امثال 17:16-33

امثال 17:16-33 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

راستبازی کی شاہراہ بدی سے الگ رہتی ہے؛ اَور اَپنی راہ کا نگہبان اَپنی جان کی حِفاظت کرتا ہے۔ تباہی سے پہلے تکبُّر، اَور زوال سے پہلے خُود بینی ہوتی ہے۔ فروتن بَن کر مظلوموں کے ساتھ رہنا مغروُروں کے ساتھ مِل کر لُوٹ کا مال حاصل کرنے سے بہتر ہے۔ جو تربّیت پر دھیان دیتاہے وہ خُوشحال ہوتاہے، اَور مُبارک ہے وہ جو یَاہوِہ پر بھروسا رکھتا ہے۔ دانا دِل والے اہلِ بصیرت کہلایٔیں گے، اَور شیریں زبانی سے علم کو فروغ ملتا ہے۔ ہوشیار اِنسان کے لیٔے عقل چشمہ حیات ہے، لیکن احمقوں کی حماقت اُن کے لیٔے سزا کا باعث بَن جاتی ہے۔ دانشمند کا دِل اُس کے مُنہ کی تربّیت کرتا ہے، اَور اُس کے لبوں کے علم کو بڑھاتاہے۔ دِل پسند باتیں شہد کا چھتّا ہیں، وہ جان کے لیٔے میٹھی اَور ہڈیّوں کے لیٔے شفا بخش ہوتی ہیں۔ اَیسی راہ بھی ہے جو اِنسان کو راست مَعلُوم ہوتی ہے، لیکن اُس کا اَنجام موت ہے۔ مزدُور کی بھُوک اُس سے مزدُوری کراتی ہے؛ اَور اُس کی بھُوک اُسے اُبھارتی رہتی ہے۔ بدمعاش بدی کا منصُوبہ بناتا ہے، اُس کی زبان سے بھڑکتی ہُوئی آگ نکلتی ہے۔ کجرو آدمی فتنہ برپا کرتا ہے، اَور غیبت گوئی گہرے دوستوں میں جدائی پیدا کردیتی ہے۔ تُند خُو آدمی اَپنے ہمسایہ کو ورغلاتا ہے اَور اُسے اَیسی راہ پر لے چلتا ہے جو تباہ کُن ہوتی ہے۔ آنکھ مارنے والا بُرا اِرادہ رکھتا ہے؛ اَور اَپنے ہونٹ چبانے والا شرارت کرنے پر تُلا ہُواہے۔ بُڑھاپے کے سفید بال شان و شوکت کا وہ تاج ہیں؛ جسے راستباز زندگی کے ذریعہ حاصل کیا جاتا ہے۔ صبر سے کام لینے والا پہلوان سے، اَور اَپنے غُصّہ پر قابُو پانے والا شہر پر قبضہ کرنے والے سے بہتر ہوتاہے۔ قُرعہ تو گود میں ڈالا جاتا ہے، لیکن اُس کا ہر فیصلہ یَاہوِہ کی طرف سے ہوتاہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 16

امثال 17:16-33 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

دیانت دار کی مضبوط راہ بُرے کام سے دُور رہتی ہے، جو اپنی راہ کی پہرا داری کرے وہ اپنی جان بچائے رکھتا ہے۔ تباہی سے پہلے غرور اور گرنے سے پہلے تکبر آتا ہے۔ فروتنی سے ضرورت مندوں کے درمیان بسنا گھمنڈیوں کے لُوٹے ہوئے مال میں شریک ہونے سے کہیں بہتر ہے۔ جو کلام پر دھیان دے وہ خوش حال ہو گا، مبارک ہے وہ جو رب پر بھروسا رکھے۔ جو دل سے دانش مند ہے اُسے سمجھ دار قرار دیا جاتا ہے، اور میٹھے الفاظ تعلیم میں اضافہ کرتے ہیں۔ فہم اپنے مالک کے لئے زندگی کا سرچشمہ ہے، لیکن احمق کی اپنی ہی حماقت اُسے سزا دیتی ہے۔ دانش مند کا دل سمجھ کی باتیں زبان پر لاتا اور تعلیم دینے میں ہونٹوں کا سہارا بنتا ہے۔ مہربان الفاظ خالص شہد ہیں، وہ جان کے لئے شیریں اور پورے جسم کو تر و تازہ کر دیتے ہیں۔ ایسی راہ بھی ہوتی ہے جو دیکھنے میں تو ٹھیک لگتی ہے گو اُس کا انجام موت ہے۔ مزدور کا خالی پیٹ اُسے کام کرنے پر مجبور کرتا، اُس کی بھوک اُسے ہانکتی رہتی ہے۔ شریر کُرید کُرید کر غلط کام نکال لیتا، اُس کے ہونٹوں پر جُھلسانے والی آگ رہتی ہے۔ کج رَو آدمی جھگڑے چھیڑتا رہتا، اور تہمت لگانے والا دلی دوستوں میں بھی رخنہ ڈالتا ہے۔ ظالم اپنے پڑوسی کو ورغلا کر غلط راہ پر لے جاتا ہے۔ جو آنکھ مارے وہ غلط منصوبے باندھ رہا ہے، جو اپنے ہونٹ چبائے وہ غلط کام کرنے پر تُلا ہوا ہے۔ سفید بال ایک شاندار تاج ہیں جو راست باز زندگی گزارنے سے حاصل ہوتے ہیں۔ تحمل کرنے والا سورمے سے سبقت لیتا ہے، جو اپنے آپ کو قابو میں رکھے وہ شہر کو شکست دینے والے سے برتر ہے۔ انسان تو قرعہ ڈالتا ہے، لیکن اُس کا ہر فیصلہ رب کی طرف سے ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 16

امثال 17:16-33 کِتابِ مُقادّس (URD)

راست کار آدمی کی شاہراہ یہ ہے کہ بدی سے بھاگے اور اپنی راہ کا نِگہبان اپنی جان کی حِفاظت کرتا ہے۔ ہلاکت سے پہلے تکبُّر اور زوال سے پہلے خُود بِینی ہے۔ مِسکِینوں کے ساتھ فروتن بننا مُتکِبّروں کے ساتھ لُوٹ کا مال تقسِیم کرنے سے بِہتر ہے۔ جو کلام پر توجُّہ کرتا ہے بھلائی دیکھے گا اور جِس کا توکُّل خُداوند پر ہے مُبارک ہے۔ دانا دِل ہوشیار کہلائے گا اور شِیرِین زُبانی سے عِلم کی فراوانی ہوتی ہے۔ عقل مند کے لِئے عقل حیات کا چشمہ ہے پر احمقوں کی تربِیّت حماقت ہے۔ دانا کا دِل اُس کے مُنہ کی تربِیّت کرتا ہے اور اُس کے لبوں کو عِلم بخشتا ہے۔ دِل پسند باتیں شہد کا چھتّا ہیں۔ وہ جی کو مِیٹھی لگتی ہیں اور ہڈِّیوں کے لِئے شِفا ہیں۔ اَیسی راہ بھی ہے جو اِنسان کو سِیدھی معلُوم ہوتی ہے پر اُس کی اِنتہا میں مَوت کی راہیں ہیں۔ محِنت کرنے والے کی خواہِش اُس سے کام کراتی ہے کیونکہ اُس کا پیٹ اُس کو اُبھارتا ہے۔ خبِیث آدمی شرارت کو کھود کر نِکالتا ہے اور اُس کے لبوں میں گویا جلانے والی آگ ہے۔ کج رَو آدمی فِتنہ انگیز ہے اور غِیبت کرنے والا دوستوں میں جُدائی ڈالتا ہے۔ تُند خُو آدمی اپنے ہمسایہ کو ورغلاتا ہے اور اُس کو بُری راہ پر لے جاتا ہے۔ آنکھ مارنے والا کجی اِیجاد کرتا ہے اور لب چبانے والا فساد برپا کرتا ہے۔ سفید سر شَوکت کا تاج ہے۔ وہ صداقت کی راہ پر پایا جائے گا۔ جو قہر کرنے میں دِھیما ہے پہلوان سے بِہتر ہے اور وہ جو اپنی رُوح پر ضابِط ہے اُس سے جو شہر کو لے لیتا ہے۔ قُرعہ گود میں ڈالا جاتا ہے پر اُس کا سارا اِنتظام خُداوند کی طرف سے ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 16