر لڑنے کے لیٔے اُتنی ہی قُوّت رکھتا ہُوں جِتنی تَب رکھتا تھا۔ 12چنانچہ اَب یہ کوہستانی مُلک مُجھے عطا کریں جَیسا یَاہوِہ نے اُس دِن مُجھ سے وعدہ کیا تھا۔ تُم نے خُود اُس وقت سُنا تھا کہ وہاں عناقیمؔ بستے ہیں اَور اُن کے شہر بڑے اَور فصیلدار ہیں۔ لیکن اگر خُداوؔند میرے ساتھ ہوں گے تو میں اُن کے قول کے مُطابق اُنہیں نکال دُوں گا۔“
13تَب یہوشُعؔ نے یفُنّہؔ کے بیٹے کالبؔ کو برکت دی اَور اُسے حِبرونؔ مِیراث کے طور پر عنایت فرمایا۔ 14تَب سے آج تک حِبرونؔ قِنزّی یفُنّہؔ کے بیٹے کالبؔ کی مِیراث ہے، کیونکہ اُنہُوں نے یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا کی پُوری طرح پیروی کی تھی۔ 15(پہلے حِبرونؔ کا نام قِریت اربعؔ تھا اِس لیٔے کہ اربعؔ عناقیوں میں سَب سے بڑا آدمی سمجھا جاتا تھا۔)
تَب اُس مُلک کو جنگ سے فراغت نصیب ہُوئی۔
موجودہ انتخاب:
یہوشُعؔ 14: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapistaging.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.