YouVersion Logo
تلاش

مُکاشفہ 14

14
ایک لاکھ چوالیس ہزار افراد اَور برّہ
1پھر میں نے نگاہ کی تو دیکھا کہ وہ برّہ کوہِ صِیّونؔ پر کھڑا ہے اَور اُس کے ساتھ ایک لاکھ چوالیس ہزار افراد بھی ہیں جِن کی پیشانی پر برّہ یعنی خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح اَور اُس کے آسمانی باپ کا نام لِکھّا ہُواہے۔ 2پھر میں نے آسمان سے ایک اَیسی آواز سُنی جو کسی بَڑے آبشار اَور گرجتے بادلوں کی مانند تھی۔ یہ اُس آواز کی مانند تھی جو بربط نواز اَپنے سازوں سے نکالتے ہیں۔ 3وہ تختِ الٰہی کے سامنے اَور چاروں جانداروں اَور بُزرگوں کے آگے ایک نیا نغمہ گا رہے تھے اَور اُن ایک لاکھ چوالیس ہزار افراد کے سِوا جو دُنیا میں سے خرید لیٔے گیٔے تھے کویٔی اَور اُس نغمہ کو نہ سیکھ سَکا۔ 4یہ وہ ہیں جنہوں نے اَپنے آپ کو عورتوں کے ساتھ آلُودہ نہیں کیا بَلکہ کنوارے ہیں۔ یہ وہ ہیں جو برّہ کے پیچھے پیچھے چلتے ہیں، جہاں بھی وہ جاتا ہے۔ وہ آدمیوں میں سے خرید لیٔے گیٔے ہیں تاکہ وہ خُدا اَور برّہ کے لیٔے پہلے پھل ہوں۔ 5اَور اُن کے مُنہ سے کبھی جھُوٹ نہیں نکلا۔ وہ بے عیب ہیں۔
تین فرشتے
6پھر میں نے ایک اَور فرشتہ کو فِضا میں اُڑتے ہویٔے دیکھا۔ اُس کے پاس ایک اَبدی خُوشخبری تھی تاکہ وہ اُسے روئے زمین کے باشندوں یعنی ہر قوم، ہر قبِیلہ، ہر اہلِ زبان اَور ہر اُمّت کو سُنائے۔ 7اُس نے بڑی بُلند آواز سے کہا، ”خُدا سے ڈرو اَور اُس کی تمجید کرو کیونکہ اُس کی عدالت کا وقت آ پہنچا ہے۔ اُسی کو سَجدہ کرو جِس نے آسمان، زمین، سمُندر اَور پانی کے چشمے بنائے ہیں۔“
8اُس کے بعد ایک دُوسرا فرشتہ آیا اَور بُلند آواز سے اعلان کیا، ” ’گِر پڑا! وہ عظیم شہر بابلؔ گِر پڑا،‘#14‏:8 یسع 21‏:9‏‏ جِس نے اَپنی زناکاری کے قہر کی مَے سَب قوموں کو پلائی ہے۔“
9پھر اُس کے بعد تیسرا فرشتہ آیا اَور بُلند آواز سے کہا، ”جو کویٔی اُس حَیوان اَور اُس کی بُت کی پرستِش کرے اَور اُس کا نِشان اَپنی پیشانی یا ہاتھ پر لگاتاہے، 10تو اُسے بھی خُدا کے قہر کی اُس خالص مَے کو پینا ہوگا جو اُس کے غضب کے پیالہ میں بھری گئی ہے۔ وہ مُقدّس فرشتوں اَور برّہ کے رُوبرُو اُس آگ اَور گندھک کے عذاب میں مُبتلا ہوکر تڑپتا رہے گا۔ 11اَور اُن کے عذاب کا دھواں اَبد تک اُٹھتا رہے گا اَورجو اُس حَیوان اَور اُس کے بُت کی پرستِش کرتے ہیں اَور اُس کے نام کا نِشان لگاتے ہیں، اُنہیں دِن رات چَین نہ ملے گا۔“ 12اِس کا مطلب ہے کہ خُدا کے مُقدّسین کو صبر رکھنا اَور ایمان پر قائِم رہنا ضروُری ہے، جو خُدا کے فرمانبردار اَور حُضُور عیسیٰ کے پیچھے وفاداری سے چلتے ہیں۔
13پھر مَیں نے آسمان سے ایک آواز آتے سُنی، ”لِکھ! مُبارک ہیں وہ مُردے جو اَب سے خُداوؔند میں وفات پاتے ہیں۔“
”بے شک،“ پاک رُوح فرماتا ہے، ”کیونکہ وہ اَپنی محنت و مشقّت سے آرام پائیں گے، کیونکہ اُن کے اعمال اُن کے ساتھ جایٔیں گے۔“
زمین کی فصل اَور انگور کا رس نکالا جانا
14پھر میں نے نگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک سفید بادل ہے اَور اُس پر اِبن آدمؔ#14‏:14 دیکھئے، دان 7‏:13‏‏ کی مانند کویٔی بیَٹھا ہے جِس کے سَر پر سونے کا تاج اَور ہاتھ میں تیز درانتی ہے۔ 15پھر بیت المُقدّس میں سے ایک اَور فرشتہ باہر نکلا اَور اُس نے بادل پر بَیٹھے ہویٔے شخص کو بُلند آواز سے پُکار کر کہا، ”اَپنی درانتی چَلا اَور فصل کاٹ، کیونکہ فصل کاٹنے کا وقت آ گیا ہے، اِس لیٔے کہ زمین کی فصل پک گئی ہے۔“ 16چنانچہ جو بادل پر بیَٹھا ہُوا تھا اُس نے اَپنی درانتی زمین پر چلائی اَور زمین کی فصل کٹ گئی۔
17پھر ایک اَور فرشتہ اُس بیت المُقدّس میں سے باہر نکلا جو آسمان پر ہے، اَور اُس کے ہاتھ میں بھی ایک تیز درانتی تھی۔ 18پھر ایک اَور فرشتہ جِس کا آگ پر اِختیّار تھا، قُربان گاہ سے باہر نکلا؛ اَور اُس نے تیز درانتی والے فرشتہ کو پُکار کر کہا، ”اَپنی تیز درانتی چَلا اَور زمین کے انگوری باغ سے گُچّھے کاٹ لے کیونکہ اُس کے انگور بالکُل پک چُکے ہیں۔“ 19اُس فرشتہ نے اَپنی درانتی زمین پر چلائی اَور اُس کے انگوری باغ سے انگور کی فصل کاٹ کر جمع کی اَور اُنہیں خُدا کے قہر کے بَڑے حوض میں ڈال دیا۔ 20تَب اُنہیں شہر سے باہر اُس بَڑے انگوری باغ کے حوض میں روندا گیا اَور حوض میں سے اِس قدر خُون بہہ نکلا کہ اُس کی لمبائی تقریباًتین سَو کِلومیٹر تک اَور اُونچائی گھوڑوں کی لگاموں تک جا پہنچی تھی۔

موجودہ انتخاب:

مُکاشفہ 14: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in