YouVersion Logo
تلاش

زبُور 71

71
زبُور 71
1اَے یَاہوِہ، مَیں نے آپ میں پناہ لی ہے؛
مُجھے کبھی شرمندہ نہ ہونے دیں۔
2اَے خُدا اَپنی راستبازی کی خاطِر مُجھے رِہائی بخشیں؛
اَپنا کان میری طرف لگائیں اَور مُجھے بچائیں۔
3میری پناہ کی چٹّان بنیں،
جہاں میں ہمیشہ محفوظ رہ سکوں؛
میری نَجات کا حُکم جاری کریں،
کیونکہ آپ میری چٹّان اَور میرا قلعہ ہیں۔
4اَے میرے خُدا! مُجھے بدکار لوگ کے ہاتھ سے،
اَور بدکار اَور ستمگر لوگوں کی گرفت سے رِہائی بخشیں۔
5کیونکہ اَے یَاہوِہ قادر! آپ ہی میری اُمّید ہیں،
اَور لڑکپن سے آپ میرے راز داں رہے ہیں۔
6پیدائش ہی سے مَیں آپ پر اِعتماد کرتا آیا ہُوں؛
آپ نے مُجھے میری ماں کے رحم سے بحِفاظت پیدا کیا۔
میں ہمیشہ آپ کی سِتائش کرتا رہُوں گا۔
7میں بہُتوں کے لیٔے باعثِ حیرت ہُوں،
لیکن آپ میری محکم پناہ گاہ ہیں۔
8میرا مُنہ آپ کی سِتائش سے معموُر ہے،
اَور وہ دِن بھر آپ کی شوکت بَیان کرتا ہے۔
9جَب مَیں ضعیف ہو جاؤں تو مُجھے اَپنی نظر سے دُور نہ کردینا؛
اَور جَب مَیں اَپنی قُوّت کھو بیٹھوں تو مُجھے ترک نہ کرنا۔
10کیونکہ میرے دُشمن میرے خِلاف باتیں کرتے ہیں؛
اَورجو میری جان کی گھات میں ہیں وہ مِل کر سازش کرتے ہیں۔
11وہ ایک دُوسرے سے کہتے ہیں، ”خُدا نے اُسے ترک کر دیا ہے؛
تعاقب کرکے اُسے پکڑ لو،
کیونکہ اُسے کویٔی نہیں چھُڑائے گا۔“
12اَے خُدا، مُجھ سے دُور نہ رہیں؛
اَے میرے خُدا! میری مدد کے لیٔے جلد آئیں۔
13مُجھ پر اِلزام لگانے والے شرمندہ ہوکر فنا ہو جایٔیں؛
جو مُجھے نُقصان پہُنچانا چاہتے ہیں؛
ذِلّت اَور رُسوائی کے شِکار ہوں۔
14لیکن مَیں ہمیشہ اُمّید رکھوں گا؛
اَور آپ کی سِتائش زِیادہ سے زِیادہ کروں گا۔
15میرا مُنہ آپ کی راستی،
اَور نَجات کا تذکرہ دِن بھر کرتا رہے گا،
لیکن کس حَد تک اُس کا مُجھے اَندازہ نہیں ہے۔
16اَے یَاہوِہ قادر، مَیں آپ کے عظیم کارناموں کا ذِکر کروں گا؛
مَیں آپ کی اَور صِرف آپ کی ہی راستبازی کا اعلان کروں گا۔
17اَے خُدا، لڑکپن ہی سے آپ مُجھے سِکھاتے آئے ہیں،
اَور آج کے دِن تک مَیں آپ کے عجِیب کارناموں کا ذِکر کرتا آیا ہُوں۔
18اِس لیٔے اَے خُدا، جَب مَیں ضعیف ہو جاؤں اَور میرے بال سفید ہو جایٔیں،
مُجھے ترک نہ کردینا،
جَب تک کہ مَیں آپ کی قُدرت آئندہ پُشت پر،
اَور آپ کی عظمت ہر آنے والے پر ظاہر نہ کر دُوں۔
19اَے خُدا، آپ کی راستبازی آسمان تک پہُنچتی ہے،
آپ نے عظیم کارنامے کئے ہیں۔
اَے خُدا، آپ کی مانند کون ہے؟
20حالانکہ آپ نے مُجھے بہت سِی
مُصیبتیں دیکھنے پر مجبُور کیا ہے،
تو بھی آپ میری زندگی کو بحال کریں گے؛
اَور زمین کی گہرائیوں میں سے
مُجھے پھر اُوپر لے آئیں گے۔
21آپ میری عزّت بڑھائیں گے
اَور مُجھے پھر سے تسلّی دیں گے۔
22اَے میرے خُدا! آپ کی سچّائی کی خاطِر
میں سِتار بجا کر آپ کی مدح سرائی کروں گا؛
اَے اِسرائیل کے مُقدّس خُدا!
میں بربط کے ساتھ آپ کی حَمد کروں گا۔
23جَب مَیں، جِس کا آپ نے فدیہ دیا
آپ کی مدح سرائی کروں۔
تو میرے لب خُوشی سے للکاریں گے۔
24میری زبان دِن بھر
آپ کی راستی کے کاموں کا ذِکر کرتی رہے گی۔
کیونکہ میرے بد خواہ
شرمندہ اَور رُسوا ہو چُکے ہیں۔

موجودہ انتخاب:

زبُور 71: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in