69
زبُور 69
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ ”شُوشنؔ“ کے سُرپر مَبنی داویؔد کی تصنیف۔
1اَے خُدا، مُجھے بچا لیں،
کیونکہ سیلاب کا پانی میری گردن تک آ پہُنچا ہے۔
2میں گہری دلدل میں دھنسا جا رہا ہُوں،
جہاں پاؤں رکھنے کو جگہ نہیں ہے۔
میں گہرے پانی میں آ پڑا ہُوں؛
اَور سیلاب مُجھے گھیرے ہُوئے ہے۔
3میں مدد کے لیٔے چلاّتے چلاّتے تھک گیا ہُوں؛
میرا گلا سُوکھ گیا ہے۔
اَور اَپنے خُدا کے اِنتظار میں،
میری آنکھیں پتھرا گئی ہیں۔
4جو مُجھ سے بلاوجہ عداوت رکھتے ہیں
اُن کی تعداد میرے سَر کے بالوں سے بھی زِیادہ ہے؛
جو ناحق میرے دُشمن بنے ہُوئے ہیں،
اَورجو میری بربادی پرتُلے ہُوئے ہیں
وہ بھی بہت ہیں۔
جو مَیں نے نہیں لیا وہ مُجھ سے وصول کیا جاتا ہے۔
5اَے خُدا، آپ میری حماقت سے واقف ہیں؛
اَور میرا جُرم آپ سے پوشیدہ نہیں ہے۔
6اَے خُداوؔند، قادرمُطلق یَاہوِہ!
آپ کی آس رکھنے والے
میری وجہ سے شرمندہ نہ ہوں،
اَور اَے اِسرائیل کے خُدا،
آپ کے طالب
میرے سبب سے پشیمان نہ ہوں۔
7کیونکہ آپ کی خاطِر مَیں نے ذِلّت برداشت کی،
اَور میرے مُنہ پر شرمندگی چھائی ہُوئی ہے۔
8میں اَپنے اِسرائیلی خاندانی بھائیوں میں اجنبی،
اَور اَپنی ہی ماں کے بیٹوں میں بیگانہ ٹھہرا؛
9آپ کے گھر کی غیرت مُجھے کھائے جاتی ہے،
اَور آپ کے ملامت کرنے والوں کی ملامتیں مُجھ پر آ پڑی ہیں۔
10جَب مَیں روتا اَور روزہ رکھتا ہُوں،
تَب بھی مُجھے ذِلّت کا سامنا کرنا پڑتا ہے؛
11جَب مَیں ٹاٹ#69:11 ٹاٹ بورے کا بنا ہُوا کپڑا اوڑھتا ہُوں،
تو لوگ میرا مضحکہ اُڑاتے ہیں۔
12شہر کے پھاٹک پر بیٹھنے والے، میرا مذاق اُڑاتے ہیں،
اَور مَیں نشہ بازوں کا نغمہ بَن گیا ہُوں۔
13لیکن اَے یَاہوِہ، میری آپ سے یہ دعا ہے،
کہ اَپنی نظرِکرم کے وقت؛
اَور اَے خُدا، اَپنی بڑی شفقت و مَحَبّت کے طفیل،
مُجھے جَواب دیں اَور نَجات کا یقین دِلائیں۔
14مُجھے دلدل میں سے بچا کر نکال لیں، اَور دھنسنے نہ دیں؛
مُجھ سے عداوت رکھنے والو،
اَور گہرے پانی سے بچا لیں۔
15سیلاب مُجھے گھیرے میں نہ لے سکیں
اَور نہ گہراؤ مُجھے نگل پایٔے
اَور نہ ہی پاتال مُجھے ہڑپ کر سکے۔
16اَے یَاہوِہ، اَپنی بے پایاں رحمت سے مُجھے جَواب دیں؛
اَور اَپنی بڑی شفقت و مَحَبّت سے میری طرف متوجّہ ہوں۔
17اَپنے خادِم سے روپوشی نہ کریں؛
مُجھے جلد جَواب دیں کیونکہ مَیں مُصیبت میں ہُوں۔
18میرے پاس آکر مُجھے رِہائی بخش دیں؛
میرے دُشمنوں سے مُجھے محفوظ رکھیں۔
19آپ میری ذِلّت، رُسوائی اَور شرمندگی سے واقف ہیں؛
میرے سارے دُشمن آپ کے سامنے ہیں۔
20ذِلّت کی وجہ سے میرا دِل ٹوٹ گیا ہے
اَور مَیں بے یارومددگار ہوکر رہ گیا ہُوں؛
میں کسی ہمدرد کا منتظر تھا لیکن وہاں کویٔی نہ تھا،
تسلّی دینے والوں کو بھی ڈھونڈا، لیکن کویٔی نہ مِلا۔
21اُنہُوں نے میرے کھانے میں پِت مِلا دیا،
اَور میری پیاس بُجھانے کے لیٔے مُجھے سِرکہ پِلایا۔
22اُن کا دسترخوان اُن کے لیٔے ایک پھندا بَن جائے؛
اَور اُن کی اَمن و سلامتی اُن کے لیٔے ایک جال بَن جائے۔
23اُن کی آنکھوں پر اَندھیرا چھا جائے تاکہ وہ دیکھ نہ سکیں،
اَور اُن کی کمریں ہمیشہ جُھکی رہیں۔
24اَپنا غضب اُن پر اُنڈیل دیں؛
اَور آپ کا شدید قہر اُن پر آ پڑے۔
25اُن کا مقام ویران ہو جائے؛
اَور اُن کے خیموں میں بسنے والا کویٔی نہ ہو،
26کیونکہ جنہیں آپ زخمی کرتے ہیں اُنہیں وہ ستاتے ہیں
اَور جنہیں آپ نے اِیذا پہُنچائی اُن کے درد کا چرچا کرتے ہیں۔#69:26 یَشع 53:4
27اُن پر قُصُور پر قُصُور کرنے کے اِلزام لگے؛
اَور اُنہیں اَپنی راستبازی میں شریک نہ ہونے دیں۔
28اُن کے نام کِتاب حیات میں سے مٹا دئیے جایٔیں
اَور وہ صادقوں کے ساتھ مندرج نہ ہوں۔
29میں درد اَور تکلیف میں ہُوں؛
اَے خُدا، آپ کی نَجات میری حِفاظت کرے۔
30میں گا کر خُدا کے نام کی سِتائش کروں گا،
اَور شُکر گُزاری کے ساتھ اُن کی تمجید کروں گا۔
31یہ یَاہوِہ کو بَیل سے زِیادہ،
بَلکہ سینگوں اَور کھُروں والے بچھڑے کی قُربانی سے بھی زِیادہ پسند آئے گا۔
32حلیم یہ دیکھ کر خُوش ہوں گے۔
اَے خُدا کے طالبو! تمہارے دِل زندہ رہیں!
33یَاہوِہ ضروُرت مندوں کی دعا کو سُنتے ہیں،
اَور اَپنے اسیروں کی حقارت نہیں کرتے۔
34آسمان اَور زمین،
اَور سمُندر اَورجو کچھ اُن میں چلتے پھرتے ہیں اُن کی سِتائش کریں
35کیونکہ خُدا صِیّونؔ#69:35 صِیّونؔ صِیّونؔ اَور یروشلیمؔ دونوں ایک ہی شہر کا حوالہ دیتے ہیں۔ کو بچائیں گے۔
اَور یہُوداہؔ صُوبہ کے شہروں کو اَز سرِ نَو تعمیر کریں گے۔
تَب لوگ وہاں بسیں گے اَور اُس علاقے پر قابض ہوں گے؛
36اَور خُدا کے خادِموں کی اَولاد اُن کی وارِث ہوگی،
اَور اُن کے نام سے مَحَبّت رکھنے والے اُن میں بسیں گے۔