یسعیاہ 4:54-8
یسعیاہ 4:54-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
خَوف نہ کر کیونکہ تُو پِھر پشیمان نہ ہو گی۔ تُو نہ گھبرا کیونکہ تُو پِھر رُسوا نہ ہو گی اور اپنی جوانی کا ننگ بُھول جائے گی اور اپنی بیوگی کی عار کو پِھر یاد نہ کرے گی۔ کیونکہ تیرا خالِق تیرا شَوہر ہے۔ اُس کا نام ربُّ الافواج ہے اور تیرا فِدیہ دینے والا اِسرائیل کا قُدُّوس ہے۔ وہ تمام رُویِ زمِین کا خُدا کہلائے گا۔ کیونکہ تیرا خُدا فرماتا ہے کہ خُداوند نے تُجھ کو مترُوکہ اور دِل آزُردہ بِیوی کی طرح ہاں جوانی کی مطلُوقہ بِیوی کی مانِند پِھر بُلایا ہے۔ مَیں نے ایک دَم کے لِئے تُجھے چھوڑ دِیا لیکن رحمت کی فراوانی سے تُجھے لے لُوں گا۔ خُداوند تیرا نجات دینے والا فرماتا ہے کہ قہر کی شِدّت میں مَیں نے ایک دَم کے لِئے تُجھ سے مُنہ چِھپایا پر اب مَیں ابدی شفقت سے تُجھ پر رحم کرُوں گا۔
یسعیاہ 4:54-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
خوف نہ کر کیونکہ تُم پھر پشیمان نہ ہوگی۔ رُسوائی کا خوف نہ کر کیونکہ تُم ذلیل نہ کی جائے گی۔ تُم اَپنا جَوانی کی شرم کو بھُول جائے گی اَور اَپنی بیوگی کی عاؔر کو پھر یاد نہ کرےگی۔ کیونکہ تمہارا خالق ہی تمہارا خَاوند ہے جِن کا نام قادرمُطلق یَاہوِہ ہے تمہارا نَجات دِہندہ اِسرائیل کا قُدُّوس ہے؛ جو سارے جہان کا خُدا کہلاتا ہے۔ کیونکہ تمہارا خُدا فرماتا ہے: یَاہوِہ تُمہیں اَیسے بُلائیں گے گویا تُم متروکہ بیوی اَور دِل آزردہ عورت تھی جِس کی شادی نوجوانی میں ہو گئی، لیکن اُسے فوراً ترک کر دیا گیا۔ کچھ دیر کے لیٔے مَیں نے تُجھے چھوڑ دیا تھا، لیکن اَپنی بے پناہ گہری شفقت کے باعث مَیں تُجھے واپس لاؤں گا۔ یَاہوِہ تمہارے نَجات دِہندہ فرماتے ہیں: سخت غُصّہ کی حالت میں مَیں نے پل بھرکے لیٔے تُجھ سے مُنہ چھُپا لیا تھا، پر اَب اَبدی شفقت سے مَیں تُجھ پر رحم کروں گا۔
یسعیاہ 4:54-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
مت ڈرنا، تیری رُسوائی نہیں ہو گی۔ شرم سار نہ ہو، تیری بےحرمتی نہیں ہو گی۔ اب تُو اپنی جوانی کی شرمندگی بھول جائے گی، تیرے ذہن سے بیوہ ہونے کی ذلت اُتر جائے گی۔ کیونکہ تیرا خالق تیرا شوہر ہے، رب الافواج اُس کا نام ہے، اور تیرا چھڑانے والا اسرائیل کا قدوس ہے، جو پوری دنیا کا خدا کہلاتا ہے۔“ تیرا خدا فرماتا ہے، ”تُو متروکہ اور دل سے مجروح بیوی کی مانند ہے، اُس عورت کی مانند جس کے شوہر نے اُسے رد کیا، گو اُس کی شادی اُس وقت ہوئی جب کنواری ہی تھی۔ لیکن اب مَیں، رب نے تجھے بُلایا ہے۔ ایک ہی لمحے کے لئے مَیں نے تجھے ترک کیا، لیکن اب بڑے رحم سے تجھے جمع کروں گا۔ مَیں نے اپنے غضب کا پورا زور تجھ پر نازل کر کے پل بھر کے لئے اپنا چہرہ تجھ سے چھپا لیا، لیکن اب ابدی شفقت سے تجھ پر رحم کروں گا۔“ رب تیرا چھڑانے والا یہ فرماتا ہے۔