YouVersion Logo
تلاش

مُکاشفہ 4

4
آسمان میں تخت
1اِس کے بعد میں نے دیکھا کہ آسمان میں ایک دروازہ کھُلا ہُواہے۔ تَب وُہی نرسنگے کی آواز جو میں نے پہلے سُنی تھی، مُجھ سے مُخاطِب ہوکر، فرمایا، یہاں اُوپر آ جا، میں تُجھے اُن باتوں کو دکھاؤں گا جو اِن باتوں کے بعد ضروُر ہونے والی ہیں۔ 2تَب میں فوراً پاک رُوح کے گرفت میں آ گیا اَور کیا دیکھتا ہُوں کہ آسمان میں ایک تختِ الٰہی مَوجُود ہے اَور اُس پر کویٔی بیَٹھا ہُواہے۔ 3وہ تخت نشین دیکھنے میں سنگِ یَشب اَور عقِیق کی طرح نظر آ رہاتھا اَور اُس تختِ الٰہی کے اِردگرد زُمُرّد کی مانند ایک چمکدار قوس قذح تھی۔ 4اُس تختِ الٰہی کے چاروں طرف چَوبیس باقی اَور تخت مَوجُود تھے جِن پر چَوبیس بُزرگ حُکمراں سفید جَامے پہنے بَیٹھے ہویٔے تھے اَور اُن کے سروں پر سونے کے تاج تھے۔ 5اُس تختِ الٰہی میں سے بِجلی کی چمک اَور بادلوں کے گرج کی صدائیں نِکل رہی تھیں۔ اَور اُس تختِ الٰہی کے عَین سامنے آگ کے سات چراغ جَل رہے تھے۔ جو خُدا کی سات رُوحوں یعنی پاک رُوح کی نِشان دہی کرتے ہیں۔ 6اَور اُس تختِ الٰہی کے سامنے بِلّور کی مانند شفّاف شیشے کا سمُندر تھا۔
تختِ الٰہی کے بیچ میں اَور گِرداگِرد چار جاندار مخلُوق تھیں جِن کے آگے پیچھے آنکھیں ہی آنکھیں تھیں۔ 7پہلی جاندار مخلُوق شیرببر کی مانند تھی، دُوسری بچھڑے کی مانند، تیسرے کا چہرہ اِنسان کا سا تھا اَور چوتھا اُڑتے ہویٔے عُقاب کی مانند تھا۔ 8اِن چاروں جانداروں کے چھ چھ پر تھے اَور اُن کے سارے بَدن میں اَور پر کے اَندر اَور باہر آنکھیں ہی آنکھیں تھیں۔ وہ دِن رات لگاتار بغیر آرام فرمایٔے یہ کہتے رہتے ہیں:
” ’قُدُّوس، قُدُّوس، قُدُّوس
قادرمُطلق خُداوؔند خُدا،‘#4‏:8 یسع 6‏:3‏‏
جو ہے اَورجو تھا اَورجو آنے والا ہے۔“
9اَور جَب وہ جاندار مخلُوق اُس کی حَمد و سِتائش، تعظیم اَور شُکر گُزاری کرتے ہیں جو تخت نشین ہے اَورجو ابدُالآباد زندہ رہے گا، 10تو وہ چَوبیس بُزرگ حُکمراں خُدا کے سامنے جو تخت نشین ہے، مُنہ کے بَل سَجدہ میں گِر پڑتے ہیں جو اَبد تک زندہ رہے گا۔ وہ اَپنے تاج یہ کہتے ہویٔے اُس تختِ الٰہی کے سامنے ڈال دیتے ہیں،
11”اَے ہمارے خُداوؔند اَور خُدا،
آپ ہی جلال، عزّت اَور قُدرت کے لائق ہیں،
کیونکہ آپ ہی نے سَب چیزیں پیدا کیں،
اَور وہ سَب آپ ہی مرضی سے تھیں
اَور وُجُود میں آئیں۔“

موجودہ انتخاب:

مُکاشفہ 4: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in