YouVersion Logo
تلاش

زبُور 77

77
زبُور 77
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے؛ یدُوتونؔ کے لیٔے۔
آسفؔ کا زبُور۔
1مَیں نے بُلند آواز سے خُدا سے فریاد کی؛
مَیں نے خُدا کو پُکارا کہ وہ میری سُنیں۔
2جَب مَیں مُصیبت میں مُبتلا ہُوا تو مَیں نے خُداوؔند کی تلاش کی؛
رات کو میں اَپنے ہاتھ پھیلائے رہا جو ڈھیلے نہ ہُوئے
اَور میری جان تسکین نہ پا سکی۔
3اَے خُدا، مَیں نے آپ کو یاد کیا اَور کراہتا رہا؛
واویلا کرتے کرتے میری جان نڈھال ہو گئی ہے۔
4آپ نے میری آنکھوں کو بند نہیں ہونے دیا؛
مُجھ میں بولنے کی تاب نہ تھی۔
5میں گذشتہ ایّام،
اَور بیتے ہُوئے سالوں کے بارے میں سوچتا رہا؛
6رات کو مُجھے اَپنے نغمہ یاد آئے،
میرا دِل غور کرتا رہا اَور میری رُوح جانچتی رہی:
7”کیا خُداوؔند ہمیشہ کے لیٔے ترک کر دیں گے؟
کیا وہ پھر کبھی مہربان نہ ہوں گے؟
8کیا اُن کی لافانی مَحَبّت ہمیشہ کے لیٔے جاتی رہی؟
کیا اُن کا وعدہ سدا کے لیٔے جھُوٹا ٹھہرا؟
9کیا خُدا رحم کرنا بھُول گئے؟
کیا اُنہُوں نے قہر میں اَپنی رحمت کو روک لیا ہے؟“
10تَب مَیں نے خیال کیا، ”مَیں اِس کے لیٔے فریاد کروں گا اَور پُوچھوں گا:
کہ خُداتعالیٰ کے داہنے ہاتھ سے جو برکتیں مُجھے سالہا سال ملتی رہیں۔
11مَیں یَاہوِہ کے کارنامے یاد کروں گا؛
ہاں، مَیں آپ کے قدیم وقتوں کے معجزے یاد کروں گا۔
12مَیں آپ کے سَب کاموں پر غور کروں گا
اَور آپ کے سَب عظیم کارناموں دھیان کروں گا۔“
13اَے خُدا، آپ کی روِشیں مُقدّس ہیں۔
کون سا معبُود ہمارے خُدا کی مانند عظیم ہے؟
14آپ وہ خُدا ہیں جو عجِیب کام کرتے ہیں؛
آپ مُختلف قوموں کے درمیان اَپنی قُوّت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
15آپ نے اَپنے قوی بازو سے اَپنی قوم،
یعنی یعقوب اَور یُوسیفؔ کی نَسل کو رِہائی بخشی۔
16اَے خُدا، سمُندروں نے آپ کو دیکھا،
سمُندر آپ کو دیکھ کر خوفزدہ ہو گئے؛
اُن کی تہیں کانپ اُٹھیں۔
17بادلوں نے مینہ برسایا،
افلاک گرجنے لگے؛
اَور آپ کے تیر ہر طرف چلے۔
18بگولے میں سے آپ کی گرج کی آواز آئی،
اَور آپ کی برق نے جہاں کو رَوشن کر دیا؛
اَور زمین لرزی اَور کپکپائی۔
19حالانکہ آپ کا راستہ سمُندر میں سے ہوتا ہُوا گزرا،
اَور آپ کی راہیں زورآور سمُندروں میں سے،
لیکن آپ کے نقش قدم دِکھائی نہ دئیے۔
20آپ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کے ذریعہ
گلّہ کی مانند اَپنے لوگوں کی رہبری کی۔

موجودہ انتخاب:

زبُور 77: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in