2 تواریخ 14
14
1اَور ابیّاہؔ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا اَور داویؔد کے شہر میں دفن کیا گیا۔ اَور اُس کا بیٹا آساؔ اُس کی جگہ پر بادشاہ بنا اَور اُس کے دِنوں میں دس سال تک مُلک میں اَمن رہا۔
شاہِ یہُودیؔہ آساؔ
2اَور آساؔ نے وُہی کیا جو یَاہوِہ اُس کے خُدا کی نظر میں دُرست اَور راست تھا۔ 3کیونکہ آساؔ نے غَیر قوموں کے مذبحوں اَور اُونچے مقامات پر مَوجُود زیارت گاہوں کو نِیست و نابود کر دیا، مُقدّس پتّھر کے سُتونوں کو گرا دیا اَور اشیراہؔ کے سُتونوں کو کاٹ ڈالا۔ 4آساؔ نے یہُوداہؔ کو حُکم دیا کہ وہ یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کے طالب ہوں اَور اُن کے آئین اَور اَحکام پر عَمل کریں۔ 5آساؔ نے یہُوداہؔ کے تمام شہروں سے بُلند مقامات پر مَوجُود زیارت گاہوں اَور بخُور جَلانے کے مذبحوں کو ڈھا دیا اَور اُس کی مملکت میں اَمن رہا۔ 6اَمن کے ایّام میں اُس نے یہُوداہؔ کے فصیلدار شہر تعمیر کئے۔ اُسے اُن سالوں میں جنگ کرنے کی ضروُرت بھی پیش نہ آئی کیونکہ یَاہوِہ نے اُسے آرام عطا فرمایا تھا۔
7آساؔ نے یہُوداہؔ کو حُکم دیا تھا، ”آؤ ہم یہ شہر تعمیر کریں اَور اُنہیں فصیلوں، بُرجوں، سلاخوں اَور پھاٹکوں سے مُستحکم کریں۔ یہ مُلک اَب بھی ہمارا ہے کیونکہ ہم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے طالب ہُوئے ہیں۔ ہم اُن کے طالب ہُوئے اَور یَاہوِہ نے ہمیں چاروں طرف سے سلامتی بخشی ہے۔“ چنانچہ وہ شہر تعمیر کرتے گئے اَور کامیابی حاصل کرتے گئے۔
8آساؔ کے پاس یہُوداہؔ کے تین لاکھ جَوانوں کا لشکر تھا جو ڈھالوں اَور نیزوں سے مُسلّح تھے۔ اَور بِنیامین کے دو لاکھ اسّی ہزار جَوانوں کا لشکر تھا جو چُھوٹی ڈھالوں اَور تیر کمانوں سے مُسلّح تھے۔ یہ سَب زبردست جنگجو مَرد تھے۔
9اَور زیراحؔ کُوشی دس لاکھ فَوجیوں اَور تین سَو رتھ کا لشکر لے کر یہُوداہؔ پر حملہ کرنے کو نِکلا اَور مریشہؔ تک آ پہُنچا۔ 10اَور آساؔ اُس کے مُقابلہ کو گیا اَور اُنہُوں نے مریشہؔ کے قریب وادی صفاتھؔا میں جنگ کے لئے صف آرائی کی۔
11تَب آساؔ نے یَاہوِہ اَپنے خُدا سے فریاد کی، اَے یَاہوِہ جنگ کی صورت میں زورآور کے خِلاف ناتواں کی مدد کرنے کو آپ کے علاوہ اَور کویٔی نہیں ہے جو مدد کے لئے مَوجُود ہو۔ اِس لئے اَے یَاہوِہ ہمارے خُدا، ہماری مدد کر کیونکہ ہم صرف آپ پر ہی اُمّید رکھتے ہیں اَور آپ ہی کے نام سے اِس لشکرِ جبّار کا مُقابلہ کرنے آئے ہیں۔ اَے یَاہوِہ آپ ہی ہمارے خُدا ہیں۔ اَیسا کبھی نہ ہو کہ اِنسان آپ کے مُقابلے میں غالب ہونے پایٔے۔
12تَب یَاہوِہ نے آساؔ اَور یہُوداہؔ کی فَوج کے سامنے کُوشی فَوج کو شِکست دی اَور کُوشی میدانِ جنگ سے بھاگ کھڑے ہُوئے۔ 13اَور آساؔ اَور اُس کی فَوج نے گِراؔر تک اُن کا تعاقب کیا۔ کُوشی اِتنی بڑی تعداد میں مارے گیٔے کہ پھر وہ دوبارہ حملہ نہ سکے۔ کیونکہ وہ یَاہوِہ اَور اُن کی افواج کے سامنے کُچل ڈالے گیٔے تھے اَور یہُوداہؔ کی فَوج نے بہت سا مالِ غنیمت حاصل کیا۔ 14یہُوداہؔ کی فَوج نے گِراؔر کے اطراف کے تمام شہروں کو نِیست و نابود کر دیا کیونکہ یَاہوِہ کی دہشت اُن پر چھاگئی تھی۔ اَور یہُوداہؔ کی فَوج نے اُن تمام شہروں کو لُوٹ لیا کیونکہ وہاں بہت سا مالِ غنیمت تھا۔ 15اَور اُنہُوں نے اُن کے گلّہ بانوں کے ڈیروں پر بھی حملہ کیا اَور اِن سے فَوج نے کثرت سے بھیڑ بکریاں اَور اُونٹ لے کر یروشلیمؔ لَوٹ گیٔے۔
موجودہ انتخاب:
2 تواریخ 14: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.