اِستِثنا 21
21
بےگُناہ کے خُون کا کفّارہ
1اگر اُس مُلک میں جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے قبضہ میں دے رہے ہیں، کسی مقتول کی لاش میدان میں پڑی ہُوئی ملے اَور یہ مَعلُوم نہ ہو کہ اُس کا قاتل کون ہے، 2تو تمہارے بُزرگ اَور قاضی باہر نکل کر اُس لاش کے چاروں طرف کے نزدیکی شہروں کا فاصلہ ناپیں۔ 3تَب جو شہر اُس مقتول لاش کے بالکُل قریب ہو، وہاں کے بُزرگ ایک بچھیا لیں جِس سے کبھی کویٔی کام نہ لیا گیا ہو نہ ہل جوتنے میں اَور نہ بیج بونے میں۔ 4پھر وہ بُزرگ اُس بچھیا کو ایک اَیسی وادی میں لے جایٔیں جہاں نہ ہل چلایا گیا ہو اَور نہ کچھ بویا گیا ہو اَور جہاں بہتے ہویٔے پانی کا چشمہ ہو۔ اَور وہاں اُس وادی میں اُس بچھیا کی گردن توڑ دیں۔ 5تَب بنی لیوی جو کاہِنؔ ہیں نزدیک آئیں کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے اُنہیں خدمت کرنے اَور یَاہوِہ کے نام سے برکت دینے اَور تمام تنازعوں اَور جھگڑوں کے مُعاملوں کا فیصلہ کرنے کے لیٔے مُنتخب کیا ہے۔ 6تَب اُس شہر کے سَب بُزرگ جو اُس مقتول لاش کے سَب سے قریب رہنے والے ہُوں، اُس بچھیا کے اُوپر اَپنے اَپنے ہاتھ دھوئیں، جِس کی گردن اُس وادی میں توڑی گئی ہو، 7اَور وہ یُوں اعلان کریں: ”یہ خُون ہمارے ہاتھوں نہیں ہُواہے اَور نہ اِسے ہماری آنکھوں نے ہوتے ہویٔے دیکھاہے۔ 8لہٰذا اَے یَاہوِہ! اَپنی قوم اِسرائیل کے واسطے جسے آپ نے چھُڑایا ہے یہ فدیہ قبُول فرمائیں، اَور کسی بےگُناہ کے خُون کے لیٔے اَپنی قوم کو مُجرم نہ قرار دیں۔“ تَب اُنہیں خُون کے جُرم سے کفّارہ مِل جایٔےگا، 9اِس طرح تُم بےگُناہ کے خُون کا اِلزام اَپنے اُوپر سے دُور کر دوگے کیونکہ تُم نے وہ کام کیا ہے جو یَاہوِہ کی نظر میں دُرست ہے۔
جنگ میں قَیدی عورت سے شادی کرنا
10جَب تُم اَپنے دُشمنوں سے جنگ کرنے نکلو اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا اُنہیں تمہارے ہاتھ میں کر دیں اَور تُم اُنہیں غُلام بنا کے لاؤ، 11اَور اُن غُلاموں میں کویٔی حسین عورت دیکھ کر تُم اُس پر فریفتہ ہو جاؤ، تو تُم اُسے اَپنی بیوی بنا سکتے ہو۔ 12تُم اُسے اَپنے گھر لے آنا اَور اُس کا سَر مُنڈوانا اَور ناخون کٹوانا، 13اَور اسیری کے وقت جو کپڑے وہ پہنے ہویٔے تھی اُنہیں الگ کردینا۔ اَور جَب وہ تمہارے گھر میں رہ کر مُکمّل ایک ماہ تک اَپنے ماں باپ کے لیٔے ماتم کر چُکے، تَب تُم اُس کے پاس جانا اَور اُس کا خَاوند ہو جانا اَور وہ تمہاری بیوی ہوگی۔ 14اَور اگر تُم اُس سے خُوش نہ ہو، تو جہاں وہ جانا چاہے اُسے جانے دینا۔ تُم اُسے قیمت میں ہرگز نہ بیچنا اَور نہ ہی اُس کے ساتھ غُلام کا سا سلُوک کرنا، کیونکہ تُم نے اُسے بےحُرمت کیا ہے۔
پہلوٹھے کا حق
15اگر کسی مَرد کی دو بیویاں ہوں، اَور وہ ایک سے مَحَبّت کرتا ہو اَور دُوسری سے نہیں، اَور دونوں سے اُس کے بیٹے پیدا ہوں، لیکن پہلوٹھا اُس بیوی کا بیٹاہو جِس سے وہ مَحَبّت نہیں کرتا۔ 16تو جَب وہ اَپنے بیٹوں کو اَپنی جائداد کا وارِث بنانے لگے تَب وہ اَپنی محبُوبہ بیوی کے بیٹے کو غَیر محبُوبہ کے پہلوٹھے بیٹے پرجو اُس کا حقیقی پہلوٹھا ہے ترجیح دے کر پہلوٹھا نہ بنائے۔ 17بَلکہ وہ اَپنے غَیر محبُوبہ بیوی کے بیٹے کو پہلوٹھا مان کر اُسے اَپنی جائداد میں سے دُگنا حِصّہ دے۔ کیونکہ وہ بیٹا اَپنے باپ کی قُوّت کا پہلا نِشان ہے۔ اَور پہلوٹھے کا حق اُسی کا ہے۔
باغی بیٹا
18اگر کسی شخص کا ضِدّی اَور باغی بیٹاہو، جو اَپنے والدین کی فرمانبرداری نہیں کرتا ہے اَور جَب والدین اُسے تنبیہ کرتے ہیں تو اُن کی نہیں سُنتا، 19تو اُس کے والدین اُسے پکڑکر شہر کے پھاٹک پر بُزرگوں کے پاس لے جایٔیں۔ 20اَور اُس کے والدین شہر کے بُزرگوں سے کہیں، ”ہمارا یہ بیٹا ضِدّی اَور باغی ہے۔ وہ ہمارے حُکموں پر نہیں چلتا۔ وہ پیٹو اَور شرابی ہے۔“ 21تَب اُس کے شہر کے سَب لوگ اُسے سنگسار کرکے مار ڈالیں۔ تُم اَیسی بدکاری کو اَپنے بیچ میں سے ختم کردینا۔ تَب سَب اِسرائیلی اُس کے بارے میں سُن کر خوف کھایٔیں گے۔
مُختلف آئین
22اگر کسی شخص سے کویٔی سنگین جُرم سرزد ہُوا ہو اَور اُسے قتل کرکے، اُس کی لاش کو درخت سے لٹکا دیا گیا ہو، 23تو دیکھنا کہ اُس کی لاش رات بھر درخت پر لٹکتی نہ رہے۔ تُم اُسے اُسی دِن ضروُر دفن کردینا، کیونکہ جو درخت پر لٹکایا گیا ہے وہ خُدا کی طرف سے لعنتی ہے۔ لہٰذا تُم اُس مُلک کو ناپاک نہ کرنا جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا مِیراث کے طور پر تُمہیں دے رہے ہیں۔
موجودہ انتخاب:
اِستِثنا 21: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.