زبُور 49
49
زبُور 49
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ بنی قورحؔ کی تصنیف ایک زبُور۔
1اَے سَب اُمّتو! یہ سُنو؛
اَے اِس جہاں کے سَب باشِندو! کان لگاؤ،
2کیا ادنیٰ کیا اعلیٰ،
کیا اَمیر، کیا فقیر اِنسان:
3میرے مُنہ سے حِکمت کا کلام نکلے گا؛
اَور میرے دِل کا اِظہار خِرد کا سرچشمہ ہوگا۔
4میں تمثیل کی طرف اَپنا کان لگاؤں گا؛
اَور اَپنا مُعمّہ بربط پر بَیان کروں گا:
5جَب بُرے دِن آئیں تو میں کیوں خوفزدہ ہوؤں،
اَور اَیسے بدکار لوگ دغاباز مُجھے گھیر لیں۔
6جِن کا بھروسا اَپنی دولت پر ہے
اَورجو اَپنے مال و زَر کی کثرت پر فخر کرتے ہیں؟
7کویٔی شخص کسی دُوسرے کی جان کا مُعاوضہ نہیں دے سَکتا
نہ خُدا کو اُس کا فدیہ اَدا کر سَکتا ہے۔
8کیونکہ جان کا فدیہ بیش قیمتی ہے،
کویٔی مُعاوضہ کبھی بھی کافی نہیں ہوتا۔
9تاکہ وہ اَبد تک جیتا رہے
اَور قبر میں نہ سڑے۔
10کیونکہ سَب لوگ دیکھتے ہیں کہ اہلِ حِکمت بھی مَر جاتے ہیں؛
احمق اَور جاہل دونوں ہلاک ہو جاتے ہیں،
اَور اَپنی دولت دُوسروں کے لیٔے چھوڑ جاتے ہیں۔
11اُن کی قبریں ہی اَبد تک اُن کے گھر،
اَور پُشت در پُشت اُن کی قِیام گاہیں بنی رہیں گی،
حالانکہ اُنہُوں نے مُلکوں کو اَپنے نام سے نامزد کیا تھا۔
12لیکن اِنسان اَپنی دولت کے باوُجُود قائِم نہیں رہتا؛
وہ اُن حَیوانوں کی مانند ہے جو فنا ہو جاتے ہیں۔
13یہ اُن لوگوں کا حَشر ہے جو اَپنے آپ پر بھروسا رکھتے ہیں،
اَور اُن کے پیروکاروں کا بھی جو اُن کی باتوں کی تائید کرتے ہیں،
14وہ بھیڑوں کی مانند پاتال کے لیٔے وقف کئے گیٔے ہیں،
اَور وہ موت کا لقمہ بَن جایٔیں گے۔
صُبح کے وقت دیانتدار اُن پر حُکومت کریں گے؛
اَور اُن کی صورتیں اُن کے شاہی محلوں سے دُور،
پاتال میں سڑ جایٔیں گی۔
15لیکن خُدا میری جان کو پاتال کے اِختیار سے چھُڑا لے گا؛
وہ یقیناً مُجھے قبُول فرمایٔے گا۔
16جَب کویٔی اِنسان مالدار ہو جائے،
اَور اُس کے گھر کی شوکت بڑھ جائے،
تو تُم خوفزدہ نہ ہونا؛
17کیونکہ جَب وہ مَرے گا تو کچھ بھی اَپنے ساتھ نہ لے جاپائے گا،
اَور نہ اُس کی شوکت اُس کے ساتھ قبر میں جائے گی۔
18خواہ جیتے جی وہ خُود کو مُبارک ہی سمجھتا رہا ہو۔
اَور جَب تمہارا اِقبال بُلند ہوتاہے تو لوگ تمہاری تعریف کرتے ہی ہیں۔
19تو بھی وہ اَپنے آباؤاَجداد کی نَسل سے جا ملے گا
جو زندگی کا نُور ہرگز نہ دیکھیں گے۔
20جو آدمی صاحبِ زَر ہو لیکن باشعور نہ ہو،
وہ اُن حَیوانوں کی مانند ہے جو فنا ہو جاتے ہیں۔
موجودہ انتخاب:
زبُور 49: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.