37
زبُور 37
داویؔد کا زبُور۔
1بدکرداروں کے باعث پریشان نہ ہو،
اَور خطاکاروں پر رشک نہ کرو۔
2کیونکہ وہ گھاس کی مانند جلد مُرجھا جایٔیں گے،
اَور سبز پَودوں کی طرح جلد پژمردہ ہو جایٔیں گے۔
3یَاہوِہ پر بھروسا رکھ اَور نیکی کرو؛
مُلک میں آباد رہ اَور محفوظ چراگاہ کا لُطف اُٹھا۔
4یَاہوِہ میں مسرُور رہ
اَور وہ تمہاری دِلی مُرادیں پُوری کریں گے۔
5اَپنی راہ یَاہوِہ کے سُپرد کرو؛
اُن پر توکّل رکھ اَور وُہی سَب کچھ پُورا کریں گے:
6وہ تمہاری راستبازی کو سحر کی طرح،
اَور تمہارے حق و اِنصاف کو دوپہر کی دھوپ کی مانند رَوشن کریں گے۔
7یَاہوِہ کے سامنے خاموشی سے کھڑے رہو اَور صبر سے اُن کی آس رکھیں؛
جَب لوگ اَپنی روِشوں میں کامیاب ہُوں،
اَور اَپنے بُرے منصُوبے پایۂ تکمیل تک پہُنچائیں،
تَب آپ پریشان نہ ہوں۔
8قہر سے باز آؤ اَور غضب کو چھوڑ دو؛
بے زار نہ ہو ورنہ آپ سے بدی سرزد ہوگی۔
9بدکردار تو کاٹ ڈالے جایٔیں گے،
لیکن جِن کا توکّل یَاہوِہ پر ہے وہ زمین کے وارِث ہوں گے۔
10کچھ ہی دیر باقی ہے، پھر بدکار باقی نہ رہیں گے؛
تُم اُنہیں تلاش کروگے تو بھی اُنہیں نہ پاؤگے۔
11لیکن حلیم مُلک کے وارِث ہوں گے
اَور خُوب خُوشحالی اَور اِطمینان سے رہیں گے۔
12بدکار لوگ راستبازوں کے خِلاف سازش کرتے ہیں
اَور اُن پر دانت پیستے ہیں؛
13لیکن خُداوؔند بدکار لوگوں پر ہنستے ہیں،
کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اُن کی بربادی کا دِن (یعنی عدالت کا دِن) آ رہاہے۔
14بدکار لوگ تلوار کھینچتے
اَور کمان کو خم کرتے ہیں
تاکہ غریبوں اَور مُحتاجوں کو گرا دیں،
اَور سیدھی راہ پر چلنے والوں کو قتل کر دیں۔
15لیکن اُن کی تلواریں اُن ہی کے دِلوں کو چھیدیں گی،
اَور اُن کی کمانیں توڑ دی جایٔیں گی۔
16راستبازوں کی تھوڑی سِی پُونجی
بدکاروں کی بہت سِی دولت سے بہتر ہے؛
17کیونکہ بدکاروں کی قُوّت توڑ دی جائے گی،
لیکن یَاہوِہ راستبازوں کو سنبھالتا ہے۔
18یَاہوِہ کامل لوگوں کی زندگی کے ایّام کو جانتے ہیں،
اُن کی مِیراث ہمیشہ تک قائِم رہے گی۔
19وہ آفت کے وقت مُرجھائیں گے نہیں؛
وہ قحط کے دِنوں میں بھی آسُودہ رہیں گے۔
20لیکن بدکار نِیست و نابود ہو جایٔیں گے:
یَاہوِہ کے دُشمن کھیتوں کی شادابی کی مانند ہوں گے،
وہ دھوئیں جَیسے دفعتاً غائب ہو جایٔیں گے۔
21بدکار قرض لیتے ہیں لیکن اَدا نہیں کرتے،
لیکن راستباز فیّاضی سے دیتے ہیں؛
22جنہیں یَاہوِہ برکت دیں گے وہ مُلک کے وارِث ہوں گے،
لیکن جِن پر وہ لعنت کریں گے وہ ہلاک کر دیئے جایٔیں گے۔
23اگر یَاہوِہ کسی اِنسان کی روِش سے خُوش ہوتے ہیں،
تو اُسے ثابت قدم رکھتے ہیں؛
24اگر وہ ٹھوکر بھی کھائے تو گرتا نہیں،
کیونکہ یَاہوِہ اُسے اَپنے ہاتھ سے تھامے رہتے ہیں۔
25میں جَوان تھا لیکن اَب ضعیف ہو چُکا ہُوں،
تو بھی مَیں نے راستبازوں کو بے یارومددگار
اَور اُن کی اَولاد کو بھیک مانگتے ہُوئے نہیں دیکھا۔
26دیندار لوگ ہمیشہ فیّاضی سے پیش آتے ہیں اَور فراخدلی سے قرض دیتے ہیں،
اَور اُن کی اَولاد برکت پایٔے گی۔
27بدی سے باز رہو اَور نیکی کرو؛
تَب تُم مُلک میں ہمیشہ آباد رہوگے۔
28کیونکہ یَاہوِہ صادقوں کی پسندوں کو عزیز رکھتے ہیں
اَور وہ اَپنے وفادار بندوں کو ترک نہیں کریں گے۔
اُن کی ہمیشہ حِفاظت کی جائے گی،
لیکن بدکار لوگوں#37:28 بدکار لوگوں بدکار ہمیشہ کے لیٔے نکال دئیے جاتے ہیں۔ کی اَولاد کاٹ ڈالی جائے گی؛
29راستباز مُلک کے وارِث ہوں گے
اَور اُس میں ہمیشہ بسے رہیں گے۔
30راستباز کے مُنہ سے دانائی کی باتیں نکلتی ہیں،
اَور اُس کی زبان اِنصاف کی بولی بولتی ہے۔
31اُس کے خُدا کے آئین اُس کے دِل میں ہے؛
اَور اُس کے پاؤں نہیں پھسلتے۔
32بدکار راستبازوں کی تاک میں رہتے ہیں،
اَور اُن کی جان کے درپے ہوتے ہیں؛
33یَاہوِہ اُنہیں بُرے لوگوں کے ہاتھ میں نہیں چھوڑیں گے
اَور جَب وہ عدالت میں پیش ہوں گے تو اُنہیں مُجرم نہیں ٹھہرائیں گے۔
34یَاہوِہ کی آس رکھو
اَور اُس کی راہ پر چلتے رہو۔
وہ تُمہیں سرفراز کریں گے تاکہ تُم زمین کا وارِث بنو؛
جَب بدکار کاٹ ڈالے جایٔیں گے تو تُم اَپنی آنکھوں سے دیکھوگے۔
35مَیں نے ایک بدکار اَور سنگدل اِنسان کو اَیسے بڑے اقتدار میں دیکھا
جَیسے کویٔی سرسبز درخت اَپنی اصلی زمین میں پھلتا پھُولتا ہے،
36لیکن جلد ہی جاتا رہا اَور باقی نہ رہا؛
مَیں نے اُسے تلاش کیا لیکن وہ مِلا ہی نہیں۔
37مَرد کامل پر نگاہ کرو، راستباز کو دیکھو؛
اَمن پرست شخص کا مُستقبِل رَوشن ہوتاہے۔#37:37 یَشع 32:17
38لیکن سَب گُنہگار ہلاک کر دئیے جایٔیں گے؛
بدکار لوگوں کی نَسل کاٹ ڈالی جائے گی۔
39راستبازوں کی نَجات یَاہوِہ کی طرف سے ہے؛
مُصیبت کے وقت وہ اُن کا محکم قلعہ ہیں۔
40یَاہوِہ اُن کی مدد کرتے اَور اُنہیں رِہائی بخشتے ہیں؛
وہ اُنہیں بدکاروں سے چُھڑاتے اَور بچا لیتے ہیں،
کیونکہ وہ لوگ اُن میں پناہ لیتے ہیں۔