YouVersion Logo
تلاش

زبُور 102

102
زبُور 102
مُصیبت زدہ کی دعا۔ جَب وہ اَفسُردہ ہوکر یَاہوِہ کے سامنے آہ و زاری کرتا ہے۔
1اَے یَاہوِہ، میری دعا سُنیں؛
میری فریاد آپ تک پہُنچے۔
2میری مُصیبت کے وقت
اَپنا مُنہ مُجھ سے نہ چھُپائیں۔
میری طرف متوجّہ ہوں؛
اَور اَپنا کان میری طرف لگائیں؛ مُجھے جلد جَواب دیں۔
3کیونکہ میری زندگی کے دِن دھوئیں کی مانند اُڑے جاتے ہیں؛
اَور میری ہڈّیاں دہکتے ہُوئے اَنگاروں کی مانند جَل رہی ہیں۔
4میرا دِل جھُلس کر گھاس کی مانند سُوکھ گیا ہے؛
اَور مَیں اَپنی روٹی کھانا بھی بھُول جاتا ہُوں۔
5زور زور سے کراہنے کی وجہ سے
میری ہڈّیاں کھال سے چپک کر رہ گئیں۔
6مَیں بیابان کے اُلّو کی مانند ہُوں،
اَیسے اُلّو کی مانند جو کھنڈروں میں پایا جاتا ہے۔
7مَیں پڑا جاگتا رہتا ہُوں؛
اُس چڑیا کی مانند جو چھت پر تنہا ہو،
8دِن بھر میرے دُشمن مُجھے ملامت کرتے ہیں؛
اَور میری مُخالفت کرنے والے میرا نام لے کر لعنت کرتے ہیں۔
9کیونکہ راکھ میری غِذا بَن چُکی ہے
اَور میرے پینے کی چیز میں میرے آنسُو ملے ہوتے ہیں۔
10یہ آپ کے سخت غضب کی وجہ سے ہُوا،
کیونکہ آپ نے مُجھے سرفراز کرکے زمین پر پٹک دیا ہے۔
11میری زندگی کے دِن ڈھلنے والے سایہ کی مانند ہیں؛
میں گھاس کی طرح مُرجھا کر رہ گیا ہُوں۔
12لیکن آپ اَے یَاہوِہ، اَبد تک تخت نشین رہیں گے؛
اَور آپ کی عظمت پُشت در پُشت قائِم رہے گی۔
13آپ اُٹھیں گے اَور صِیّونؔ پر رحم کریں گے،
یہ وہ وقت ہے کہ آپ اُس پر ترس کھایٔیں،
کیونکہ مُعیّن وقت آ چُکاہے۔
14کیونکہ اُس کے پتّھر آپ کے بندوں کو عزیز ہیں؛
اَور اُس کی خاک پر بھی اُنہیں ترس آتا ہے۔
15قومیں یَاہوِہ کے نام سے خوف کھایٔیں گی،
اَور زمین کے سَب بادشاہ آپ کے جلال کی تعظیم کریں گے۔
16کیونکہ یَاہوِہ صِیّونؔ کو دوبارہ تعمیر کریں گے
اَور اَپنے جلال میں ظاہر ہوں گے۔
17وہ بےکسوں کی دعا کا جَواب دیں گے؛
اَور اُن کی عرض کو حقیر نہ جانیں گے۔
18یہ آئندہ پُشت کے لیٔے لِکھّا جائے،
کہ ایک قوم جو ابھی وُجُود میں نہیں آئی، یَاہوِہ کی سِتائش کرےگی:
19”یَاہوِہ نے اَپنے بُلند پاک مَقدِس سے نیچے نگاہ کی،
آسمان سے اُنہُوں نے زمین پر نظر ڈالی،
20تاکہ اسیروں کا کراہنا سُنیں
اَور اُنہیں چھُڑا لیں جنہیں سزائے موت سُنایٔی گئی ہے۔“
21چنانچہ صِیّونؔ میں یَاہوِہ کے نام کا ذِکر ہوگا
اَور یروشلیمؔ میں اُن کی تعریف ہوگی
22جَب مُختلف قومیں اَور مملکتیں
یَاہوِہ کی عبادت کے لیٔے جمع ہوں گی۔
23میرے جیتے جی یَاہوِہ نے میری قُوّت توڑ دی؛
اَور میری عمر گھٹا دی۔
24اِس لیٔے مَیں نے کہا:
”اَے میرے خُدا! مُجھے آدھی عمر میں نہ اُٹھائیں؛
آپ کے بَرس پُشت در پُشت چلتے رہتے ہیں۔
25آپ نے اِبتدا میں زمین کی بُنیاد رکھی،
اَور آسمان آپ کے ہی ہاتھوں کی کاریگری ہے۔
26زمین اَور آسمان نِیست ہو جایٔیں گے مگر آپ قائِم رہیں گے؛
وہ سَب پوشاک کی مانند پُرانے ہو جایٔیں گے۔
آپ اُنہیں پوشاک کی مانند لپیٹیں گے
اَور وہ پوشاک کی طرح بدل دئیے جایٔیں گے۔
27لیکن یَاہوِہ ہمیشہ سے لاتبدیل ہیں،
اَور یَاہوِہ کی زندگی کے سال کبھی ختم نہ ہوں گے۔
28آپ کے بندوں کی اَولاد آپ کی حُضُوری میں زندگی بسر کرےگی؛
اَور اُن کی نَسل آپ کے سامنے قائِم رہے گی۔“

موجودہ انتخاب:

زبُور 102: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in