زبور 7
7
انصاف کے لئے دعا
1داؤد کا وہ ماتمی گیت جو اُس نے کوش بن یمینی کی باتوں پر رب کی تمجید میں گایا۔
اے رب میرے خدا، مَیں تجھ میں پناہ لیتا ہوں۔ مجھے اُن سب سے بچا کر چھٹکارا دے جو میرا تعاقب کر رہے ہیں،
2ورنہ وہ شیرببر کی طرح مجھے پھاڑ کر ٹکڑے ٹکڑے کر دیں گے، اور بچانے والا کوئی نہیں ہو گا۔
3اے رب میرے خدا، اگر مجھ سے یہ کچھ سرزد ہوا اور میرے ہاتھ قصوروار ہوں،
4اگر مَیں نے اُس سے بُرا سلوک کیا جس کا میرے ساتھ جھگڑا نہیں تھا یا اپنے دشمن کو خواہ مخواہ لُوٹ لیا ہو
5تو پھر میرا دشمن میرے پیچھے پڑ کر مجھے پکڑ لے۔ وہ میری جان کو مٹی میں کچل دے، میری عزت کو خاک میں ملائے۔ (سِلاہ)
6اے رب، اُٹھ اور اپنا غضب دکھا! میرے دشمنوں کے طیش کے خلاف کھڑا ہو جا۔ میری مدد کرنے کے لئے جاگ اُٹھ! تُو نے خود عدالت کا حکم دیا ہے۔
7اقوام تیرے ارد گرد جمع ہو جائیں جب تُو اُن کے اوپر بلندیوں پر تخت نشین ہو جائے۔
8رب اقوام کی عدالت کرتا ہے۔ اے رب، میری راست بازی اور بےگناہی کا لحاظ کر کے میرا انصاف کر۔
9اے راست خدا، جو دل کی گہرائیوں کو تہہ تک جانچ لیتا ہے، بےدینوں کی شرارتیں ختم کر اور راست باز کو قائم رکھ۔
10اللہ میری ڈھال ہے۔ جو دل سے سیدھی راہ پر چلتے ہیں اُنہیں وہ رِہائی دیتا ہے۔
11اللہ عادل منصف ہے، ایسا خدا جو روزانہ لوگوں کی سرزنش کرتا ہے۔
12یقیناً اِس وقت بھی دشمن اپنی تلوار کو تیز کر رہا، اپنی کمان کو تان کر نشانہ باندھ رہا ہے۔
13لیکن جو مہلک ہتھیار اور جلتے ہوئے تیر اُس نے تیار کر رکھے ہیں اُن کی زد میں وہ خود ہی آ جائے گا۔
14دیکھ، بُرائی کا بیج اُس میں اُگ آیا ہے۔ اب وہ شرارت سے حاملہ ہو کر پھرتا اور جھوٹ کے بچے جنم دیتا ہے۔
15لیکن جو گڑھا اُس نے دوسروں کو پھنسانے کے لئے کھود کھود کر تیار کیا اُس میں خود گر پڑا ہے۔
16وہ خود اپنی شرارت کی زد میں آئے گا، اُس کا ظلم اُس کے اپنے سر پر نازل ہو گا۔
17مَیں رب کی ستائش کروں گا، کیونکہ وہ راست ہے۔ مَیں رب تعالیٰ کے نام کی تعریف میں گیت گاؤں گا۔
موجودہ انتخاب:
زبور 7: URDGVU
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Copyright © 2019 Urdu Geo Version. CC-BY-NC-ND