51
زبُور 51
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ داویؔد کا زبُور۔ داویؔد کے بتشیبؔا کے ساتھ زنا کرنے کے بعد جَب ناتنؔ نبی اُن کے پاس آئے۔
1اَے خُدا، اَپنی لافانی مَحَبّت کے مُطابق،
اَپنی بڑی شفقت کی کثرت سے؛
مُجھ پر رحم کریں،
میری خطائیں مٹا دیں۔
2میری ساری بدی دھو ڈالیں
اَور میرے گُناہ سے مُجھے پاک کر دیں۔
3کیونکہ مَیں اَپنے خطاؤں کو جانتا ہُوں،
اَور میرا گُناہ ہمیشہ میرے سامنے رہتاہے۔
4مَیں نے فقط آپ کے، ہی خِلاف گُناہ کیا ہے،
اَور مَیں نے وُہی کام کیا ہے، جو آپ کی نظر میں بُرا ہے؛
اَور آپ اَپنے اِنصاف میں حق بجانب ثابت ہو،
تاکہ جو کچھ آپ فرمائیں راست ٹھہرے۔
5یقیناً میں اَپنی پیدائش کے وقت سے گُناہ آلُودہ تھا،
بَلکہ، اُس وقت سے، جَب مَیں اَپنی ماں کے رحم میں پڑا۔
6یقیناً، آپ باطِن کی سچّائی کو پسند فرماتے ہیں؛
اَور مُجھے میرے باطِن ہی میں حِکمت سِکھاتے ہیں۔
7زُوفے سے مُجھے صَاف کریں، تو میں پاک صَاف ہو جاؤں گا؛
مُجھے دھو ڈالیں، تو میں برف سے بھی زِیادہ سفید ہو جاؤں گا۔
8مُجھے خُوشی اَور مسرّت کی خبر سُننے دیں؛
جو ہڈّیاں آپ نے کُچل دی ہیں وہ شاد ہُوں۔
9میرے گُناہوں کی طرف سے چشم پوشی کریں
اَور میری ساری بدی مٹا دیں۔
10اَے خُدا، میرے اَندر پاک دِل پیدا کریں،
اَور میرے باطِن میں اَز سرِ نَو مُستقیم رُوح ڈال دیں۔
11مُجھے اَپنی حُضُوری سے خارج نہ کریں
اَور اَپنی پاک رُوح مُجھ سے جُدا نہ کریں۔
12اَپنی نَجات کی خُوشی مُجھے پھر سے عنایت کریں،
اَور وہ مُستعد رُوح بخشیں جو مُجھے سنبھالے رہے۔
13تَب میں مُجرموں کو آپ کی راہوں کی تعلیم سِکھاؤں گا،
اَور گُنہگار آپ کی طرف رُجُوع کریں گے۔
14اَے خُدا، اَے میرے مُنجّی خُدا،
مُجھے خُون کے جُرم سے نَجات بخش دیں،
اَور میری زبان آپ کی راستبازی کا نغمہ گائے گی۔
15اَے خُداوؔند، میرے لبوں کو کھول دیں،
اَور میرے مُنہ سے آپ کی سِتائش نکلے گی۔
16قُربانی سے آپ خُوش نہیں ہوتے، ورنہ میں اُسے پیش کرتا،
اَور سوختنی نذروں میں بھی آپ کی خُوشی نہیں ہوتی۔
17شکستہ رُوح کی قُربانی آپ کی حُضُوری میں قابل قبُول ہے؛
شکستہ اَور تائب دِل کو،
اَے خُدا، آپ حقیر نہ جانیں گے۔
18اَپنے کرم کے مُطابق صِیّونؔ کو آسُودہ کریں،
اَور یروشلیمؔ کی فصیلوں کی اَز سرِ نَو تعمیر کریں۔
19تَب صداقت کی قُربانیاں
آپ کو فرحت بخشنے کے لیٔے پُوری سوختنی نذریں پیش کی جایٔیں گی؛
اَور آپ کے مذبح پر بَیل چڑھائے جایٔیں گے۔