YouVersion Logo
تلاش

مُکاشفہ 7

7
ایک لاکھ چوالیس ہزار بندگانِ خُدا پر مُہر
1اِس کے بعد میں نے دیکھا کہ زمین کے چاروں کونوں پر چار فرشتے کھڑے ہیں۔ اَور وہ زمین کی چاروں ہواؤں کو روکے ہویٔے تھے تاکہ زمین یا سمُندر یا کسی درخت پر ہَوا نہ چلے۔ 2پھر میں نے ایک اَور فرشتہ کو زندہ خُدا کی مُہر لئے ہویٔے مشرق سے اُوپر کی طرف آتے دیکھا۔ اُس نے اُن چاروں فرشتوں سے جنہیں زمین اَور سمُندر کو نُقصان پُہنچانے کا اِختیّار دیا گیا تھا بُلند آواز سے پُکار کر کہا، 3”جَب تک ہم اَپنے خُدا کے بندوں کی پیشانیوں پر مُہر نہ لگا لیں، تَب تک زمین اَور سمُندر اَور درختوں کو نُقصان نہ پہنچانا۔“ 4پھر میں نے سُنا کہ بنی اِسرائیلؔ کے تمام قبِیلوں میں سے جِن لوگوں پر مُہر کی گئی تھی اُن کا شُمار ایک لاکھ چوالیس ہزار تھا۔
5یہُوداؔہ کے قبِیلہ میں سے بَارہ ہزار،
رُوبنؔ کے قبِیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
جدّؔ کے قبِیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
6آشؔر کے قبِیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
نفتالیؔ کے قبِیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
منسّؔی کے قبِیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
7شمعُونؔ کے قبِیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
لاوی کے قبِیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
اشکارؔ کے قبِیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
8زبُولُونؔ کے قبِیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
یُوسُفؔ کے قبِیلہ میں سے بَارہ ہزار پر،
بِنیمینؔ کے قبِیلہ میں سے بَارہ ہزار پر مُہر کی گئی۔
نَجات یافتہ لوگوں کا ہُجوم
9اِس کے بعد جَب میں نے نگاہ کی تو دیکھتا ہوں کہ ہر قوم، ہر قبِیلہ، ہر اُمّت اَور اہلِ زبان کی ایک اَیسی بڑی بھیڑ مَوجُود ہے جِس کا شُمار کرنا ممکن نہیں، یہ سَب سفید جَامے پہنے ہویٔے اَور ہاتھوں میں کھجوُر کی ڈالیاں لیٔے ہویٔے تختِ الٰہی کے آگے اَور برّہ کے رُوبرُو کھڑے تھے۔ 10اَور وہ بُلند آواز سے چِلّا چِلّاکر کہہ رہے تھے:
”نَجات ہمارے خُدا کی طرف سے،
جو تخت نشین ہے،
اَور برّہ کی طرف سے ہے۔“
11اَور اُن تمام فرشتوں نے جو اُس تختِ الٰہی کے اَور اُن بُزرگوں اَور چاروں جانداروں کے گِرداگِرد کھڑے تھے، تخت کے سامنے مُنہ کے بَل سَجدہ میں گِر پڑے اَور خُدا کو سَجدہ کرکے، 12کہا،
”آمین!
حَمد اَور جلال
اَور حِکمت اَور شُکر اَور عزّت
اَور قُدرت اَور طاقت ہمارے خُدا کی
ابدُالآباد ہوتی رہے۔
آمین!“
13پھر بُزرگوں میں سے ایک نے مُجھ سے پُوچھا کہ یہ سفید جَامے پہنے ہویٔے لوگ کون ہیں، اَور کہاں سے آئے ہیں؟
14میں نے جَواب دیا، ”اَے میرے آقا، یہ تو آپ کو ہی مَعلُوم ہے۔“
تَب اُس نے کہا، ”یہ وہ لوگ ہیں جو بڑی مُصیبت میں سے نِکل کر آئے ہیں؛ اُنہُوں نے اَپنے جَامے برّہ کے خُون میں دھوکر سفید کر لیٔے ہیں۔ 15اِس لیٔے،
”وہ خُدا کے تخت کے سامنے مَوجُود ہیں
اَور دِن رات اُس کے آسمانی بیت المُقدّس میں اُس کی عبادت کرتے ہیں؛
اَور وہ جو تخت پر بیَٹھا ہے
اَپنی حُضُوری میں اُنہیں پناہ دے گا۔
16’وہ آئندہ نہ تو کبھی بھُوکے ہوں گے؛
اَور نہ کبھی پیاسے۔
نہ تو سُورج کی گرمی اُنہیں جُھلسایٔے گی،‘#7‏:16 یسع 49‏:10‏‏
اَور نہ اُنہیں دھوپ ستائے گی۔
17کیونکہ وہ برّہ جو تختِ الٰہی کے درمیان ہے،
اُن کی گلّہ بانی کرے گا؛
’اَور اُنہیں آبِ حیات کے چَشموں کے پاس لے جائے گا۔‘#7‏:17 یسع 49‏:10‏‏
’اَور خُدا اُن کی آنکھوں سے سَب آنسُو پونچھ ڈالے گا۔‘ “#7‏:17 یسع 25‏:8‏‏

موجودہ انتخاب:

مُکاشفہ 7: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in