13
نحمیاہ کی آخِری اِصلاحات
1اُس دِن مَوشہ کی کِتاب تورہ بُلند آواز سے پڑھی گئی جو سَب کے سُنائی دے سکے اَور وہاں یہ لِکھّا ہُوا مِلا کہ کویٔی عمُّونی یا مُوآبی خُدا کی جماعت میں داخل نہ ہونے پایٔے، 2کیونکہ وہ کھانا اَور پانی لے کر اِسرائیلیوں سے مِلنے نہ آئے بَلکہ اُن پر لعنت کرنے کے لیٔے اُنہُوں نے بِلعاؔم کو اُجرت پر رکھ لیا۔ لیکن ہمارے خُدا نے اُس لعنت کو برکت میں بدل دیا۔ 3جَب لوگوں نے آئین کی یہ بات سُنی تو اُنہُوں نے مخصُوص نَسل کے تمام لوگوں کو اِسرائیل سے خارج کر دیا۔
4اِس سے پیشتر اِلیاشبؔ کاہِنؔ ہمارے خُدا کے گھر کے گوداموں کا نِگران تھا۔ اُس کا طُوبیاہؔ کے ساتھ بڑا نزدیکی تعلّق تھا۔ 5اَور اُس نے اُسے ایک بڑا کمرہ دے رکھا تھا جو کہ پہلے اناج کی نذروں، لوبان اَور ہیکل کی اَشیا، نیز لیویوں، موسیقاروں اَور دربانوں کے لیٔے مخصُوص دہ یکی، نیز نئی مے اَور زَیتُون کا تیل کاہِنوں کے لیٔے وقف کیا ہُوا مال رکھنے کے لیٔے اِستعمال ہوتا تھا۔
6لیکن جَب یہ سَب ہو رہاتھا تَب میں یروشلیمؔ میں نہ تھا کیونکہ مَیں ارتخشستاؔ شاہِ بابیل کے بتّیسویں سال میں بادشاہ کے پاس واپس گیا تھا۔ کچھ عرصہ بعد مَیں نے اُس سے اِجازت چاہی 7اَور واپس یروشلیمؔ آ گیا۔ یہاں مُجھے مَعلُوم ہُوا کہ طُوبیاہؔ کو خُدا کے گھر کے صحن میں کمرہ مُہیّا کرکے اِلیاشبؔ نے بڑی بُری حرکت کی ہے۔ 8مُجھے بہت غُصّہ آیا اَور مَیں نے طُوبیاہؔ کا تمام گھریلو سامان کمرے سے باہر پھینک دیا۔ 9اَور کمرے کو پاک صَاف کرنے کا حُکم دیا۔ تَب مَیں نے خُدا کے گھر کے ظروف، اناج کی نذروں اَور لوبان کو واپس وہاں رکھ دیا۔
10مُجھے یہ بھی مَعلُوم ہُوا کہ لیویوں کے مخصُوص حِصّے اُن کو نہیں دئیے گیٔے تھے اَور تمام لیوی اَور موسیقار جو ہیکل میں خدمت گزار تھے اَپنے اَپنے کھیتوں کو واپس چلے گیٔے ہیں۔ 11پس مَیں نے حاکموں کو ڈانٹا اَور اُن سے پُوچھا، ”خُدا کے گھر کو کیوں نظرانداز کیا گیا؟“ پھر مَیں نے لیویوں کو جمع کرکے بُلایا اَور اُنہیں اُن کی جگہوں پر مُقرّر کر دیا۔
12تمام اہلِ یہُوداہؔ اناج، نئی مَے اَور تیل اِن سَب اَشیا کا دسواں حِصّہ خزانوں میں لایٔے۔ 13اَور مَیں نے کاہِنؔ شلمیہؔ، صدُوقؔ محرِّر اَور ایک لیوی بنام پِدائیاہؔ کو خزانچی مُقرّر کیا اَور حاننؔ بِن زکُورؔ بِن متّنیاہؔ کو اُن کا مددگار بنایا کیونکہ یہ لوگ قابلِ اِعتماد سمجھے جاتے تھے۔ اَور یہ اُن کا کام تھا کہ وہ اَپنے ساتھی لیویوں کو اُن کے حِصّے تقسیم کریں۔
14اَے میرے خُدا، مُجھے اِس کا نیک اجر دینا اَورجو کچھ مَیں نے اَپنے خُدا کے گھر اَور اُن کے خادِموں کے لیٔے کیا ہے آپ کی نظر میں رہے۔
15اُن ہی دِنوں میں، مَیں نے دیکھا کہ یہُوداہؔ میں بعض لوگ سَبت کے دِن بھی انگور کُچلتے اَور اُن کا رس مے کے حوض سے نکالتے ہیں اَور اناج، مَے، انگور، اَنجیر اَور دیگر اَشیا کے بوجھ گدھوں پر لادتے ہیں۔ وہ یہ سَب کچھ سَبت کے دِن یروشلیمؔ میں لاتے ہیں۔ لہٰذا مَیں نے اُنہیں سخت تنبیہ کی کہ سَبت کے دِن اشیائے خُوردنی ہرگز فروخت نہ کی جایٔیں۔ 16صُورؔ کے لوگ جو یروشلیمؔ میں رہتے تھے وہ بھی مچھلی اَور ہر قِسم کا مالِ تِجارت یروشلیمؔ میں لاکر سَبت کے دِن یہُوداہؔ کے لوگوں کو فروخت کرتے تھے۔ 17مَیں نے یہُوداہؔ کے اُمرا کو ڈانٹا اَور اُنہیں کہا، ”تُم اَیسی بُری حرکت کیوں کرتے ہو جِس سے سَبت کی بےحُرمتی ہوتی ہے؟ 18یہی تمہارے آباؤاَجداد نے کیا جِس کے باعث ہمارے خُدا یہ تمام آفات ہم پر اَور اِس یروشلیمؔ شہر پر لائے۔ اَب تُم سَبت کی بےحُرمتی کرکے اِسرائیل پر پہلے سے بھی زِیادہ غضب لانے کا باعث بَن رہے ہو۔“
19اِس لئے جَب سَبت سے پیشتر یروشلیمؔ کے پھاٹکوں پر شام کا دھُندلکا چھانے لگا تو مَیں نے حُکم دیا کہ پھاٹک بند کر دئیے جایٔیں اَور جَب تک سَبت گزر نہ جائے اُنہیں کھولا نہ جائے۔ مَیں نے اَپنے کچھ آدمی پھاٹکوں پر مُقرّر کر دئیے تاکہ سَبت کے دِن کویٔی بھی بوجھ شہر کے اَندر نہ لایا جا سکے۔ 20سوداگروں اَور ہر قِسم کا سازوسامان فروخت کرنے والوں نے ایک یا دو دفعہ رات یروشلیمؔ کے باہر گزاری۔ 21لیکن مَیں نے اُنہیں تنبیہ کی اَور کہا، ”تُم رات فصیل کے پاس کیوں گزارتے ہو؟ اگر تُم پھر اَیسا کروگے تو مَیں تُمہیں گِرفتار کرلُوں گا۔“ اُس کے بعد وہ سَبت کے دِن پھر کبھی نہ آئے۔ 22تَب مَیں نے لیویوں کو حُکم دیا کہ جاؤ، اَور سَبت کے دِن کے تقدُّس کو قائِم رکھنے کے لیٔے پھاٹکوں کی نگہبانی کرو۔
اَے میرے خُدا! مُجھے اِس کا نیک اجر دینا اَور اَپنی لافانی مَحَبّت کے مُطابق مُجھ پر رحم کرنا۔
23اُن ہی دِنوں میں، مَیں نے یہُودیؔہ کے اُن مَردوں کو دیکھا جنہوں نے اشدُودؔ، عمُّون اَور مُوآب کی عورتوں سے شادیاں کی ہُوئی تھیں۔ 24اُن کے آدھے بچّے اشدُودؔ کی زبان یا دیگر اَقوام کی کویٔی زبان بولتے تھے لیکن یہُودی زبان میں بات نہیں کر سکتے تھے۔ 25مَیں نے اُنہیں ڈانٹ ڈپٹ کی اَور اُن پر لعنت کی۔ کچھ لوگوں کو مَیں نے مارا پِیٹا اَور اُن کے بال تک نوچ ڈالے۔ مَیں نے اُنہیں خُدا کے نام پر قَسم کھِلائی اَور کہا: ”تُم اُن کے بیٹوں کے ساتھ اَپنی بیٹیاں ہرگز نہیں بیاہوگے اَور نہ ہی اَپنا اَور اَپنے بیٹوں کا بیاہ اُن کی لڑکیوں سے کروگے۔ 26کیا شُلومونؔ شاہِ اِسرائیل کے گُناہ کرنے کا باعث اَیسی ہی شادیاں نہ تھیں؟ اگرچہ بہت سِی اَقوام میں اُس کی مانند کویٔی بادشاہ نہ تھا، اُس کے خُدا اُس سے مَحَبّت کرتے تھے اَور خُدا نے اُسے تمام اِسرائیل کا بادشاہ بنایا۔ تو بھی غَیریہُودی عورتوں نے اُسے گُناہ میں پھنسایا۔ 27کیا یہ ضروُری ہے کہ ہم تمہاری سُنیں کہ تُم بھی وُہی ہولناک بُرائی کرو اَور غَیریہُودی عورتوں سے شادیاں کرکے ہمارے خُدا کی بےوفائی کرو؟“
28اِلیاشبؔ اعلیٰ کاہِن کے بیٹے یُویدعؔ کے بیٹوں میں سے ایک سنبلّطؔ حُورونی کا داماد تھا اَور مَیں نے اُسے اَپنے پاس سے بھگا دیا۔
29اَے میرے خُدا! اُن کی اِس بدی کو یاد رکھنا کیونکہ اُنہُوں نے کہانت کو اَور کہانت اَور لیویوں کے عہد کو ناپاک کیا ہے۔
30پس مَیں نے کاہِنوں اَور لیویوں کو غَیر قوموں کی رسم و رِواج سے پاک کیا اَور ہیکل میں مُقرّرہ خدمات اَنجام دینے کے لیٔے اُن کی باریاں مُقرّر کر دیں۔ 31مَیں نے مُقرّرہ اوقات پر لکڑی کی رسد اَور پہلے پھلوں کی فراہمی کا بھی اِنتظام کر دیا۔
اَے میرے خُدا مُجھے اِس کا نیک اجر دینا۔