YouVersion Logo
تلاش

یَشعیاہ 54

54
صِیّونؔ کی مُستقبِل کی شان
1اَے بانجھ عورت،
تُم جو بے اَولاد رہی، نغمہ گا؛
تُم کو جسے کبھی دردِزہ نہ ہُوا،
نغمہ سرائی کر اَور خُوشی سے للکار،
کیونکہ یَاہوِہ فرماتے ہیں کہ
چھوڑی ہُوئی عورت کی اَولاد
شوہر والی کی اَولاد سے زِیادہ ہوگی۔
2اَپنے خیمہ کے احاطہ کو بڑھا،
اَور اُس کے پردے وسیع کر،
دریغ نہ کر۔
اَپنی رسّیوں کی لمبائی بڑھا،
اَور اَپنی میخیں مضبُوط کر۔
3کیونکہ تُم داہنی اَور بائیں طرف پھیلے گی؛
اَور تیری نَسل قوموں کو ہٹا کر اُن کے ویران شہروں میں بسیں گی۔
4خوف نہ کر کیونکہ تُم پھر پشیمان نہ ہوگی۔
رُسوائی کا خوف نہ کر کیونکہ تُم ذلیل نہ کی جائے گی۔
تُم اَپنا جَوانی کی شرم کو بھُول جائے گی
اَور اَپنی بیوگی کی عاؔر کو پھر یاد نہ کرےگی۔
5کیونکہ تمہارا خالق ہی تمہارا خَاوند ہے
جِن کا نام قادرمُطلق یَاہوِہ ہے
تمہارا نَجات دِہندہ اِسرائیل کا قُدُّوس ہے؛
جو سارے جہان کا خُدا کہلاتا ہے۔
6کیونکہ تمہارا خُدا فرماتا ہے:
یَاہوِہ تُمہیں اَیسے بُلائیں گے
گویا تُم متروکہ بیوی اَور دِل آزردہ عورت تھی
جِس کی شادی نوجوانی میں ہو گئی،
لیکن اُسے فوراً ترک کر دیا گیا۔
7کچھ دیر کے لیٔے مَیں نے تُجھے چھوڑ دیا تھا،
لیکن اَپنی بے پناہ گہری شفقت کے باعث مَیں تُجھے واپس لاؤں گا۔
8یَاہوِہ تمہارے نَجات دِہندہ فرماتے ہیں:
سخت غُصّہ کی حالت میں
مَیں نے پل بھرکے لیٔے تُجھ سے مُنہ چھُپا لیا تھا،
پر اَب اَبدی شفقت سے
مَیں تُجھ پر رحم کروں گا۔
9یہ میرے لیٔے نوحؔا کے دِنوں کی طرح ہے،
جَب مَیں نے قَسم کھائی تھی کہ زمین پر نوحؔا کا سا سیلاب پھر کبھی نہ آئے گا۔
پس اَب مَیں نے قَسم کھائی ہے کہ مَیں تُجھ پر خفا نہ ہوں گا،
اَور نہ ہی تُجھے کبھی ڈانٹوں گا۔
10یَاہوِہ جو تُجھ پر مہربان ہے، یُوں کہتاہے:
خواہ پہاڑ ہلا دئیے جایٔیں
اَور ٹیلے سَرکا دئیے جایٔیں،
مگر میری لافانی مَحَبّت تُجھ پر سے کبھی نہ ہٹے گی
اَور نہ ہی میرا عہدِ اَمن کبھی ٹلےگا۔
11اَے مُصیبت زدہ شہر، جو طُوفان کا مارا ہُوا اَور تسلّی سے محروم ہے،
مَیں تُجھے سنگِ فیروزہ سے تعمیر کروں گا،
اَور تیری بُنیادیں نیلم سے ڈالوں گا۔
12مَیں تیرے قلعہ کی فصیل لعلوں سے،
اَور تیرے پھاٹک چمکدار جواہرات سے،
اَور تیری تمام دیواریں بیش قیمت پتّھروں سے بناؤں گا۔
13آپ کے تمام فرزند کو یَاہوِہ علم بخشیں گے،
اَور آپ کے بچّوں کو کامل تسلّی مُیسّر ہوگی۔
14تُو راستبازی سے پائدار ہو جائے گی:
تُو ظُلم سے دُور رہے گی؛
تُجھے کسی بات کا خوف نہ ہوگا۔
دہشت دُور کر دی جائے گی؛
وہ تیرے نزدیک نہ آئے گی۔
15اگر کویٔی تُجھ پر حملہ کرتا ہے تو وہ میری جانِب سے نہ ہوگا؛
اَورجو بھی تُجھ پر حملہ آور ہوگا وُہی تیرا مطیع ہو جائے گا۔
16”دیکھ، مَیں نے ہی لوہار کو پیدا کیا
جو کوئلوں کو سُلگا کر شُعلے پیدا کرتا ہے
اَور اَپنے کام کے لیٔے مُناسب ہتھیار تیّار کرتا ہے۔
اَور مَیں نے ہی تباہ گِر کو پیدا کیا تاکہ وہ تباہی مچائے؛
17تیرے خِلاف بنایا گیا کویٔی بھی ہتھیار کامیاب نہ ہوگا،
اَور تُو ہر اُس زبان کو جو تُجھے مُلزم قرار دے گی جھُوٹا ثابت کر دے گا۔
کہ یہ ہی ہے یَاہوِہ کے خادِموں کی مِیراث اَور
یہ ہی ہے میری طرف سے اُن کی راستبازی،“
یَاہوِہ کا یہ ہی فرمان ہے۔

موجودہ انتخاب:

یَشعیاہ 54: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in