78
زبُور 78
آسفؔ کا مشکیل۔#78:0 عُنوان: مُمکنہ طور پر ایک اَدبی یا موسیقی کی اِصطلاح ہو سَکتا ہے۔
1اَے میری اُمّت! میری تعلیم سُنو؛
میرے مُنہ کے کلام پر کان لگاؤ۔
2میں تمثیلوں کے لیٔے اَپنا مُنہ کھولوں گا،
میں قدیم زمانہ کی پوشیدہ باتیں بتاؤں گا۔
3جنہیں ہم نے سُنا اَور جان لیا،
اَور جنہیں ہمارے آباؤاَجداد نے ہمیں بتایا۔
4ہم اُنہیں اُن کی اَولاد سے پوشیدہ نہ رکھیں گے؛
بَلکہ آنے والی نَسل کو
یَاہوِہ کے قابل تعریف کارناموں،
اُن کی قُدرت اَور اُن کے کئے ہُوئے عجِیب کارناموں
کے متعلّق سَب کچھ بتا دیں گے۔
5اُنہُوں نے یعقوب میں قوانین کی گواہی قائِم کی
اَور اِسرائیل میں شَریعت مُقرّر کی،
جِن کے متعلّق ہمارے آباؤاَجداد کو حُکم دیا
کہ وہ اَپنی اَولاد کو اُن کی تعلیم دیں،
6لہٰذا اگلی پُشت اُنہیں جانے گی،
اَور وہ فرزند بھی جانیں گے جو ابھی پیدا ہونے والے ہیں،
اَور وہ اُنہیں اَپنی اَولاد کو بتائیں گے۔
7تَب وہ خُدا پر ایمان لائیں گے
اَور اُن کے کارناموں کو فراموش نہ کریں گے،
بَلکہ اُن کے اَحکام پر عَمل کریں گے۔
8وہ اَپنے آباؤاَجداد کی مانند نہ ہوں گے۔
جو ایک ضِدّی اَور باغی پُشت ہے،
جِن کا دِل ہی خُدا کا وفادار نہ رہا،
اَور نہ اُن کی رُوح۔
9اِفرائیمؔ کے سپاہیوں نے کمانوں سے مُسلّح ہوتے ہُوئے بھی،
لڑائی کے دِن پیٹھ دِکھا دی؛
10اُنہُوں نے خُدا کے عہد کو قائِم نہ رکھا
اَور اُن کے آئین پر چلنے سے اِنکار کیا۔
11اُنہُوں نے اُن کے حیرت اَنگیز کاموں کو،
جو اُنہیں دِکھائے گیٔے تھے، فراموش کر دیا۔
12اُنہُوں نے اُن کے آباؤاَجداد کی نگاہوں کے سامنے
مُلک مِصر اَور ضعنؔ#78:12 ضعنؔ ضعنؔ کی شناخت رَعمسیسؔ کے شہر کا ذِکر خُرو 1:11 میں کیا گیا ہے، جو دریائے نیل کے مشرقی جانِب ایک شاہی ذخیرہ کرنے والا شہر ہے۔ کے علاقے میں عجِیب و غریب کارنامے کئے۔
13اُنہُوں نے سمُندر کے دو حِصّے کئے اَور اُنہیں پار اُتارا؛
اَور پانی کو دیوار کی مانند کھڑا کر دیا۔
14اُنہُوں نے دِن کے وقت بادل کے ذریعہ
اَور رات کو آگ کی رَوشنی سے اُن کی رہنمائی کی۔
15اُنہُوں نے بیابان میں چٹّانوں کو چاک کیا
اَور اُنہیں سمُندر کی طرح بہتات سے پانی دیا۔
16اُنہُوں نے چٹّان والی گھاٹی میں ندیاں جاری کیں
اَور دریاؤں کی طرح پانی بہایا۔
17لیکن عِبرانی لوگ اُن کے خِلاف گُناہ کرتے ہی گیٔے،
اَور بیابان میں خُداتعالیٰ سے بغاوت کرتے رہے۔
18اُنہُوں نے اَپنی پسند کی خُوراک مانگ کر
جان بوجھ کر خُدا کو آزمایا۔
19اُنہُوں نے یہ کہتے ہُوئے خُدا کے خِلاف بدگوئی کی؛
کیا خُدا، ”بیابان میں دسترخوان بچھانے پر قادر ہے؟
20جَب اُنہُوں نے چٹّان کو مارا
تو پانی پھوٹ نِکلا،
اَور ندیاں کثرت سے بہہ نکلیں۔
لیکن کیا وہ ہمیں روٹی بھی دے سکتے ہیں؟
کیا وہ اَپنے لوگوں کے لیٔے گوشت مہیا کر سکتے ہیں؟“
21جَب یَاہوِہ نے اُن کی باتیں سُنیں تو وہ نہایت غضبناک ہُوئے؛
لہٰذا یعقوب کے خِلاف اُن کے غُصّہ کی آگ بھڑک اُٹھی،
اَور اِسرائیل پر اُن کا قہر ٹوٹ پڑا،
22کیونکہ وہ خُدا پر ایمان نہ لایٔے
اَور اُن کی نَجات پر بھروسا نہ کیا۔
23تو بھی اُنہُوں نے اُوپر افلاک کو حُکم دیا
اَور آسمان کے دروازے کھول دئیے؛
24اُنہُوں نے اُمّت کے کھانے کے لیٔے مَنّا برسایا،
اَور اُنہیں آسمانی خُوراک عنایت فرمائی۔
25اِنسانوں نے فرشتوں کی غِذا کھائی؛
اَور جِتنی رسد اُنہیں درکار تھی اُتنی بھیج دی۔
26اُنہُوں نے آسمان میں مشرقی ہَوا چلائی
اَور اَپنی قُدرت سے جُنوبی ہَوا چلائی۔
27اُنہُوں نے خاک کی مانند اُن پر گوشت برسایا،
اَور سمُندر کے کنارے کی ریت کی طرح بے شُمار پرندے بھیجے۔
28خُدا نے اُنہیں اُن کی قِیام گاہ میں،
اَور اُن کے خیموں کے اطراف گرا دیا۔
29اُنہُوں نے جی بھرکے کھایا،
کیونکہ اُنہُوں نے اُن کی دِلی تمنّا پُوری کی تھی۔
30لیکن اِس سے پہلے کہ اُن کا دِل اِس غِذا سے بھرجاتا جِس کے لیٔے وہ ترستے تھے،
اَور ابھی وہ اُن کے مُنہ میں ہی تھی،
31خُدا کا قہر اُن پر بھڑک اُٹھا؛
اَور خُدا نے اُن کے موٹے اَور بھاری بھر کم لوگوں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا،
اَور اِسرائیلی جَوانوں کو مار گرایا۔
32اِس کے باوُجُود وہ گُناہ کرتے رہے؛
اَور اُن کے معجزوں کے باوُجُود وہ ایمان نہ لایٔے۔
33اِس لیٔے خُدا نے اُن کے دِنوں کو رائگاں کر دیا
اَور اُن کے سالوں کو دہشت میں گزر جانے دیا۔
34جَب کبھی خُدا اُنہیں قتل کرتے، وہ خُدا کے طالب ہوتے؛
اَور دِل و جان سے دوبارہ اُن کی طرف رُجُوع کرتے۔
35اَور اُنہیں یاد آتا کہ خُدا اُن کی چٹّان ہیں،
اَور خُداتعالیٰ اُن کے نَجات دِہندہ ہیں۔
36لیکن تَب وہ اَپنے مُنہ سے اُن کی جھُوٹی خُوشامد کرتے،
اَور اَپنی زبان سے اُن سے جھُوٹ بولتے؛
37اُن کے دِل میں اُن کے لیٔے خُلوص نہ تھا،
اَور نہ وہ اُن کے عہد ہی کے وفادار نکلے۔
38تو بھی خُدا نے رحم کیا،
خُدا نے اُن کی بدکاریاں بخش دیں
اَور اُنہیں ہلاک نہیں کیا۔
بارہا خُدا نے اَپنے قہر کو روکا
اَور اَپنے غضب کو پُورے طور پر بھڑکنے نہ دیا۔
39خُدا کو یاد تھا کہ وہ محض بشر ہیں،
اَور ہَوا کا جھونکا جو واپس نہیں آتا۔
40کتنی بار ویرانہ میں اُنہُوں نے خُدا سے بغاوت کی
اَور صحرا میں اُنہیں آزردہ کیا!
41اُنہُوں نے بار بار خُدا کو آزمایا؛
اَور اِسرائیل کے مُقدّس خُدا کو رنج پہُنچایا۔
42اُنہُوں نے خُدا کی قُدرت کو یاد نہ کیا۔
نہ اُس دِن کو جَب خُدا نے فدیہ دے کر اُنہیں ظالِم سے نَجات دِلائی تھی،
43اَور اُس دِن کو جَب خُدا نے مِصر میں اَپنے معجزانہ نِشان،
اَور ضعنؔ کے علاقہ میں اَپنے کارنامے دِکھائے تھے۔
44خُدا نے مِصریوں کی ندیوں کو خُون بنا دیا؛
اَور وہ اَپنے دریاؤں سے پی نہ سکے۔
45اُنہُوں نے مکھّیوں کے غول بھیجے جو اُنہیں کھاگئے،
اَور مینڈک جنہوں نے اُنہیں تباہ کر دیا۔
46خُدا نے اُن کی فصل کے کیڑوں کو،
اَور اُن کی پیداوار ٹِڈّیوں کو دے دی۔
47خُدا نے اُن کی انگور کی بَیلوں کو اولے سے
اَور اُن کے گُولر کے درختوں کو پالے سے تباہ کر دیا۔
48اُنہُوں نے اُن کے گھریلو گائے بَیلوں کو اولوں کے حوالہ کیا،
اَور اُن کی گھریلو بھیڑ بکریوں کو بجلی کے ذریعہ۔
49خُدا نے اَپنے غیظ و غضب، طیش اَور عداوت۔
یعنی ہلاکت کے فرشتوں کا لشکر بھیج کر،
اَپنا شدید قہر اُن پر نازل کیا۔
50اُنہُوں نے اَپنے قہر کے لیٔے راستہ بنایا؛
اَور اُنہیں موت سے نہیں بچایا
بَلکہ اُنہیں وَبا کے حوالہ کر دیا۔
51اُنہُوں نے مِصر کے سَب پہلوٹھوں کو،
یعنی حامؔ کے خیمہ میں اُن کی قُوّتِ مَردی کے پہلے پھل کو مار ڈالا۔
52لیکن وہ اَپنے لوگوں کو گلّہ کی مانند نکال لائے؛
اَور بیابان میں اُن کی بھیڑوں کی طرح رہنمائی کی۔
53وہ اُنہیں سلامتی سے لے گئے اِس لیٔے وہ ڈرے نہیں؛
لیکن اُن کے دُشمنوں کو سمُندر نے ہڑپ کر لیا۔
54اِس طرح وہ اُنہیں اَپنے مُقدّس مُلک کی سرحد تک لے آئے،
یعنی اُس کوہستانی مُلک تک جسے اُن کے داہنے ہاتھ نے حاصل کیا تھا۔
55اُنہُوں نے دُوسری قوموں کو اُن کے سامنے سے نکال دیا
اَور اُن کی زمین اُنہیں مِیراث جریب کے طور پر بانٹ دی؛
اَور اِسرائیلی قبیلوں کو اُن کے خیموں میں بسا دیا۔
56لیکن اُنہُوں نے خُدا کو آزمایا،
اَور خُداتعالیٰ سے بغاوت کی؛
اَور اُن کے قوانین کو نہ مانا۔
57اَور اَپنے آباؤاَجداد کی طرح بےوفا اَور بےایمان نکلے؛
اَور ایک ناقص کمان کی مانند پلٹ گیٔے۔
58اُنہُوں نے اَپنے معبُودوں کے لیٔے مذبحے بنانے کے باعث اُنہیں غُصّہ دِلایا؛
اَور اَپنے بُتوں سے اُنہیں غیرت دِلائی۔
59جَب خُدا نے اُن کی باتیں سُنیں تو وہ نہایت غضبناک ہُوئے؛
اَور اِسرائیل سے متنفّر ہو گئے۔
60اُنہُوں نے شیلوہؔ کے خیمہ اِجتماع کو ترک کر دیا،
یعنی اُس خیمہ کو جو اُنہُوں نے بنی آدمؔ کے درمیان کھڑا کیا تھا۔
61اُنہُوں نے اَپنی قُوّت کے صندُوق کو اسیری میں،
اَور اَپنی شوکت کو دُشمن کے ہاتھ میں جانے دیا۔
62اُنہُوں نے اَپنے لوگوں کو تلوار کے حوالہ کر دیا؛
اَور وہ اَپنی مِیراث سے نہایت غضبناک ہو گئے۔
63آگ اُن کے جَوانوں کو کھا گئی،
اَور اُن کی کنواریوں کے لیٔے نغماتِ عروسی نہ گائے گیٔے؛
64اُن کے کاہِنؔ تلوار سے مارے گیٔے،
اَور اُن کی بیوائیں ماتم تک نہ کر سکیں۔
65تَب خُداوؔند گویا نیند سے جاگ اُٹھے،
جَیسے ایک آدمی انگوری شِیرہ کی مخموری سے جاگ اُٹھتا ہے۔
66اُنہُوں نے اَپنے دُشمنوں کو مار کر پسپا کر دیا؛
اَور اُنہیں ہمیشہ کے لیٔے رُسوا کیا۔
67پھر خُدا نے یُوسیفؔ کے خیموں کو ردّ کر دیا،
اُنہُوں نے اِفرائیمؔ کے قبیلہ کو نہ چُنا؛
68بَلکہ یہُوداہؔ کے قبیلہ کو چُنا،
یعنی کوہِ صِیّونؔ کو جسے وہ پسند کرتے تھے۔
69خُدا نے اَپنے پاک مَقدِس کو آسمانوں کی مانند بہت اُونچا تعمیر کیا،
اَور زمین کی مانند بنایا جسے اُنہُوں نے ہمیشہ کے لیٔے قائِم کیا۔
70اُنہُوں نے اَپنے خادِم داویؔد کو چُنا
اَور اُنہیں بھیڑ کے گلّہ میں سے لے لیا؛
71وہ اُنہیں بھیڑوں کی گلّہ بانی کرنے سے ہٹا لائے
تاکہ وہ اُن کی قوم یعقوب،
اَور اُن کی مِیراث اِسرائیل کی گلّہ بانی کریں۔
72اَور داویؔد خُلوص دِل سے اُن کی پاسبانی؛
اَور اَپنے ماہر ہاتھوں سے اُن کی رہنمائی کرتے رہے۔