گِنتی 19
19
ناپاکی دُور کرنے کا پانی
1یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ سے کہا: 2”یَاہوِہ نے جِس آئین کا حُکم دیا ہے اُس کا تَقاضا یہ ہے: بنی اِسرائیل سے کہہ دو کہ وہ تمہارے پاس لال رنگ کی ایک بے عیب اَور بے داغ بچھیا لائیں جِس پر کبھی جُوا نہ رکھا گیا ہو۔ 3پھر تُم اُسے الیعزرؔ کاہِنؔ کو دے دو تاکہ اُسے چھاؤنی کے باہر لے جایا جائے اَور اُس کے سامنے ذبح کیا جائے۔ 4تَب الیعزرؔ کاہِنؔ اَپنی اُنگلی پر اُس کا کچھ خُون لے لیں اَور اُسے خیمہ اِجتماع کے سامنے کی طرف سات مرتبہ چھڑکنا۔ 5تَب اُس بچھیا کو اُس کی کھال، گوشت، خُون اَور انتڑیاں سمیت اُس کے سامنے جَلا دیا جائے۔ 6پھر کاہِنؔ دیودار کی کچھ لکڑی، زُوفا اَور سُرخ رنگ کا اُون لے کر اُس جلتی ہُوئی بچھیا کے اُوپر ڈال دیں۔ 7اُس کے بعد کاہِنؔ اَپنے کپڑے دھوئے اَور پانی سے غُسل کر لے۔ پھر وہ چھاؤنی میں چلے آئے لیکن شام تک وہ ناپاک رہے گا۔ 8اَورجو شخص اُسے جَلائے وہ بھی اَپنے کپڑے دھوئے اَور پانی سے غُسل کر لے اَور وہ بھی شام تک ناپاک رہے گا۔
9”پھر کویٔی پاک شخص اُس بچھیا کی راکھ بٹورے اَور اُسی چھاؤنی کے باہر کسی اَیسی جگہ رکھ چھوڑے جو رسماً پاک ہو۔ بنی اِسرائیل کی جماعت اُسے ناپاکی دُور کرنے کے پانی میں ڈالنے کے لیٔے رکھے۔ اِسے طہارت کے لیٔے اِستعمال کیا جائے۔ 10جو شخص اِس بچھیا کی راکھ کو بٹورے وہ بھی اَپنے کپڑے دھوئے۔ وہ بھی شام تک ناپاک رہے گا۔ یہ بنی اِسرائیل کے لیٔے اَور اُن کے درمیان رہنے والے پردیسیوں کے لیٔے بھی دائمی فرمان ہوگا۔
11”جو شخص کسی لاش کو چھُوئے وہ سات دِن تک ناپاک رہے گا۔ 12وہ شخص اَپنے آپ کو تیسرے دِن اَور ساتویں دِن پانی سے پاک کر لے۔ تَب وہ پاک ہو جائے گا۔ لیکن اگر وہ اَپنے آپ کو تیسرے اَور ساتویں دِن پاک نہ کرے تو وہ پاک نہ ہوگا۔ 13جو شخص کسی لاش کو چھُوتا ہے اَور اَپنے آپ کو پاک نہیں کر پاتا وہ یَاہوِہ کے خیمہ اِجتماع کو ناپاک کرتا ہے۔ وہ شخص اِسرائیل میں سے کاٹ ڈالا جائے۔ چونکہ ناپاکی دُور کرنے کا پانی اُس پر نہیں چھِڑکا گیا اِس لیٔے وہ ناپاک ہے۔ اُس کی ناپاکی قائِم رہے گی۔
14”جَب کویٔی شخص خیمہ میں مَر جائے تو اُس پر اِس آئین کا اِطلاق ہوگا: جو کویٔی اُس خیمہ میں داخل ہو یا جو کویٔی اُس میں رہتا ہو وہ سات دِن تک ناپاک رہے گا۔ 15اَور ہر ایک کھُلا برتن جِس پر کویٔی ڈھکنا نہ ہو ناپاک ٹھہرے گا۔
16”اَورجو کویٔی میدان میں کسی تلوار سے مارے گیٔے کو یا اُس شخص کو جو طبعی موت مَرا ہو یا اِنسان کی ہڈّی کو یا کسی قبر کو چھُوئے وہ سات دِن تک ناپاک رہے گا۔
17”ناپاک شخص کے لیٔے اُس جلی ہُوئی گُناہ کی قُربانی کی کچھ راکھ کسی مرتبان میں لے کر اُس پر تازہ پانی ڈال دو۔ 18تَب کویٔی آدمی جو رسماً پاک ہو زُوفا لے اَور اُسے اُس پانی میں ڈُبو کر اُس خیمہ پر اَور سَب سازوسامان پر اَور جتنے لوگ وہاں تھے اُن پر چھڑکے۔ اَور اُس شخص پر بھی چھڑکے جِس نے اِنسان کی ہڈّی کو یا قبر کو یا مقتول کو یا کسی اَیسے مُردے کو چھُوا ہو جو طبعی موت مَرا ہو۔ 19وہ پاک آدمی تیسرے اَور ساتویں دِن اُس ناپاک شخص پر چھڑکے اَور ساتویں دِن وہ اُسے پاک کر دیں، جِس شخص کو پاک کیا جا رہا ہو وہ اَپنے کپڑے دھوئے اَور پانی سے غُسل کرے تو وہ شام کو پاک ہو جائے گا۔ 20لیکن اگر کویٔی شخص ناپاک ہو اَور اَپنے آپ کو پاک نہ کر لے تو اُسے جماعت سے کاٹ ڈالا جائے کیونکہ اُس نے یَاہوِہ کے پاک مَقدِس کو ناپاک کیا ہے۔ طہارت کا پانی اُس پر چھِڑکا نہیں گیا اِس لیٔے وہ ناپاک ہے۔ 21یہ اُن کے لیٔے ایک دائمی فرمان ہو۔
”جو کویٔی طہارت کا پانی لے کر چھڑکے وہ بھی اَپنے کپڑے دھوئے اَورجو کویٔی طہارت کے پانی کو چھُوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 22ناپاک شخص جِس شَے کو بھی چھُوتا ہے وہ شَے ناپاک ہو جاتی ہے اَور وہ چھُونے والا بھی شام تک ناپاک رہے گا۔“
موجودہ انتخاب:
گِنتی 19: UCV
سرخی
شئیر
کاپی

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.