زبُور 66
66
زبُور 66
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ ایک نغمہ۔ ایک زبُور۔
1اَے ساری زمین کے لوگو، خُوشی کے ساتھ خُدا کے لیٔے نعرہ مارو!
2اُن کے نام کے جلال کا نغمہ گاؤ؛
اُن کی سِتائش کرتے ہُوئے تمجید کرو!
3خُدا سے کہو، ”آپ کے کارنامے کیا ہی مُہیب ہیں!
آپ کی قُدرت اِس قدر عظیم ہے
کہ آپ کے دُشمن آپ کے سامنے عاجزی کرنے لگتے ہیں۔
4ساری زمین آپ کو سَجدہ کرتی ہے؛
ساری قومیں آپ کے سامنے نغمہ گاتی ہیں
اَور آپ کے نام کی سِتائش کرتی ہیں۔“
5آؤ اَور دیکھو کہ خُدا نے کیا کچھ کیا ہے،
بنی آدمؔ کی خاطِر اُن کے کارنامے کس قدر مُہیب ہیں!
6اُنہُوں نے سمُندر کو خشک زمین میں بدل دیا،
اَور وہ دریا میں سے پیدل گزر گئے۔
آؤ ہم اُن میں خُوشی منائیں۔
7وہ اَپنی قُدرت سے اَبد تک سلطنت کرتے ہیں،
اُن کی آنکھیں قوموں پر نگاہ رکھے ہُوئے ہیں۔
لہٰذا بغاوت پر آمادہ لوگ اُن کے خِلاف سرکشی نہ کریں۔
8اَے سَب قوموں! ہمارے خُدا کی سِتائش کرو،
اُن کی تعریف میں تمہاری صدا گونج اُٹھے؛
9اُنہُوں نے ہماری جانیں بچائی ہیں
اَور ہمارے پاؤں کو پھسلنے نہیں دیا۔
10کیونکہ اَے خُدا، آپ نے ہمیں آزما لیا ہے؛
اَور ہمیں آگ میں تائی ہُوئی چاندی کی مانند پاک کر دیا ہے۔
11آپ ہمیں قَیدخانہ میں لے آئے
اَور ہماری پیٹھ پر بوجھ لاد دئیے۔
12آپ نے لوگوں کو ہمارے سَر پر سوار کیا اَور ہم آگ اَور پانی میں سے گزرے،
لیکن آپ ہمیں اَیسے مقام پر لے آئے جہاں فراوانی ہی فراوانی ہے۔
13میں سوختنی نذریں لے کر آپ کے ہیکل میں آؤں گا
اَور اَپنی وہ مَنّتیں آپ کے لئے پُوری کروں گا۔
14جِن کا میری مُصیبت کے ایّام میں
میرے لبوں نے وعدہ کیا اَورجو میرے مُنہ سے نکلیں،
15مَیں آپ کے لیٔے موٹے تازہ جانوروں کی سوختنی نذر
اَور مینڈھوں کے چڑھاوے؛
اَور بَیل اَور بکرے پیش کروں گا۔
16اَے خُدا سے ڈرنے والے لوگو! سَب آؤ اَور سُنو؛
تاکہ میں بتاؤں کہ اُنہُوں نے میرے لیٔے کیا کچھ کیا ہے۔
17مَیں نے اَپنے مُنہ سے اُنہیں پُکارا؛
اُن کی تمجید میری زبان پر تھی۔
18اگر مَیں بدی کو اَپنے دِل میں رکھتا،
تو خُداوؔند میری دعا نہ سُنتے؛
19لیکن خُدا نے یقیناً سُن لیا ہے؛
اَور میری دعا کی آواز پر توجّہ فرمائی ہے۔
20مُبارک ہیں خُدا،
جنہوں نے نہ تو میری دعا کو ردّ کیا
اَور نہ اَپنی شفقت و مَحَبّت سے مُجھے محروم رکھا!
موجودہ انتخاب:
زبُور 66: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.