زبُور 104
104
زبُور 104
1اَے میری جان، یَاہوِہ کی سِتائش کر۔
اَے یَاہوِہ، میرے خُدا! آپ نہایت عظیم ہیں؛
آپ شان و شوکت سے مُلبّس ہیں۔
2یَاہوِہ نے اَپنے آپ کو رَوشنی سے پوشاک کی طرح لپیٹ رکھا ہے؛
وہ آسمان کو سائبان کی طرح تانتے ہیں۔
3وہ اُن کے پانی پر اَپنے بالاخانہ کے شہتیر ٹکاتے ہیں۔
اَور بادلوں کو اَپنا رتھ بناتے ہیں
اَور ہَوا کے بازوؤں پر سوار ہوتے ہیں۔
4آپ ہَواؤں کو اَپنا قاصِد،
اَور اَپنے خادِموں کو گویا آگ کے شُعلوں کی مانند بناتے ہیں۔#104:4 عِبر 1:7
5اُنہُوں نے زمین کو اُس کی بُنیادوں پر قائِم کیا،
جو اَپنے مقام سے کبھی ہٹائی نہیں جا سکتی۔
6آپ نے اُسے گہرے سمُندر سے پوشاک کی طرح ڈھانپ دیا؛
اَور پانی پہاڑوں سے بھی بُلند تر تھا۔
7لیکن آپ کی ڈانٹ سے پانی بھاگ گیا،
آپ کی گرج کی آواز سے وہ رفو چکّر ہو گیا؛
8پانی پہاڑوں پر سے بہتا ہُوا،
نیچے وادیوں میں اُتر گیا،
اَور اُس مقام تک جو آپ نے اُس کے لیٔے مُقرّر کیا تھا۔
9آپ نے حَد باندھ دی جِس سے پانی آگے نہ بڑھے؛
اَور پھر کبھی وہ زمین کو ڈھانپنے نہ پایٔے۔
10آپ ہی نالوں کو چشموں سے پانی پہُنچاتے ہیں
وہ پہاڑوں کے درمیان بہتے ہیں۔
11وہ میدان کے سَب جانوروں کو پانی مہیا کرتے ہیں؛
اَور گورخر بھی اَپنی پیاس بُجھا لیتے ہیں۔
12ہَوا کے پرندے پانی کے آس پاس گھونسلے بناتے ہیں؛
اَور ڈالیوں پر چہچہاتے ہیں۔
13یَاہوِہ اَپنے بالا خانوں سے پہاڑوں کو سیراب کرتے ہیں؛
اَور آپ ہی کی صنعتوں کے پھل سے زمین آسُودہ ہے۔
14وہ مویشیوں کے لیٔے گھاس اُگاتے ہیں،
اَور اِنسان خُوراک کے لیٔے کاشتکاری کی غرض سے پَودے۔
تاکہ زمین میں سے اشیائے خوردنی پیدا ہو:
15اَور انگوری شِیرہ جو اِنسان کے دِل کو خُوش کرتا ہے،
اَور روغن جو اِنسان کے چہرہ کو چمکاتا ہے،
اَور روٹی جو اِنسان کے دِل کو تقویّت پہُنچاتی ہے۔
16یَاہوِہ کے درخت شاداب رہتے ہیں،
یعنی لبانونؔ کے دیودار جو یَاہوِہ نے لگائے۔
17وہاں پرندے اَپنے گھونسلے بناتے ہیں؛
صنوبر کے درختوں پر لق لق#104:17 لق لق یعنی سارس بسیرا کرتا ہے۔
18اُونچے پہاڑ جنگلی بکروں کے لیٔے ہیں؛
اَور چٹّانیں سافانوں کے پناہ گاہ ہیں۔
19چاند موسموں میں اِمتیاز کرنے کا نِشان ہے،
اَور سُورج اَپنے غروب ہونے کا وقت جانتا ہے۔
20آپ تاریکی لے آتے ہیں تو وہ رات بَن جاتی ہے،
اَور جنگل کے سَب جانور گھُومنے پھرنے لگتے ہیں۔
21شیرببر اَپنے شِکار کے لیٔے گرجتے ہیں
اَور خُدا سے اَپنی خُوراک طلب کرتے ہیں۔
22سُورج طُلوع ہوتے ہی شیرببر دبے پاؤں چلے جاتے ہیں؛
اَور اَپنی ماندوں میں پڑے رہتے ہیں۔
23تَب اِنسان اَپنے کام پر نکل پڑتے ہیں،
اَور شام تک محنت کرتے رہتے ہیں۔
24اَے یَاہوِہ! آپ کی صنعتیں بے شُمار ہیں!
آپ نے اُن سَب کو حِکمت سے بنایا؛
زمین آپ کی مخلُوقات سے معموُر ہے۔
25سمُندر کو دیکھو کس قدر عظیم اَور وسیع ہے،
جو لاتعداد رینگنے والے جانداروں سے بھرا ہُواہے۔
جِن میں چُھوٹے اَور بڑے سبھی جانور شامل ہیں۔
26اُس میں جہاز بھی چلتے ہیں،
اَور لِویاتان بھی، جسے آپ نے اُس میں کھیلنے کے لیٔے بنایا۔
27اِن سَب کو آپ کا ہی آسرا رہتاہے
کہ آپ اُنہیں مُناسب وقت پر خُوراک بہم پہُنچائیں۔
28جَب آپ اُنہیں فراہم کرتے ہیں،
تو وہ اُسے جمع کرتے ہیں؛
جَب آپ اَپنی مُٹّھی کھولتے ہیں،
تو وہ اَچھّی چیزوں سے سیر ہوتے ہیں۔
29جَب آپ اَپنا چہرہ چھُپا لیتے ہیں،
تو وہ پریشان ہو جاتے ہیں؛
اَور جَب آپ اُن کا دَم روک دیتے ہیں،
تو وہ مَر جاتے ہیں اَور خاک میں مِل جاتے ہیں۔
30جَب آپ اَپنی رُوح#104:30 رُوح سانس بھیجتے ہیں،
تو وہ پیدا ہوتے ہیں،
اَور آپ رُوئے زمین کو نیا بنا دیتے ہیں۔
31یَاہوِہ کا جلال اَبد تک قائِم رہے؛
یَاہوِہ اَپنے کاموں سے خُوش ہو۔
32وہ زمین کی طرف دیکھتے ہیں تو وہ کانپ جاتی ہے،
اَور پہاڑوں کو چھُوتے ہیں تو اُن میں سے دُھواں نکلنے لگتا ہے۔
33میں عمر بھر یَاہوِہ کے لیٔے نغمہ گاتا رہُوں گا؛
اَور جَب تک جیتا رہُوں گا، میں اَپنے خُدا کی مدح سرائی کروں گا۔
34میرا مُراقبہ بھی اُن کو پسند آئے،
کیونکہ یَاہوِہ ہی میری خُوشی کا ذریعہ ہیں۔
35گُنہگار رُوئے زمین پر سے مِٹ جایٔیں،
اَور بدکار لوگ باقی نہ رہیں۔
میری جان، یَاہوِہ کو مُبارک کہہ۔
یَاہوِہ کی حَمد کرو۔
موجودہ انتخاب:
زبُور 104: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.