YouVersion Logo
تلاش

مکاشفہ 1:4-11

مکاشفہ 1:4-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

اِن باتوں کے بعد جو مَیں نے نِگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ آسمان میں ایک دروازہ کُھلا ہُؤا ہے اور جِس کو مَیں نے پیشتر نرسِنگے کی سی آواز سے اپنے ساتھ باتیں کرتے سُنا تھا وُہی فرماتا ہے کہ یہاں اُوپر آ جا۔ مَیں تُجھے وہ باتیں دِکھاؤں گا جِن کا اِن باتوں کے بعد ہونا ضرُور ہے۔ فوراً مَیں رُوح میں آ گیا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ آسمان پر ایک تخت رکھّا ہے اور اُس تخت پر کوئی بَیٹھا ہے۔ اور جو اُس پر بَیٹھا ہے وہ سنگِ یشب اور عقِیق سا معلُوم ہوتا ہے اور اُس تخت کے گِرد زُمّرد کی سی ایک دھَنک معلُوم ہوتی ہے۔ اور اُس تخت کے گِرد چَوبِیس تخت ہیں اور اُن تختوں پر چَوبِیس بزُرگ سفید پَوشاک پہنے ہُوئے بَیٹھے ہیں اور اُن کے سروں پر سونے کے تاج ہیں۔ اور اُس تخت میں سے بِجلِیاں اور آوازیں اور گرجیں پَیدا ہوتی ہیں اور اُس تخت کے سامنے آگ کے سات چراغ جل رہے ہیں۔ یہ خُدا کی سات رُوحیں ہیں۔ اور اُس تخت کے سامنے گویا شِیشہ کا سمُندر بِلّور کی مانِند ہے اور تخت کے بِیچ میں اور تخت کے گِرداگِرد چار جاندار ہیں جِن کے آگے پِیچھے آنکھیں ہی آنکھیں ہیں۔ پہلا جاندار بَبر کی مانِند ہے اور دُوسرا جاندار بَچھڑے کی مانِند اور تِیسرے جاندار کا چِہرہ اِنسان کا سا ہے اور چَوتھا جاندار اُڑتے ہُوئے عُقاب کی مانِند ہے۔ اور اِن چاروں جان داروں کے چھ چھ پر ہیں اور چاروں طرف اور اندر آنکھیں ہی آنکھیں ہیں اور رات دِن بغَیر آرام لِئے یہ کہتے رہتے ہیں کہ قدُّوس۔ قدُّوس۔ قدُّوس۔ خُداوند خُدا قادِرِ مُطلق جو تھا اور جو ہے اور جو آنے والا ہے۔ اور جب وہ جاندار اُس کی تمجِید اور عِزّت اور شُکرگُذاری کریں گے جو تخت پر بَیٹھا ہے اور ابدُالآباد زندہ رہے گا۔ تو وہ چَوبِیس بزُرگ اُس کے سامنے جو تخت پر بَیٹھا ہے گِر پڑیں گے اور اُس کو سِجدہ کریں گے جو ابدُالآباد زِندہ رہے گا اور اپنے تاج یہ کہتے ہُوئے اُس تخت کے سامنے ڈال دیں گے کہ اَے ہمارے خُداوند اور خُدا تُو ہی تمجِید اور عِزّت اور قُدرت کے لائِق ہے کیونکہ تُو ہی نے سب چِیزیں پَیدا کِیں اور وہ تیری ہی مرضی سے تِھیں اور پَیدا ہُوئیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 4

مکاشفہ 1:4-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اِس کے بعد مَیں نے دیکھا کہ آسمان میں ایک دروازہ کھُلا ہُواہے۔ تَب وُہی نرسنگے کی آواز جو مَیں نے پہلے سُنی تھی، مُجھ سے مُخاطِب ہوکر، فرمایا، یہاں اُوپر آ جا، مَیں تُجھے اُن باتوں کو دِکھاؤں گا جو اِن باتوں کے بعد ضروُر ہونے والی ہیں۔ تَب میں فوراً پاک رُوح کے گرفت میں آ گیا اَور کیا دیکھتا ہُوں کہ آسمان میں ایک تختِ الٰہی مَوجُود ہے اَور اُس پر کویٔی بیٹھا ہُواہے۔ وہ تخت نشین دیکھنے میں سنگِ یَشب اَور عقِیق کی طرح نظر آ رہاتھا اَور اُس تختِ الٰہی کے اِردگرد زُمُرّد کی مانند ایک چمکدار قوس قذح تھی۔ اُس تختِ الٰہی کے چاروں طرف چوبیس باقی اَور تخت مَوجُود تھے جِن پر چوبیس بُزرگ حُکمراں سفید جامے پہنے بیٹھے ہویٔے تھے اَور اُن کے سَروں پر سونے کے تاج تھے۔ اُس تختِ الٰہی میں سے بجلی کی چمک اَور بادلوں کے گرج کی صدائیں نکل رہی تھیں۔ اَور اُس تختِ الٰہی کے عَین سامنے آگ کے سات چراغ جَل رہے تھے۔ جو خُدا کی سات رُوحوں یعنی پاک رُوح کی نِشان دہی کرتے ہیں۔ اَور اُس تختِ الٰہی کے سامنے بِلّور کی مانند شفّاف شیشے کا سمُندر تھا۔ تختِ الٰہی کے بیچ میں اَور گِرداگِرد چار جاندار مخلُوق تھیں جِن کے آگے پیچھے آنکھیں ہی آنکھیں تھیں۔ پہلی جاندار مخلُوق شیرببر کی مانند تھی، دُوسری بچھڑے کی مانند، تیسرے کا چہرہ اِنسان کا سا تھا اَور چوتھا اُڑتے ہویٔے عُقاب کی مانند تھا۔ اِن چاروں جانداروں کے چھ چھ پر تھے اَور اُن کے سارے بَدن میں اَور پر کے اَندر اَور باہر آنکھیں ہی آنکھیں تھیں۔ وہ دِن رات لگاتار بغیر آرام فرمایٔے یہ کہتے رہتے ہیں: ” ’قُدُّوس، قُدُّوس، قُدُّوس قادرمُطلق خُداوؔند خُدا،‘ جو ہے اَورجو تھا اَورجو آنے والا ہے۔“ اَور جَب وہ جاندار مخلُوق اُس کی حَمد و سِتائش، تعظیم اَور شُکر گُزاری کرتے ہیں جو تخت نشین ہے اَورجو ابدُالآباد زندہ رہے گا، تو وہ چوبیس بُزرگ حُکمراں خُدا کے سامنے جو تخت نشین ہے، مُنہ کے بَل سَجدہ میں گِر پڑتے ہیں جو اَبد تک زندہ رہے گا۔ وہ اَپنے تاج یہ کہتے ہویٔے اُس تختِ الٰہی کے سامنے ڈال دیتے ہیں، ”اَے ہمارے خُداوؔند اَور خُدا، آپ ہی جلال، عزّت اَور قُدرت کے لائق ہیں، کیونکہ آپ ہی نے سَب چیزیں پیدا کیں، اَور وہ سَب آپ ہی مرضی سے تھیں اَور وُجُود میں آئیں۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 4

مکاشفہ 1:4-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اِس کے بعد مَیں نے دیکھا کہ آسمان میں ایک دروازہ کھلا ہوا ہے اور تُرم کی سی آواز نے جو مَیں نے پہلے سنی تھی کہا، ”اِدھر اوپر آ۔ پھر مَیں تجھے وہ کچھ دکھاؤں گا جسے اِس کے بعد پیش آنا ہے۔“ تب روح القدس نے مجھے فوراً اپنی گرفت میں لے لیا۔ وہاں آسمان پر ایک تخت تھا جس پر کوئی بیٹھا تھا۔ اور بیٹھنے والا دیکھنے میں یشب اور عقیق سے مطابقت رکھتا تھا۔ تخت کے ارد گرد قوسِ قزح تھی جو دیکھنے میں زمرد کی مانند تھی۔ یہ تخت 24 تختوں سے گھرا ہوا تھا جن پر 24 بزرگ بیٹھے تھے۔ بزرگوں کے لباس سفید تھے اور ہر ایک کے سر پر سونے کا تاج تھا۔ درمیانی تخت سے بجلی کی چمکیں، آوازیں اور بادل کی گرجیں نکل رہی تھیں۔ اور تخت کے سامنے سات مشعلیں جل رہی تھیں۔ یہ اللہ کی سات روحیں ہیں۔ تخت کے سامنے شیشے کا سا سمندر بھی تھا جو بلور سے مطابقت رکھتا تھا۔ بیچ میں تخت کے ارد گرد چار جاندار تھے جن کے جسموں پر ہر جگہ آنکھیں ہی آنکھیں تھیں، سامنے والے حصے پر بھی اور پیچھے والے حصے پر بھی۔ پہلا جاندار شیرببر جیسا تھا، دوسرا بَیل جیسا، تیسرے کا انسان جیسا چہرہ تھا اور چوتھا اُڑتے ہوئے عقاب کی مانند تھا۔ اِن چار جانداروں میں سے ہر ایک کے چھ پَر تھے اور جسم پر ہر جگہ آنکھیں ہی آنکھیں تھیں، باہر بھی اور اندر بھی۔ دن رات وہ بلاناغہ کہتے رہتے ہیں، ”قدوس، قدوس، قدوس ہے رب قادرِ مطلق خدا، جو تھا، جو ہے اور جو آنے والا ہے۔“ یوں یہ جاندار اُس کی تمجید، عزت اور شکر کرتے ہیں جو تخت پر بیٹھا ہے اور ابد تک زندہ ہے۔ جب بھی وہ یہ کرتے ہیں تو 24 بزرگ تخت پر بیٹھنے والے کے سامنے منہ کے بل ہو کر اُسے سجدہ کرتے ہیں جو ازل سے ابد تک زندہ ہے۔ ساتھ ساتھ وہ اپنے سونے کے تاج تخت کے سامنے رکھ کر کہتے ہیں، ”اے رب ہمارے خدا، تُو جلال، عزت اور قدرت کے لائق ہے۔ کیونکہ تُو نے سب کچھ خلق کیا۔ تمام چیزیں تیری ہی مرضی سے تھیں اور پیدا ہوئیں۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 4