YouVersion Logo
تلاش

یوحنا 1:2-11

یوحنا 1:2-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

تیسرے دِن قانائے گلِیل میں ایک شادی تھی۔ حُضُور عیسیٰ کی ماں بھی وہاں مَوجُود تھیں۔ حُضُور عیسیٰ اَور اُن کے شاگرد بھی شادی میں بُلائے گیٔے تھے۔ جَب انگوری شِیرہ ختم ہو گیا، تو حُضُور عیسیٰ کی ماں نے اُن سے کہا، ”اِن لوگوں کے پاس اَب اَور انگوری شِیرہ نہیں رہا۔“ حُضُور عیسیٰ نے اَپنی ماں سے فرمایا، ”اَے خاتُون، اِس سے آپ کا اَور میرا کیا واسطہ ہے؟ ابھی میرا وقت نہیں آیا ہے۔“ حُضُور عیسیٰ کی ماں نے خادِموں سے فرمایا، ”جو کُچھ عیسیٰ تُم سے فرمائیں وُہی کرنا۔“ نَزدیک ہی چھ پتّھر کے مٹکے رکھے ہویٔے تھے، جو یہُودیوں کی رسمِ طہارت کے لیٔے اِستعمال میں آتے تھے، اُن مٹکوں میں 75 سے 115 لیٹر پانی کی گنجائِش تھی۔ حُضُور عیسیٰ نے خادِموں سے فرمایا، ”مٹکوں میں پانی بھر دو؛“ اِس لیٔے اُنہُوں نے مٹکوں کو لبالب بھر دیا۔ اُس کے بعد حُضُور عیسیٰ نے اُن سے فرمایا، ”اَب کُچھ نِکال کر اَمیر مَجلِس کے پاس لے جاؤ۔“ اُنہُوں نے اَیسا ہی کیا۔ جَب اَمیر مَجلِس نے وہ پانی چکھا جو انگوری شِیرے میں تبدیل ہو گیا تھا۔ اُسے پتا نہ تھا کہ وہ انگوری شِیرہ کہاں سے آیا ہے، لیکن اُن خادِموں کو مَعلُوم تھا جو اُسے نکال کر لایٔے تھے۔ چنانچہ اَمیر مَجلِس نے دُلہا کو بُلایا اَور اُس سے کہا، ”ہر شخص شروع میں اَچھّا انگوری شِیرہ پیش کرتا ہے اَور بعد میں جَب مہمان سیر ہو جاتے ہیں تو گھٹیا قِسم کا انگوری شِیرہ پیش کرتا ہے مگر تُونے اَچھّا انگوری شِیرہ اَب تک رکھ چھوڑا ہے۔“ یہ حُضُور عیسیٰ کا پہلا معجزہ تھا جو آپ نے قانائے گلِیل میں دکھایا اَور اَپنا جلال ظاہر کیا؛ اَور آپ کے شاگرد آپ پر ایمان لایٔے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یوحنا 2

یوحنا 1:2-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

تیسرے دن گلیل کے گاؤں قانا میں ایک شادی ہوئی۔ عیسیٰ کی ماں وہاں تھی اور عیسیٰ اور اُس کے شاگردوں کو بھی دعوت دی گئی تھی۔ مَے ختم ہو گئی تو عیسیٰ کی ماں نے اُس سے کہا، ”اُن کے پاس مَے نہیں رہی۔“ عیسیٰ نے جواب دیا، ”اے خاتون، میرا آپ سے کیا واسطہ؟ میرا وقت ابھی نہیں آیا۔“ لیکن اُس کی ماں نے نوکروں کو بتایا، ”جو کچھ وہ تم کو بتائے وہ کرو۔“ وہاں پتھر کے چھ مٹکے پڑے تھے جنہیں یہودی دینی غسل کے لئے استعمال کرتے تھے۔ ہر ایک میں تقریباً 100 لٹر کی گنجائش تھی۔ عیسیٰ نے نوکروں سے کہا، ”مٹکوں کو پانی سے بھر دو۔“ چنانچہ اُنہوں نے اُنہیں لبالب بھر دیا۔ پھر اُس نے کہا، ”اب کچھ نکال کر ضیافت کا انتظام چلانے والے کے پاس لے جاؤ۔“ اُنہوں نے ایسا ہی کیا۔ جوں ہی ضیافت کا انتظام چلانے والے نے وہ پانی چکھا جو مَے میں بدل گیا تھا تو اُس نے دُولھے کو بُلایا۔ (اُسے معلوم نہ تھا کہ یہ کہاں سے آئی ہے، اگرچہ اُن نوکروں کو پتا تھا جو اُسے نکال کر لائے تھے۔) اُس نے کہا، ”ہر میزبان پہلے اچھی قسم کی مَے پینے کے لئے پیش کرتا ہے۔ پھر جب لوگوں کو نشہ چڑھنے لگے تو وہ نسبتاً گھٹیا قسم کی مَے پلانے لگتا ہے۔ لیکن آپ نے اچھی مَے اب تک رکھ چھوڑی ہے۔“ یوں عیسیٰ نے گلیل کے قانا میں یہ پہلا الٰہی نشان دکھا کر اپنے جلال کا اظہار کیا۔ یہ دیکھ کر اُس کے شاگرد اُس پر ایمان لائے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یوحنا 2

یوحنا 1:2-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

پِھر تِیسرے دِن قانایِ گلِیل میں ایک شادی ہُوئی اور یِسُوعؔ کی ماں وہاں تھی۔ اور یِسُوعؔ اور اُس کے شاگِردوں کی بھی اُس شادی میں دعوت تھی۔ اور جب مَے ہو چُکی تو یِسُوعؔ کی ماں نے اُس سے کہا کہ اُن کے پاس مَے نہیں رہی۔ یِسُوعؔ نے اُس سے کہا اَے عَورت مُجھے تُجھ سے کیا کام ہے؟ ابھی میرا وقت نہیں آیا۔ اُس کی ماں نے خادِموں سے کہا جو کُچھ یہ تُم سے کہے وہ کرو۔ وہاں یہُودِیوں کی طہارت کے دستُور کے مُوافِق پتّھر کے چھ مَٹکے رکھّے تھے اور اُن میں دو دو تِین تِین من کی گُنجایش تھی۔ یِسُوعؔ نے اُن سے کہا مَٹکوں میں پانی بھر دو۔ پس اُنہوں نے اُن کو لبالب بھر دِیا۔ پِھر اُس نے اُن سے کہا اب نِکال کر میرِ مجلِس کے پاس لے جاؤ۔ پس وہ لے گئے۔ جب میرِ مجلِس نے وہ پانی چکّھا جو مَے بن گیا تھا اور جانتا نہ تھا کہ یہ کہاں سے آئی ہے (مگر خادِم جِنہوں نے پانی بھرا تھا جانتے تھے) تو میرِ مجلِس نے دُلہا کو بُلا کر اُس سے کہا۔ ہر شخص پہلے اچھّی مَے پیش کرتا ہے اور ناقِص اُس وقت جب پی کر چھک گئے مگر تُو نے اچھّی مَے اب تک رکھ چھوڑی ہے۔ یہ پہلا مُعجِزہ یِسُوعؔ نے قانایِ گلِیل میں دِکھا کر اپنا جلال ظاہِر کِیا اور اُس کے شاگِرد اُس پر اِیمان لائے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یوحنا 2