2 تواریخ 18
18
میکایاہؔ کا احابؔ کے خِلاف نبُوّت کرنا
1یہوشافاطؔ کی دولت اَور عزّت بہت بڑھ گئی اَور اُس نے شادی کے ذریعہ احابؔ سے اَپنے گھرانے کا رشتہ جوڑ لیا۔ 2اَور چند سالوں کے بعد وہ احابؔ سے مِلنے سامریہؔ گیا۔ احابؔ نے یہوشافاطؔ اَور اُس کے ساتھیوں کے شاہی اِحترام میں بہت سِی بھیڑ بکریاں اَور بَیل ذبح کروائے پھر احابؔ نے یہوشافاطؔ کو راموتؔ گِلعادؔ پر حملہ کرنے کے لئے جوش دِلایا۔ 3اَور شاہِ اِسرائیل احابؔ نے شاہِ یہُودیؔہ یہوشافاطؔ سے پُوچھا، ”کیا آپ راموتؔ گِلعادؔ پر حملہ کرنے میرے ساتھ چلیں گے؟“
یہوشافاطؔ نے جَواب دیا، ”مَیں آپ کے ساتھ ہُوں، اَور میری فَوج آپ کی فَوج ہے، چنانچہ جنگ میں ہم آپ کا ساتھ دیں گے۔“ 4لیکن یہوشافاطؔ نے شاہِ اِسرائیل سے یہ بھی کہا، ”پہلے یَاہوِہ کی مرضی تو مَعلُوم کر لیں۔“
5شاہِ اِسرائیل نے نبیوں کو جمع کیا جو تعداد میں چار سَو آدمی تھے اَور اُن سے پُوچھا، ”کیا میں راموتؔ گِلعادؔ سے جنگ کرنے جاؤں یا نہ جاؤں؟“
اُنہُوں نے جَواب دیا، ”ضروُر جاؤ کیونکہ خُدا اُسے بادشاہ کے قبضے میں کر دیں گے۔“
6لیکن یہوشافاطؔ نے پُوچھا، ”کیا یہاں اِن نبیوں کے سِوا یَاہوِہ کا کویٔی نبی نہیں ہے جِس سے ہم دریافت کر سکیں؟“
7تَب شاہِ اِسرائیل نے یہوشافاطؔ کو جَواب دیا، ”ابھی ایک اَور آدمی ہے جِس کے ذریعہ ہم یَاہوِہ سے پُوچھ سکتے ہیں لیکن مُجھے اُس سے نفرت ہے کیونکہ وہ میرے متعلّق کبھی اَچھّی نبُوّت نہیں کرتا بَلکہ ہمیشہ بُری نبُوّت کرتا ہے، اُس کا نام میکایاہؔ بِن اِملہؔ ہے۔“
یہوشافاطؔ نے جَواب دیا، ”بادشاہ کو اَیسا نہیں بولنا چاہئے۔“
8لہٰذا شاہِ اِسرائیل نے اَپنے ایک افسر کو بُلاکر حُکم دیا، ”میکایاہؔ بِن اِملہؔ کو فوراً یہاں لے آؤ۔“
9اَور شاہِ اِسرائیل اَور شاہِ یہُودیؔہ یہوشافاطؔ شاہی لباس میں سامریہؔ کے پھاٹک کے مدخل کے قریب ایک کھلیان میں اَپنے اَپنے تخت پر تخت نشین تھے اَور اُن کے سامنے تمام نبی نبُوّت کر رہے تھے۔ 10اَور صِدقیاہؔ بِن کنعانہؔ نے اَپنے لئے لوہے کے سینگ بنوا کر اعلان کیا، ”یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ’تُم اِن سینگوں سے ارامیوں کو اِس طرح ماروگے کہ وہ نِیست و نابود ہو جایٔیں گے۔‘ “
11اَور تمام دیگر نبی بھی اَیسی ہی نبُوّت کر رہے تھے اَور کہہ رہے تھے، ”کہ راموتؔ گِلعادؔ پر حملہ کرو اَور فتح پاؤ کیونکہ یَاہوِہ اُسے بادشاہ کے قبضے میں کر دیں گے۔“
12اَور اُس قاصِد نے جو میکایاہؔ کو بُلانے گیا تھا اُس نے میکایاہؔ کو حُکم دیا، ”دیکھو، سارے نبی ایک زبان ہوکر بادشاہ کی کامیابی کی پیشن گوئی کر رہے ہیں؛ تُم بھی اُن ہی کی طرح پیشن گوئی کرنا اَور بادشاہ کو خُوش کرنے والی اَچھّی بات کرنا۔“
13لیکن میکایاہؔ نے کہا، ”زندہ یَاہوِہ کی قَسم میں وُہی کہُوں گا جو میرا خُدا مُجھ سے فرمائیں گے۔“
14جَب وہ بادشاہ کے حُضُور پہُنچا، تو بادشاہ نے اُس سے پُوچھا، ”اَے میکایاہؔ کیا ہم راموتؔ گِلعادؔ سے جنگ کرنے جایٔیں یا باز رہیں؟“
میکایاہؔ نے جَواب دیا، ”تُم حملہ کرو، فتح تمہاری ہوگی کیونکہ وہ تمہارے حوالے کر دئیے جایٔیں گے۔“
15بادشاہ نے میکایاہؔ سے کہا، ”میں کتنی مرتبہ تُمہیں قَسم دِلا کر کہُوں کہ تُم یَاہوِہ کے نام سے سچّی بات کے سِوا مُجھے اَور کچھ مت بتاؤ؟“
16تَب میکایاہؔ نے جَواب دیا، ”مَیں نے تمام بنی اِسرائیل کو اُن بھیڑوں کی مانند پہاڑوں پر پراگندہ دیکھا جِن کا کویٔی گلّہ بان نہ تھا۔ اَور یَاہوِہ نے فرمایا، ’اِن لوگوں کا کویٔی آقا نہیں ہے۔ اِس لئے ہر ایک اَپنے گھر کو سہی سلامت لَوٹ جائے۔‘ “
17اِس پر شاہِ اِسرائیل نے یہوشافاطؔ سے کہا، ”کیا مَیں نے آپ کو نہیں بتایا تھا کہ وہ میرے متعلّق کبھی اَچھّی بات کی نبُوّت نہیں کرتا، صِرف بدی کی ہی نبُوّت کرتا ہے؟“
18میکایاہؔ نے اَپنی بات جاری رکھتے ہُوئے کہا، ”لہٰذا یَاہوِہ کا کلام سُنو، مَیں نے یَاہوِہ کو اَپنے تخت پر بیٹھے اَور تمام آسمانی فَوج کو اُن کے داہنی اَور بائیں طرف کھڑے دیکھا۔ 19اَور یَاہوِہ نے دریافت کیا، ’شاہِ اِسرائیل احابؔ کو کون ورغلائے گا کہ وہ راموتؔ گِلعادؔ پر حملہ کرے تاکہ وہ وہاں ماراجائے؟‘
”اَور کسی نے کچھ جَواب دیا اَور کسی نے کچھ اَور۔ 20آخِرکار ایک خاص رُوح سامنے آئی اَور یَاہوِہ کے حُضُور کھڑی ہوئی اَور کہنے لگی، ’مَیں اُسے ورغلاؤں گی۔‘
” ’مگر کس طرح؟‘ یَاہوِہ نے اُس سے پُوچھا۔
21”اُس نے جَواب دیا، ’مَیں جاؤں گی اَور بادشاہ کے تمام نبیوں کے مُنہ میں ایک جھُوٹ بولنے والی رُوح بَن جاؤں گی۔‘
” ’تَب یَاہوِہ نے فرمایا، تُم اُسے ورغلانے میں ضروُر کامیاب ہوگی۔ جاؤ اَور اَیسا ہی کرو۔‘
22”اِس لئے دیکھ، یَاہوِہ نے تمہارے اِن تمام نبیوں کے مُنہ میں جھُوٹ بولنے والی رُوح ڈال دی ہے اَور یَاہوِہ نے تمہارے بارے میں تباہی کا فرمان جاری کیا ہے۔“
23تَب صِدقیاہؔ بِن کنعانہؔ نے جا کر میکایاہؔ کے مُنہ پر تھپّڑ مارا اَور پُوچھا، ”آخِرکار یَاہوِہ سے آئی رُوح مُجھ میں سے نکل کر تُم سے کلام کرنے کیسے چلی گئی؟“
24میکایاہؔ نے جَواب دیا، ”جِس دِن تُم چھُپنے کے لیٔے اَندرونی کوٹھری میں جاؤگے، تَب تُمہیں مَعلُوم ہو جائے گا۔“
25تَب شاہِ اِسرائیل نے حُکم دیا، ”میکایاہؔ کو پکڑ لو اَور اُسے شہر کے حاکم امُونؔ اَور بادشاہ کے بیٹے یُوآشؔ کے پاس لے جاؤ۔ 26اَور اُن سے کہنا، ’بادشاہ یُوں فرماتا ہے: اِس آدمی کو قَیدخانہ میں رکھو اَور اُس سے مشقّت کراؤ اَور میرے سلامتی سے واپس آنے تک اُسے ذرا سِی روٹی اَور پانی کے سِوا اَور کچھ نہ دیا جائے۔‘ “
27اِس پر میکایاہؔ نے کہا، ”اگر تُم کبھی صحیح سلامت واپس لَوٹ آئے تو سمجھ لینا کہ یَاہوِہ نے میری مَعرفت کلام ہی نہیں کیا تھا۔“ تَب اُس نے مجمع سے مزید کہا، ”اَے سَب لوگوں! میری باتیں یاد رکھنا!“
احابؔ کا راموتؔ گِلعادؔ میں مارا جانا
28چنانچہ شاہِ اِسرائیل اَور شاہِ یہُودیؔہ یہوشافاطؔ نے راموتؔ گِلعادؔ پر حملہ کر دیا۔ 29اَور شاہِ اِسرائیل نے یہوشافاطؔ سے کہا، ”میں حُلیہ بدل کر جنگ میں جاؤں گا مگر آپ اَپنا شاہی لباس پہنے رہنا۔“ لہٰذا شاہِ اِسرائیل اَپنا حُلیہ بدل کر جنگ میں گیا۔
30اُدھر شاہِ ارام نے اَپنے رتھوں کے سرداروں کو حُکم دیا تھا، ”سِوائے شاہِ اِسرائیل کے تُم کسی چُھوٹے یا بڑے سے نہ لڑنا۔“
31جَب رتھوں کے سرداروں نے یہوشافاطؔ کو دیکھا تو اُنہُوں نے زور سے چِلّاکر کہا، ”شاہِ اِسرائیل یہی ہے۔“ اِس لیٔے اُنہُوں نے اُس پر حملہ کرنے کی غرض سے اُسے چاروں طرف سے گھیرلیا لیکن یہوشافاطؔ نے چِلّاکر دعا کی اَور یَاہوِہ نے اُس کی مدد کی۔ اَور خُدا نے ارامی رتھوں کے سرداروں کو اُس کے پاس سے ہٹا دیا۔ 32جَب رتھوں کے سرداروں نے دیکھا کہ وہ شاہِ اِسرائیل نہیں ہے لہٰذا وہ یہوشافاطؔ کا تعاقب کرنے سے باز آئے۔
33لیکن کسی فَوجی نے بِلا مقصد اَپنی کمان کھینچی تیر چلایا اَور اُس کا تیر شاہِ اِسرائیل کے زرہ بکتر کے بندوں کے درمیان جا لگا۔ تَب بادشاہ نے اَپنے رتھ بان کو حُکم دیا، ”رتھ موڑ لے اَور مُجھے میدانِ جنگ سے باہر لے چل کیونکہ مَیں زخمی ہو گیا ہُوں۔“ 34اَور اُس دِن خُونریزی جنگ ہُوئی، شاہِ اِسرائیل نے شام تک ارامیوں کے مقابل اَپنے رتھ پر اَپنے آپ کو کسی نہ کسی طرح سنبھالے رکھا مگر آفتاب کے غروب ہونے کے قریب مَر گیا۔
موجودہ انتخاب:
2 تواریخ 18: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.