یَشعیاہ 53
53
1ہمارے پیغام پر کون ایمان لایا
اَور یَاہوِہ کے ہاتھ کس پر ظاہر ہُوا
2وہ اُس کے سامنے ایک نازک ٹہنی کی طرح،
اَور اَیسی جڑ کی مانند تھا جو خشک زمین میں سے پھوٹ نکلی ہو۔
اُس میں نہ کویٔی حُسن تھا نہ جلال کہ ہم اُس پر نظر ڈالتے،
نہ اُن کی شکل و صورت میں کویٔی اَیسی خُوبی تھی کہ ہم اُس کے مُشتاق ہوتے۔
3لوگوں نے اُسے حقیر جانا اَور ردّ کر دیا،
وہ ایک غمگین اِنسان تھا جو رنج سے آشنا تھا۔
اَور اُس شخص کی مانند تھا جسے دیکھ کر لوگ مُنہ موڑ لیتے ہیں
وہ حقیر سمجھا گیا اَور ہم نے اُن کی کچھ قدر نہ جانی۔
بے شک اُس نے ہمارا درد اُٹھایا اَور ہماری تکلیف برداشت کی۔
4یقیناً اُس نے ہمارے درد
اَور بیماریاں برداشت کیں اَپنے اُوپر اُٹھالیا
پھر بھی ہم نے اُسے خُدا کا مارا، کُوٹا
اَور ستایا ہُوا سمجھا۔
5لیکن وہ ہماری خطاؤں کے سبب سے گھایل کیا گیا،
اَور ہماری بداعمالی کے باعث کُچلا گیا؛
جو سزا ہماری سلامتی کا باعث ہُوئی وہ اُن پرائی،
اَور اُس کے کوڑے کھانے سے ہم شفایاب ہُوئے۔
6ہم سَب بھیڑوں کی مانند بھٹک گیٔے،
ہم میں سے ہر ایک نے اَپنی اَپنی راہ لی؛
اَور یَاہوِہ نے ہم سَب کی بدکاری اُس پر لاد دی۔
7وہ ستایا گیا اَور زخمی ہُوا،
پھر بھی اُس نے اَپنا مُنہ نہ کھولا؛
بھیڑ کی طرح ذبح کرنے کے لیٔے لے گیٔے،
اَور جِس طرح برّہ اَپنے بال کترنے والوں کے سامنے بے زبان ہوتاہے،
اُسی طرح اُنہُوں نے بھی اَپنا مُنہ نہیں کھولا۔
8گِرفتار کرکے اَور مُجرم قرار دے کر وہ اُسے لے گیٔے۔
کون اُن کی نَسل کا حال بَیان کرےگا؟
کیونکہ وہ زندوں کی زمین پر سے کاٹ ڈالا گیا؛
اَور میرے لوگوں کے سرکشی کے سبب اُس پر مار پڑی۔
9وہ بدکاروں کے درمیان دفنایا گیا،
لیکن ایک اَیسی قبر میں رکھا گیا جو کسی دولتمند کے لیٔے بنائی گئی تھی،
حالانکہ اُس نے کبھی ظُلم نہ کیا،
نہ ہی اُن کے مُنہ سے کویٔی فریب کی بات نکلی۔
10پھر بھی یہ یَاہوِہ کی مرضی تھی کہ اُسے کُچلے اَور غمگین کرے،
اَور حالانکہ یَاہوِہ اُس کی جان کو خطا کی قُربانی قرار دیتے ہیں،
تو بھی وہ اَپنی اَولاد دیکھ پایٔےگا اَور اُس کی عمر دراز ہوگی،
اَور اُس کے ہاتھ کے وسیلہ سے یَاہوِہ کی مرضی پُوری ہوگی۔
11اَپنی جان کا دُکھ اُٹھاکر،
وہ زندگی کا نُور دیکھے گا اَور مطمئن ہوگا؛
اَپنے ہی عِرفان کے باعث میرا صادق خادِم بہُتوں کو راستباز ٹھہرائے گا،
اَور وہ اُن کی بدکاریاں خُود اُٹھالے گا۔
12اِس لیٔے میں اُسے عظیم لوگوں کے ساتھ حِصّہ دُوں گا،
اَور وہ زور آوروں کے ساتھ لُوٹ کا مال بانٹ لے گا،
کیونکہ اُس نے اَپنی جان موت کے لیٔے اُنڈیل دی،
اَور وہ بدکاروں کے ساتھ شُمار کیا گیا۔
کیونکہ اُس نے بہُتوں کے گُناہ اُٹھا لیٔے،
اَور بدکاروں کے لئے شفاعت کی۔
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 53: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.