یَشعیاہ 55
55
پیاسے کو دعوت
1”آؤ اَے سَب پیاسے لوگو،
پانی کے پاس آؤ؛
اَور جِن کے پاس پیسے نہیں،
وہ بھی آؤ، لو اَور کھاؤ!
آؤ اَور بِنا نقدی اَور بنا قیمت
مَے اَور دُودھ خریدو۔
2جو روٹی نہیں تُم اُس چیز کے لیٔے پیسہ کیوں خرچ کرتے ہو،
اَورجو شَے سیر نہیں کرتی اُس کے واسطے محنت کیوں کرتے ہو؟
سُنو، میری سُنو، اَورجو چیز اَچھّی ہے وُہی کھاؤ،
اَور تمہاری جان لذیذ کھانوں کے مزے لے گی۔
3کان لگاؤ اَور میرے پاس آؤ؛
میری سُنو تاکہ تُم زندہ رہے۔
میں تُم سے اَبدی عہد باندھوں گا،
یعنی میری وفا اَور اَبدی رحمت جِن کا وعدہ مَیں نے داویؔد سے کیا تھا۔
4دیکھو، مَیں نے اُسے قوموں کے لیٔے گواہ،
اَور اُمّتوں کے لیٔے حاکم اَور رہنما مُقرّر کیا ہے۔
5یقیناً تُو اَیسی قوموں کو بُلائے گا جنہیں تُو نہیں جانتا،
اَورجو قومیں تُجھے نہیں جانتیں وہ تیرے پاس دَوڑی چلی آئیں گی۔
یہ یَاہوِہ تیرے خُدا،
اَور اِسرائیل کے قُدُّوس کی وجہ سے ہوگا،
جنہوں نے تُجھے جلال بخشا ہے۔“
6جَب تک یَاہوِہ مِل سَکتا ہے اُس کے طالب ہو؛
اَور جَب تک وہ نزدیک ہے اُسے پُکارو۔
7بدکار اَپنی راہ چھوڑ دے
اَور بد کِردار اَپنے خیالات کو ترک کرے۔
وہ یَاہوِہ کی طرف پھرے اَور وہ اُس پر رحم کرےگا،
اَور ہمارے خُدا کی طرف رُجُوع کرے کیونکہ وہ کثرت سے مُعاف کرےگا۔
8یَاہوِہ فرماتے ہیں کہ
میرے خیالات تمہارے خیالات نہیں،
اَور نہ تمہاری راہیں میری راہیں ہیں۔
9”جِس طرح آسمان زمین سے اُونچے ہیں،
اُسی طرح میری راہیں تمہاری راہوں سے
اَور میرے خیالات تمہارے خیالات سے بُلند تر ہیں۔
10جِس طرح آسمان سے بارش ہوتی اَور برف گرتی ہے،
اَور پھر واپس نہیں جاتی
جَب تک کہ زمین کو شاداب کرکے اُس میں پھُول اَور پھل نہ اُگا دے،
تاکہ بونے والے کو بیج اَور کھانے والے کو روٹی مُہیّا ہو،
11اُسی طرح سے میرا کلام ہے جو میرے مُنہ سے نکلتا ہے:
وہ میرے پاس بیکار واپس نہ آئے گا،
بَلکہ میری مرضی پُوری کرےگا
اَور اُس مقصد میں کامیاب ہوگا جِس کے لیٔے مَیں نے اُسے بھیجا تھا۔
12کیونکہ تُم خُوشی سے نکلوگے
اَور سلامتی کے ساتھ روانہ کئے جاؤگے؛
پہاڑ اَور ٹیلے
تمہارے سامنے خُوشی کے نغمے گائیں گے،
اَور میدان کے تمام درخت
تالیاں بجائیں گے۔
13جھاڑی کی جگہ صنوبر نکلے گا،
اَور گھاس پھُوس کی بجائے مہندی کا درخت۔
یہ یَاہوِہ کے لیٔے نام ہوگا،
اَور ایک اَبدی نِشان،
جو کبھی نہ مٹے گا۔“
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 55: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.