YouVersion Logo
تلاش

زبُور 68

68
زبُور 68
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ داویؔد کا زبُور۔ ایک نغمہ۔
1خُدا اُٹھیں، اُن کے دُشمن پراگندہ ہوں؛
اُن کے مُخالف اُن کے سامنے سے بھاگ جایٔیں۔
2جِس طرح ہَوا دھوئیں کو اُڑا لے جاتی ہے، وَیسے ہی آپ اُنہیں اُڑا دیں؛
جَیسے موم آگ کے سامنے پگھل جاتا ہے،
وَیسے ہی بدکار لوگ خُدا کے سامنے فنا ہو جایٔیں۔
3لیکن صادق شادمان ہوں
اَور خُدا کے سامنے خُوشی منائیں؛
وہ خُوب خُوش اَور مسرُور ہُوں۔
4خُدا کے لیٔے نغمہ گاؤ، اُن کے نام کی مدح سرائی کرو،
اُن کی تعریف کرو جو بادلوں پر سواری کرتے ہیں۔ اُن کا نام یَاہوِہ ہے۔
اَور اُن کے سامنے خُوشی مناؤ۔
5خُدا اَپنے مُقدّس قِیام#68‏:5 مُقدّس قِیام آسمانی مقام میں،
یتیموں کا باپ اَور بیواؤں کا مُحافظ ہیں۔
6خُدا تنہا اِنسان کا گھر بساتے ہیں،
اَور قَیدیوں کی نغموں سے قیادت کرتے ہیں؛
لیکن باغی خشک زمین میں رہتے ہیں۔
7اَے خُدا، جَب آپ اَپنے لوگوں کے آگے آگے چلے،
اَور جَب آپ ویرانے میں سے گزرے،
8تو زمین کانپ اُٹھی، آسمان نے مینہ برسایا،
اَور خُدا کے سامنے یعنی کوہِ سِینؔائی کے خُدا،
اَور اِسرائیل کے خُدا کے سامنے،
9اَے خُدا، آپ نے خُوب مینہ برسایا؛
اَور اَپنی تھکی ہوئی مِیراث کو تازگی بخشی۔
10آپ کی اُمّت اُس مُلک میں بس گئی،
اَور اَے خُدا، آپ نے اَپنے فیض سے، مسکینوں کی ضرورتیں پُوری کیں۔
11خُداوؔند نے جو حُکم دیا،
خواتین کی ایک بڑی جماعت نے خُوشخبری کو سُنایا:
12”بادشاہ کے دشمن اَور اُن کے لشکر فوراً بھاگ جاتے ہیں؛
اَور لشکرگاہوں میں لوگ مالِ غنیمت تقسیم کرتے ہیں۔
13جَب تُم بھیڑوں کے باڑوں میں پڑے سو رہے ہوتے ہو،
تو میرے کبُوتر کے بازو چاندی سے،
اَور اُس کے پر چمکدار سونے سے منڈھے ہوتے ہیں۔“
14جَب قادرمُطلق خُدا نے بادشاہوں کو مُلک میں پراگندہ کیا،
تو یُوں لگا گویا کوہِ ضلمُونؔ پر برف باری ہُوئی ہے۔
15باشانؔ کے پہاڑ، معبُودوں کے نہایت دلکش پہاڑ ہیں؛
اَور باشانؔ کے پہاڑ بہت اُونچے بھی ہیں۔
16لیکن اَے اُونچے پہاڑو! تُم اُس پہاڑ پر کیوں حَسد بھری نظر ڈالتے ہو،
جسے خُدا نے اَپنی سکونت کے لیٔے اِنتخاب کیا ہے،
اَور جہاں یَاہوِہ اَبد تک سکونت پذیر ہوں گے؟
17خُدا کے رتھ ہزارہا ہیں
بَلکہ ہزاروں ہزار ہیں؛
خُداوؔند پاک کوہِ سِینؔائی سے اَپنے مَقدِس میں آئے۔
18جَب وہ آسمان پر چڑھے،
تو قَیدیوں کو اَپنے ساتھ لے گیٔے؛
آپ نے اَپنی اُمّت سے،
بَلکہ باغی اِنسانوں سے بھی انعامات قبُول فرمایٔے۔
تاکہ اَے یَاہوِہ، خُدا وہاں سکونت کر سکیں۔#68‏:18 اِفِ 4‏:8‏
19یَاہوِہ ہمارے مُنجّی خُداوؔند کی سِتائش ہو،
جو روزانہ ہمارے بوجھ اُٹھاتے ہیں۔
20ہمارے خُدا وہ خُدا ہیں جو بچاتے ہیں؛
موت سے نَجات یَاہوِہ قادر کی طرف سے ملتی ہے۔
21یقیناً خُدا اَپنے دُشمنوں کے سَر،
اَور اُن لوگوں کی بالدار کھوپڑیاں
کُچل ڈالیں گے جو مُتواتر گُناہ کرتے رہتے ہیں۔
22خُداوؔند فرماتے ہیں: ”میں اُنہیں باشانؔ سے لے آؤں گا؛
بَلکہ میں اُنہیں سمُندر کی تہہ سے بھی نکال لاؤں گا،
23تاکہ تُم اَپنے پاؤں اَپنے مُخالفوں کے خُون میں تر کر سکو،
اَور تمہارے کُتّوں کی زبانیں بھی اَپنا حِصّہ پائیں۔“
24اَے خُدا، آپ کا جلوس سَب کی نگاہ میں ہے،
میرے خُدا اَور بادشاہ کی پاک مَقدِس میں تشریف آوری کا جلوس۔
25موسیقار آگے آگے ہیں اَور سازندے اُن کے پیچھے ہیں؛
اَور اُن کے ساتھ دف بجاتی ہُوئی جَوان لڑکیاں ہیں۔
26بڑے مجمع میں خُدا کی مدح سرائی کرو؛
اِسرائیل کے مجمع میں یَاہوِہ کو مُبارک کہو۔
27کہیں بِنیامین کا چھوٹا قبیلہ اُن کی قیادت کر رہاہے،
تو کہیں یہُوداہؔ کے اُمرا کا بڑا ہُجوم،
اَور کہیں زبُولُون اَور نفتالی کے اُمرا نظر آتے ہیں۔
28اَے خُدا، اَپنی قُدرت کو ظاہر کریں،
اَے خُدا، ہمیں وُہی قُدرت دِکھائیں جِس سے آپ نے اِس سے قبل ہماری مدد کی تھی۔
29آپ کے یروشلیمؔ کے ہیکل کے سبب سے
بادشاہ آپ کی لیٔے عطیات لائیں گے۔
30نَیستان کے سرکنڈوں کے درمیان حَیوان کو، اَور سانڈوں کے گلّہ کو
جو قوموں کے بچھڑوں کے درمیان ہیں،
اُن کو دھمکا دیں، تاکہ عاجز ہوکر وہ چاندی کی اینٹیں لائیں۔
اُن قوموں کو پراگندہ کر دیں جو جنگ کا شوق رکھتی ہیں۔
31مِصر سے سفیر آئیں گے؛
اَور کُوشؔ#68‏:31 کُوشؔ ایتھوپیائی خُدا کے طابع ہو جائے گا۔
32اَے زمین کی مملکتو! خُدا کے لیٔے گاؤ،
خُداوؔند کی مدح سرائی کرو،
33جو قدیم آسمانوں پر سواری کرتے ہیں،
اَورجو زوردار آواز سے گرجتے ہیں۔
34خُدا کی قُدرت کا اعلان کرو،
جِن کی حشمت اِسرائیل میں،
اَور جِن کی قُدرت آسمانوں پر ہے۔
35اَے خُدا، آپ اَپنے پاک مَقدِس میں مُہیب ہیں؛
اِسرائیل کے خُدا اَپنی اُمّت کو قُوّت اَور طاقت بخشتے ہیں۔
خُدا کی تمجید ہو!

موجودہ انتخاب:

زبُور 68: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in