1
عبدیاہؔ کی رُویا
1عبدیاہؔ نبی کی رُویا۔
یَاہوِہ قادر اِدُوم کی بابت یُوں فرماتے ہیں،
ہم نے یَاہوِہ کی جانِب سے ایک پیغام سُنا ہے،
اَور اُن قوموں کے درمیان پیغام سُنانے کو ایک قاصِد روانہ کیا گیا ہے،
اُٹھو، آؤ ہم اِدُوم کے خِلاف جنگ کرنے کو چلیں۔
2دیکھو، اَب مَیں تُمہیں مُختلف قوموں کے درمیان چھوٹا بناؤں گا؛
تُم پُوری طرح سے ذلیل ہوگے۔
3تمہارے تکبُّر دِل نے تُمہیں فریب دیا ہے،
اَے چٹّانوں کے شگاف میں رہنے والے،
اَور بُلندیوں پر اَپنا مکان تعمیر کرنے والے،
تُم جو اَپنے دِل میں کہتے ہو،
کس میں اِتنی قُوّت ہے جو مُجھے نیچے زمین پر لا سکے؟
4یَاہوِہ فرماتے ہیں،
اگرچہ تُم عُقاب کی مانند بُلندی پر پرواز کرو
اَور سِتاروں پر اَپنا گھونسلہ تعمیر کرو،
تو بھی مَیں تُمہیں وہاں سے بھی نیچے اُتاروں گا۔
5اگر تمہارے گھر میں چور آ جایٔیں،
یا رات کو ڈاکُو آ جایٔیں،
تو کیا وہ جِتنا چاہتے،
اُتنا مال لُوٹ کر نہ لے جائیں گے؟
اگر انگور توڑنے والے تمہارے پاس آتے،
تو کیا وہ کچھ انگور چھوڑ نہ جاتے؟
6لیکن عیسَوؔ کو اِس قدر لُوٹا جائے گا،
کہ لوگ اُس کے پوشیدہ خزانے ڈھونڈ لیں گے۔
7اَور تمہارے سارے حمایتی تُمہیں سرحد تک کھدیڑ دیں گے؛
تمہارے دوست تُم سے دغا کریں گے اَور تُمہیں اَپنے قبضے میں کر لیں گے؛
جو تمہاری روٹی کھاتے ہیں وُہی تمہارے لئے جال بچھائیں گے،
لیکن تُمہیں اِس کا پتہ بھی نہ چلے گا۔
8یَاہوِہ اعلان کرتے ہیں،
اُس دِن، کیا مَیں اِدُوم کے عقلمندوں
اَور عیسَوؔ کے پہاڑی صاحبِ فہم باشِندوں کو تباہ نہ کروں گا؟
9اَے تیمانؔ، تمہارے بہادر خوفزدہ ہوں گے،
اَور عیسَوؔ کا ہر پہاڑی باشِندہ
ہلاک کر دیا جائے گا۔
10اَے عیسَوؔ، اُس ظُلم کے سبب سے جو تُونے اَپنے بھایٔی یعقوب پر کیا تھا،
تُو بہت شرمندہ ہوگا؛
اَور ہمیشہ کے لیٔے تباہ ہو جائے گا۔
11جِس دِن پردیسی لوگ اُن کے شہروں میں داخل ہُوئے،
اُس دِن تُم دُور کھڑے ہُوئے سَب دیکھ رہے تھے،
وہ اُس کی دولت لُوٹ کر لے گیٔے،
اَور یروشلیمؔ کو ہڑپنے کے لیٔے قُرعے ڈالے،
تو اُس وقت تُم بھی اُس کے دُشمنوں کی مانند سلُوک کر رہے تھے۔
12تمہارے لئے یہ مُناسب نہیں تھا کہ تُم اَپنے بھائیوں کے مُصیبت کے دِنوں میں
خاموشی سے کھڑے ہوکر دیکھتے رہتے،
اَور بنی یہُوداہؔ کی ہلاکت کے دِن شادمان ہوتا،
اَور اُن کی مُصیبت کے دِنوں میں شیخی مارتا۔
13تُمہیں مُناسب نہ تھا کہ تُم میرے لوگوں کی مُصیبت کے دِنوں میں،
اُن کے پھاٹکوں میں گھُستے،
اَور اُن کی تباہی کے دِن
خاموش رہ کر دُور کھڑا ہوکر تماشا دیکھتے رہتے،
اَور اُن کی تباہی کے دِن
اُن کا مال لُوٹتے۔
14تمہارے لئے یہ مُناسب نہ تھا کہ اَپنی جان بچا کر فرار ہونے والوں کا
سَر قلم کرنے کو چوراہوں پر کھڑے ہوتے،
اَور اُن کی مُصیبت کے دِنوں میں
زندہ بچے ہوؤں کو اُن کے دُشمنوں کے حوالہ کرتے۔
15کیونکہ سَب قوموں کے واسطے،
یَاہوِہ کا مُقرّر دِن نزدیک ہے،
جَیسا تُم نے کیا ہے وَیسا ہی تمہارے ساتھ بھی کیا جائے گا؛
تمہارا کیا ہُوا تمہارے ہی سَر پر آئے گا۔
16جِس طرح تُم نے میرے مُقدّس پہاڑ پر وہ پیالہ پیا،
اُسی طرح سَب قومیں مُتواتر پیئیں گی؛
وہ پیتی رہیں گی
اَور اَیسی ہو جائیں گی گویا کبھی وُجُود میں ہی نہیں تھیں۔
17لیکن رِہائی کوہِ صِیّونؔ پر مَوجُود ہوگی؛
اَور وہ مُقدّس مقام ہوگا،
اَور بنی یعقوب اَپنی مِیراث پر قابض ہوں گے۔
18بنی یعقوب آگ کی مانند
اَور بنی یُوسیفؔ شُعلہ کی مانند ہوں گے؛
اَور بنی عیسَوؔ بچے ہُوئے بھُوسے کی مانند ہوں گے،
جنہیں وہ آگ میں جَلا کر ہلاک کر دیں گے۔
اَور بنی عیسَوؔ کے نَسل میں سے
کویٔی بھی باقی نہ بچے گا۔
کیونکہ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
19اَور نِیگیوؔ کے باشِندوں کا
عیسَوؔ کے پہاڑ پر کا اِختیار ہو جائے گا،
اَور میدان کے باشِندے
فلسطین مُلک کے مالک ہوں گے۔
وہ اِفرائیمؔ اَور سامریہؔ کے کھیتوں پر قابض ہوں جائیں گے،
اَور بِنیامین گِلعادؔ پر قابض ہو جائے گا۔
20اَور بنی اِسرائیل کے سَب جَلاوطن لوگ
جو کنعانؔ میں صارفت تک ہیں
اَور یروشلیمؔ کے وہ جَلاوطن جو سفارادؔ میں ہیں
وہ نِیگیوؔ کے شہروں پر قابض ہو جائیں گے۔
21اَور رِہائی دینے والے کوہِ صِیّونؔ پر چڑھیں گے
تاکہ عیسَوؔ کے پہاڑ پر حُکمرانی کریں۔
اَور سلطنت یَاہوِہ کی ہو جائے گی۔