9
بنی اِسرائیل کا ہلاک کیاجانا
1مَیں نے خُداوؔند کو مذبح کے پاس کھڑے دیکھا، اَور اُنہُوں نے فرمایا،
سُتونوں کے سَر پر اَیسا مارو
کہ دہلیز ہِل جایٔیں۔
اَور اُن کو سَب لوگوں کے سَروں پر گرا دو؛
اَورجو باقی بچیں گے، اُنہیں مَیں تلوار سے قتل کروں گا۔
اُن میں سے ایک بھی بھاگ نہ سکےگا
اَورجو بچنے کی کوشش کرےگا وہ بھی بچ نہ پایٔےگا۔
2اگر وہ (پاتال) کی گہرائی میں بھی چلے جایٔیں،
تو میرا ہاتھ اُنہیں وہاں سے کھینچ نکالے گا۔
اگر وہ آسمان پر چڑھ جایٔیں،
تو مَیں وہاں سے بھی اُن کو اُتار لاؤں گا اَور پکڑ لُوں گا۔
3اگر وہ کوہِ کرمِلؔ کی چوٹی پر جا چھپیں،
تو بھی مَیں اُن کو وہاں سے ڈھونڈ کر پکڑ لُوں گا۔
اگرچہ وہ سمُندر کی تہہ میں چھُپ جائیں،
تو وہاں مَیں سانپ کو اُنہیں ڈسنے کا حُکم دُوں گا۔
4اگر اُن کے دُشمن اُن کو اسیر کرکے لے جایٔیں،
تو مَیں وہاں تلوار کو حُکم دُوں گا کہ اُنہیں قتل کرے۔
مَیں اُن کی بھلائی کے لیٔے نہیں
بَلکہ اُن کی بُرائی کے لیٔے اُن پر نگاہ رکھوں گا۔
5خُداوؔند، قادرمُطلق یَاہوِہ،
جو زمین کو چھُوتے ہیں تو وہ پگھل جاتی ہے،
اَور اُن کے سَب باشِندے ماتم کرتے ہیں؛
سارا مُلک دریائے نیل کی مانند اُفان مارتا ہے،
اَور پھر دریائے مِصر کی مانند پُرسکون ہو جاتا ہے۔
6خُدا آسمان پر اَپنے بالاخانے تعمیر کرتے ہیں،
اَور اُنہُوں نے زمین پر اَپنے گُنبَد کی بُنیاد رکھی ہے،
جو سمُندر کے پانی کو بُلاتے ہیں
اَور رُوئے زمین پر بارش کرتے ہیں۔
اُن کا نام یَاہوِہ ہے۔
7اَے بنی اِسرائیل،
کیا تُم میرے لیٔے اہلِ کُوشؔ کی مانند نہیں ہو؟
یَاہوِہ اعلان کرتے ہیں،
کیا مَیں بنی اِسرائیل کو مُلک مِصر سے،
فلسطینیوں کو مُلک کفتُور سے،
اَور ارامیوں کو مُلک قیرؔ سے باہر نہیں نکال لایا ہُوں؟
8یقیناً یَاہوِہ قادر کی آنکھیں
اُن گُنہگار مُلکوں پر لگی ہُوئیں ہیں۔
یَاہوِہ فرماتے ہیں،
مَیں اُنہیں رُوئے زمین سے
نِیست و نابود کر دُوں گا۔
مگر بنی یعقوب کو پُوری طرح
نِیست و نابود نہیں کروں گا۔
9کیونکہ مَیں حُکم دُوں گا،
اَور مَیں سَب قوموں کے درمیان
بنی اِسرائیل کو اَیسا جھاڑوں گا
گویا کسی چھلنی میں اناج کو چھانا جاتا ہے،
اَور ایک دانہ بھی زمین پر نہیں گرتا ہے۔
10میرے لوگوں کے درمیان سے تمام گُنہگار
جو یہ کہتے ہیں،
نہ تو ہمارے اُوپر کوئی آفت آئے گی اَور نہ ہی آفت سے ہمارا سامنا ہوگا،
وہ سَب کے سَب تلوار سے ہلاک کئے جایٔیں گے۔
بنی اِسرائیل کی بحالی
11اُس دِن
مَیں داویؔد کے گِرے ہُوئے خیمہ کو کھڑا کروں گا۔
اَور اُس کی تمام ٹُوٹی دیواروں کی مرمّت کروں گا،
اَور اُس کے کھنڈروں کو
پھر سے پہلے جَیسا تعمیر کروں گا۔
12تاکہ وہ اِدُوم کے بچے ہُوئے لوگوں کو،
اَور اُن سَب غَیریہُودی قوموں کو اَپنے قبضے میں کر لے جو میری ہیں،
یہ اُن ہی یَاہوِہ کا اعلان ہے جو یہ سَب کام کرنے والے ہیں۔
13یَاہوِہ فرماتے ہیں، اَیسے دِن آ رہے ہیں،
جَب ہل جوتنے والا فصل کاٹنے والے سے
اَور انگور روندنے والا، پَودا لگانے والے سے آگے نکل جائے گا۔
اَور پہاڑوں سے نئی مَے ٹپکے گی
اَور ساری پہاڑیوں سے بہہ جائے گا۔
14اَور مَیں اَپنی قوم بنی اِسرائیل کو اسیری سے واپس لَوٹا لاؤں گا۔
وہ اُجڑے شہروں کو تعمیر کرکے اُن میں سکونت کریں گے۔
وہ تاکستان لگائیں گے اَور اُن کی مَے پیئیں گے؛
وہ باغ لگائیں گے اَور اُن کے پھل کھایٔیں گے۔
15مَیں بنی اِسرائیل کو اُنہیں کے مُلک میں قائِم کروں گا،
اَور وہ پھر کبھی اَپنے وطن سے جو مَیں نے اُنہیں بخشا ہے
نکالے نہ جایٔیں گے،
یہی یَاہوِہ تمہارے خُدا کا فرمان ہے۔