50
زبُور 50
آسفؔ کا زبُور۔
1قادر یَاہوِہ خُدا کلام کرتے ہیں،
اَور طُلوع آفتاب سے غروب تک،
دُنیا کو بُلاتے ہیں،
2صِیّونؔ سے جو حُسن میں کامل ہے،
خُدا جلوہ گِر ہوتے ہیں۔
3ہمارے خُدا آتے ہیں
اَور وہ خاموش نہ رہیں گے؛
آگ اُن کے آگے بھسم کرتی جائے گی،
اَور اُن کے چاروں طرف تیز آندھی چلے گی۔
4خُدا اَپنی اُمّت کا اِنصاف کرنے کے لیٔے،
اُوپر سے آسمان کو اَور زمین کو بُلاتے ہیں۔
5اُنہُوں نے فرمایا، ”میرے مُقدّسین کو میرے سامنے جمع کرو،
جنہوں نے قُربانی کے ذریعہ میرے ساتھ عہد باندھا ہے۔“
6اَور آسمان اُن کی راستبازی کا اعلان کریں گے،
کیونکہ خُود خُدا ہی مُنصِف ہیں۔#50:6 زبُور 97:6؛ عِبر 12:23
7”اَے میری اُمّت سُنو، میں کلام کروں گا؛
اَے اِسرائیل! مَیں تمہارے خِلاف گواہی دُوں گا:
میں خُدا ہُوں، تمہارا خُدا میں ہی ہُوں۔
8میں تُمہیں تمہاری قُربانیوں کے سبب سے تنبیہ نہیں کر رہا
نہ ہی تمہاری سوختنی نذروں کے باعث جو ہمیشہ میرے سامنے رہتی ہیں۔
9مُجھے آپ کے مویشی خانہ میں سے کسی بَیل کی قُربانی کی حاجت نہیں،
اَور نہ آپ کے باڑوں میں سے بکروں کی،
10کیونکہ جنگل کا ہر جاندار،
اَور ہزاروں پہاڑوں پر کے مویشی میرے ہی ہیں۔
11میں پہاڑوں پر کے ہر پرندہ کو جانتا ہُوں،
اَور میدان کے حَیوانات میرے ہی ہیں۔
12اگر مَیں بھُوکا ہوتا تو آپ سے نہ کہتا،
کیونکہ دُنیا اَورجو کچھ اُس میں ہے وہ میرا ہے۔
13کیا میں بَیلوں کا گوشت کھاؤں
اَور بکروں کا خُون پِیؤں؟
14”خُدا کے لیٔے شُکر گُزاری کی قُربانیاں گزرانو،
اَور خُداتعالیٰ کے لیٔے اَپنی مَنّتیں پُوری کرو،
15اَور مُصیبت کے دِن مُجھے پُکارو؛
میں تُمہیں چُھڑاؤں گا اَور تُم میری تمجید کروگے۔“
16لیکن بدکار سے خُدا کہتے ہیں:
”تُمہیں میرے اَحکام بَیان کرنے کا کیا حق ہے
اَور تُم میرے عہد کو اَپنے لبوں پر کیوں لاتے ہو؟
17تُم میری ہدایت سے نفرت کرتے ہو
اَور میرے کلام کو پیٹھ پیچھے پھینک دیتے ہو۔
18جَب تُم کسی چور کو دیکھ لیتے ہو، تُم اُس سے مِل جاتے ہو؛
اَور زانیوں کا شریک بَن جاتے ہو۔
19تُم اَپنا مُنہ بدی کے لیٔے
اَور اَپنی زبان فریب گھڑنے کے لیٔے اِستعمال کرتے ہو۔
20تُم اَپنے بھایٔی کے خِلاف بولتے ہی رہتے ہو
اَور اَپنی ہی ماں کے بیٹے پر تہمت لگاتے ہو۔
21تُم نے یہ کام کئے اَور مَیں خاموش رہا؛
تُم نے سوچا کہ میں بھی گویا تُم ہی سا ہُوں۔
لیکن مَیں تُمہیں تنبیہ کروں گا۔
اَور تمہارے مُنہ پر تُمہیں اِلزام دُوں گا۔
22”اَب اَے خُدا کو فراموش کرنے والو! اُن پر توجّہ کرو،
اَیسا نہ ہو کہ میں تُمہیں پھاڑ ڈالوں اَور کویٔی چھُڑانے والا نہ ہو:
23جو شُکر گُزاری کی قُربانی پیش کرتا ہے وہ میری تمجید کرتا ہے،
اَور وہ اَپنی روِش دُرست رکھتا ہے، تاکہ میں اُسے خُدا کی نَجات دِکھاؤں۔“#50:23 عِبر 13:15