تَب حُضُور عیسیٰ اَپنے شاگردوں کے ساتھ نیچے اُتر کر میدان میں کھڑے ہویٔے۔ اَور وہاں اُن کے بہت سے شاگرد جمع تھے اَور سارے یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ اَور صُورؔ اَور صیؔدا کے ساحِل کے علاقہ سے آنے وَالوں کا ایک بڑا ہُجوم بھی وہاں مَوجُود تھا، یہ لوگ حُضُور عیسیٰ کی تعلیم سُننے اَور اَپنی بیماریوں سے شفا پانے کے لیٔے آئےتھے۔ اَورجو لوگ بَدرُوحوں کی وجہ سے دُکھ اَور تکلیف میں مُبتلا تھے وہ بھی اَچھّے کر دئیے گیٔے، اَور سَب آپ کو چھُونے کی کوشش کرتے تھے، کیونکہ آپ میں سے قُوّت نکلتی تھی اَور سَب کو شفا عنایت کرتی تھی۔ حُضُور عیسیٰ نے اَپنے شاگردوں پر نظرڈالی، اَور فرمایا: ”مُبارک ہیں وہ جو دل کے حلیم ہیں، کیونکہ خُدا کی بادشاہی تمہاری ہے۔ مُبارک ہو تُم جو ابھی خُدا کے لیٔے بھُوکے ہو، کیونکہ تُم آسُودہ ہو گے۔ مُبارک ہو تُم جو ابھی روتے ہو، کیونکہ تُم ہنسوگے۔ مُبارک ہو تُم جَب لوگ تُم سے نَفرت رکھیں، جَب تُمہیں الگ کر دیں، اَور تمہاری بے عزّتی کریں، اَور تمہارے نام کو بُرا جان کر، اِبن آدمؔ کے سبب سے اِنکار کر دیں۔ ”اُس دِن تُم خُوش ہونا اَور جَشن منانا، کیونکہ تُمہیں آسمان پر بڑا اجر حاصل ہوگا۔ اِس لیٔے کہ اُن کے باپ دادا نے اُن نَبیوں کو بھی اِسی طرح ستایا تھا۔ ”مگر افسوس تُم پرجو دولتمند ہو، کیونکہ تُم اَپنی تسلّی پا چُکے ہو۔ افسوس تُم پرجو اَب سیر ہو، کیونکہ تُم بھُوک کے شِکار ہو گے۔ افسوس تُم پرجو اَب ہنستے ہو، کیونکہ تُم ماتم کرو گے اَور روؤگے۔ افسوس تُم پر جَب سَب لوگ تُمہیں بھلا کہیں، کیونکہ اُن کے باپ دادا بھی جھُوٹے نَبیوں کے ساتھ اَیسا ہی سلُوک کیا کرتے تھے۔ ”لیکن میں تُم سُننے وَالوں سے کہتا ہُوں: اَپنے دُشمنوں سے مَحَبّت رکھو، اَورجو تُم سے نَفرت رکھتے ہیں اُن کا بھلا کرو، جو تُم پر لعنت کریں اُن کے لیٔے برکت چاہو، جو تمہارے ساتھ بُرا سلُوک کرتے ہیں اُن کے لیٔے دعا کرو۔ اگر کویٔی تیرے ایک گال پر تھپّڑ مارے، تو دُوسرا بھی اُس کی طرف پھیر دے۔ اگر کویٔی تیرا چوغہ لے لیتا ہے تو، اُسے کُرتا لینے سے بھی مت روکو۔ جو تُم سے کُچھ مانگے اُسے ضروُر دو، اَور اگر کویٔی تیرا مال لے لیتا ہے تو اُس سے واپس مت مانگ۔ جَیسا تُم چاہتے ہو کہ لوگ تمہارے ساتھ کریں تُم بھی اُن کے ساتھ وَیسا ہی کرو۔ ”اگر تُم صِرف اُن ہی سے مَحَبّت رکھتے ہو جو تُم سے مَحَبّت رکھتے ہیں تو، تمہارا کیا اِحسَان ہے؟ کیونکہ گنہگار بھی اَپنے مَحَبّت کرنے وَالوں سے مَحَبّت کرتے ہیں۔ اَور اگر تُم اُن ہی کا بھلا کرتے ہو جو تمہارا بھلا کرتے ہیں، تو تمہارا کیا اِحسَان ہے؟ کیونکہ گنہگار بھی اَیسا ہی کرتے ہیں۔ اَور اگر تُم اُسی کو قرض دیتے جِس سے وصول کرلینے کی اُمّید ہے، تو تمہارا کیا اِحسَان ہے؟ کیونکہ گنہگار بھی گنہگاروں کو قرض دیتے ہیں تاکہ اُن سے پُورا وصول کر لیں۔ مگر تُم اَپنے دُشمنوں سے مَحَبّت رکھو، اُن کا بھلا کرو، قرض دو اَور اُس کے وصول پانے کی اُمّید نہ رکھو، تو تمہارا اجر بڑا ہوگا اَور تُم خُداتعالیٰ کے بیٹے ٹھہروگے کیونکہ وہ ناشُکروں اَور بدکاروں پر بھی مہربان ہے۔ جَیسا رحم دل تمہارا باپ ہے، تُم بھی وَیسا ہی رحم دل بنو۔ ”عیب جوئی نہ کرو، تو تمہاری بھی عیب جوئی نہ ہوگی۔ مُجرم نہ ٹھہراؤ تو تُم بھی مُجرم نہ ٹھہرائے جاؤگے۔ مُعاف کرو گے، تو تُم بھی مُعافی پاؤگے۔ دوگے، تو تُمہیں بھی دیا جائے گا۔ اَچھّا پیمانہ، دبا دبا کر، ہِلا ہِلا کر اَور لبریز کرکے تمہارے پَلّے میں ڈالا جائے گا کیونکہ جِس پیمانہ سے تُم ناپتے ہو، اُسی سے تمہارے لیٔے بھی ناپا جائے گا۔“ اُس نے اُن سے یہ تمثیل بھی کہی: ”کیا ایک اَندھا دُوسرے اَندھے کو راستہ دِکھا سَکتا ہے؟ کیا وہ دونوں گڑھے میں نہیں گِریں گے؟ کویٔی شاگرد اَپنے اُستاد سے بڑا نہیں ہوتا، لیکن جَب پُوری طرح تربّیت پایٔےگا تو اَپنے اُستاد کی مانِند ہو جائے گا۔ ”تُم اَپنے بھایٔی کی آنکھ کا تِنکا کیوں دیکھتے ہو جَب کہ تمہاری اَپنی آنکھ میں شہتیر ہے جِس کا تُم خیال تک نہیں کرتے؟ اَور جَب تیری اَپنی ہی آنکھ میں شہتیر ہے جسے تُو خُود نہیں دیکھ سَکتا تو کِس مُنہ سے اَپنے بھایٔی یا بہن سے کہہ سَکتا ہے لا، ’میں تیری آنکھ میں سے تِنکا نِکال دُوں،‘ اَے ریاکار! پہلے اَپنی آنکھ میں سے تو شہتیر نِکال، پھر اَپنے بھایٔی یا بہن کی آنکھ میں سے تنکے کو اَچھّی طرح دیکھ کر نکال سکے گا۔
پڑھیں لُوقا 6
سنیں لُوقا 6
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: لُوقا 17:6-42
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos