زبُور 62
62
زبُور 62
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ یدُوتونؔ کے لیٔے۔ داویؔد کا زبُور۔
1میری جان صِرف خُدا ہی میں تسکین پاتی ہے؛
میری نَجات اُسی سے ہے۔
2صِرف وُہی میری چٹّان اَور میری نَجات ہیں؛
وہ میرا قلعہ ہیں، مُجھے جنبش نہ ہوگی۔
3تُم کب تک اَیسے شخص پر حملہ کرتے رہوگے؟
کیا تُم سَب مِل کر اُسے نیچے دھکیل دوگے۔
وہ جو جھکی ہُوئی دیوار اَور گرتی ہُوئی باڑ کی مانند ہے؟
4وہ تو اُسے اُس کے اُونچے مرتبہ سے
گرانے کا مصمّم اِرادہ کر چُکے ہیں؛
وہ جھُوٹ سے خُوش ہوتے ہیں،
وہ اَپنے مُنہ سے تو برکت دیتے ہیں،
لیکن دِل میں لعنت کرتے ہیں۔
5اَے میری جان، صِرف خُدا ہی کی آس رکھیں؛
کیونکہ اُسی سے مُجھے اُمّید ہے۔
6صِرف وُہی میری چٹّان اَور میری نَجات ہیں؛
وہ میرا قلعہ ہیں، مُجھے جنبش نہ ہوگی۔
7میری نَجات اَور میری عزّت خُدا پر مُنحصر ہے؛
وہ میری مضبُوط چٹّان اَور میری پناہ گاہ ہیں۔
8اَے لوگو! ہر وقت خُدا پر توکّل کرو؛
اَپنا دِل اُن کے سامنے کھول دو،
کیونکہ خُدا ہماری پناہ گاہ ہیں۔
9ادنیٰ اِنسان دَم بھرکے لیٔے ہیں،
اَور اعلیٰ اِنسان جھُوٹے ہیں؛
اگر وہ تمام لوگ ترازو میں تو لے جایٔیں، تو ہلکے پایٔے جاتے ہیں؛
وہ سَب محض سانس کی مانند ہیں۔
10ظُلم پر توکّل نہ کرو
اَور لُوٹے ہُوئے مال پر مت پھُولو؛
خواہ تمہاری دولت بڑھ بھی جائے،
اُس پر اَپنا دِل نہ لگاؤ۔
11خُدا نے ایک بات فرمائی ہے،
مَیں نے یہ دو باتیں سُنی ہیں:
”اَے خُدا، آپ جلیلُ القدر ہیں،
12اَور یہ کہ اَے خُداوؔند، آپ کی لافانی مَحَبّت ہے“؛
یقیناً، ”آپ ہر شخص کو
اُس کے اعمال کے مُطابق اجر دیں گے۔“
موجودہ انتخاب:
زبُور 62: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.