YouVersion Logo
تلاش

یرمِیاہ 20

20
فشحُور کاہِن کے ساتھ یرمِیاہ کا جھگڑا
1فشحُور بِن اِمّیر کاہِن نے جو خُداوند کے گھر میں سردار ناظِم تھا یَرمِیاؔہ کو یہ باتیں نبُوّت سے کہتے سُنا۔ 2تب فشحُور نے یَرمِیاؔہ نبی کو مارا اور اُسے اُس کاٹھ میں ڈالا جو بِنیمِین کے بالائی پھاٹک میں خُداوند کے گھر میں تھا۔ 3اور دُوسرے دِن یُوں ہوا کہ فشحُور نے یَرمِیاؔہ کو کاٹھ سے نِکالا۔ تب یَرمِیاؔہ نے اُسے کہا کہ خُداوند نے تیرا نام فشحُور نہیں بلکہ مُجورمِسّاؔبِیب رکھّا ہے۔ 4کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں تُجھ کو تیرے لِئے اور تیرے سب دوستوں کے لِئے دہشت کا باعِث بناؤُں گا اور وہ اپنے دُشمنوں کی تلوار سے قتل ہوں گے اور تیری آنکھیں دیکھیں گی اور مَیں تمام یہُوداؔہ کو شاہِ بابل کے حوالہ کر دُوں گا اور وہ اُن کو اسِیر کر کے بابل میں لے جائے گا اور اُن کو تلوار سے قتل کرے گا۔ 5اور مَیں اِس شہر کی ساری دَولت اور اِس کے تمام محاصِل اور اِس کی سب نفِیس چِیزوں کو اور یہُوداؔہ کے بادشاہوں کے سب خزانوں کو دے ڈالُوں گا۔ ہاں مَیں اُن کو اُن کے دُشمنوں کے حوالہ کر دُوں گا جو اُن کو لُوٹیں گے اور بابل کو لے جائیں گے۔ 6اور اَے فشحُور تُو اور تیرا سارا گھرانا اَسِیری میں جاؤ گے اور تُو بابل میں پُہنچے گا اور وہاں مَرے گا اور وہِیں دفن کِیا جائے گا۔ تُو اور تیرے سب دوست جِن سے تُو نے جُھوٹی نبُوّت کی۔
یَرمِیاہ خُداوند سے شِکایت کرتا ہے
7اَے خُداوند! تُو نے مُجھے ترغِیب دی ہے اور مَیں نے مان لِیا۔
تُو مُجھ سے توانا تھا اور تُو غالِب آیا۔
مَیں دِن بھر ہنسی کا باعِث بنتا ہُوں۔ ہر ایک
میری ہنسی اُڑاتا ہے۔
8کیونکہ جب جب مَیں کلام کرتا ہُوں زور سے پُکارتا ہُوں۔
مَیں نے غضب اور ہلاکت کا اِعلان کِیا
کیونکہ خُداوند کا کلام دِن بھر میری ملامت اور ہنسی کا باعِث ہوتا ہے۔
9اور اگر مَیں کہُوں کہ مَیں اُس کا ذِکر نہ کرُوں گا
نہ پِھر کبھی اُس کے نام سے کلام کرُوں گا
تو اُس کا کلام میرے دِل میں جلتی آگ کی مانِند ہے
جو میری ہڈِّیوں میں پوشِیدہ ہے
اور مَیں ضبط کرتے کرتے تھک گیا
اور مُجھ سے رہا نہیں جاتا۔
10کیونکہ مَیں نے بُہتوں کی تُہمت سُنی۔
چاروں طرف دہشت ہے۔
اُس کی شکایت کرو۔ وہ کہتے ہیں
ہم اُس کی شِکایت کریں گے۔
میرے سب دوست میرے ٹھوکر کھانے کے مُنتظِر ہیں
اور کہتے ہیں شاید وہ ٹھوکر کھائے۔
تب ہم اُس پر غالِب آئیں گے اور اُس سے بدلہ لیں گے۔
11لیکن خُداوند مُہِیب بہادُر کی مانِند میری طرف ہے۔
اِس لِئے مُجھے ستانے والوں نے ٹھوکر کھائی اور غالِب نہ آئے۔
وہ نِہایت شرمِندہ ہُوئے اِس لِئے کہ اُنہوں نے اپنا مقصد نہ پایا۔
اُن کی شرمِندگی ہمیشہ تک رہے گی۔ کبھی فراموش نہ ہو گی۔
12پس اَے ربُّ الافواج! تُو جو صادِقوں کو آزماتا
اور دِل و دِماغ کو دیکھتا ہے
اُن سے بدلہ لے کر مُجھے دِکھا
اِس لِئے کہ مَیں نے اپنا دعویٰ تُجھ پر ظاہِر کِیا ہے۔
13خُداوند کی مدح سرائی کرو۔ خُداوند کی سِتایش کرو کیونکہ اُس نے مِسکِین کی جان کو بدکرداروں کے ہاتھ سے چُھڑایا ہے۔
14لَعنت اُس دِن پر جِس میں مَیں پَیدا ہُؤا۔
وہ دِن جِس میں میری ماں نے مُجھ کو جنم دِیا ہرگِز مُبارک نہ ہو۔
15لَعنت اُس آدمی پر جِس نے میرے باپ کو یہ کہہ کر خبر دی کہ
تیرے ہاں بیٹا پَیدا ہُؤا اور اُسے بُہت خُوش کِیا۔
16ہاں وہ آدمی اُن شہروں کی مانِند ہو
جِن کو خُداوند نے شِکست دی اور افسوس نہ کِیا
اور وہ صُبح کو خَوفناک شور سُنے
اور دوپہر کے وقت بڑی للکار۔
17اِس لِئے کہ اُس نے مُجھے رَحِم ہی میں قتل نہ کِیا
کہ میری ماں میری قبر ہوتی اور اُس کا رَحِم ہمیشہ تک بھرا رہتا۔
18مَیں پَیدا ہی کیوں ہُؤا
کہ مشقّت اور رنج دیکُھوں
اور میرے دِن رُسوائی میں کٹیں؟

موجودہ انتخاب:

یرمِیاہ 20: URD

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in