اِستِثنا 22
22
1اگر تُم اَپنے اِسرائیلی بھایٔی کے بَیل یا بھیڑ کو بھٹکتے دیکھو تو اُسے نظرانداز نہ کرنا بَلکہ اُسے اُس کے مالک کے پاس ضروُر پہُنچا دینا۔ 2اگر تمہارا اِسرائیلی بھایٔی تمہارے نزدیک نہ رہتا ہو یا تُمہیں مَعلُوم نہ ہو کہ وہ کون ہے، تو اُس جانور کو اَپنے ساتھ گھر لے آنا اَور اُسے اُس وقت تک رکھے رہنا جَب تک کہ وہ اُسے تلاش کرتا ہُوا تمہارے پاس نہ آئے۔ تَب تُم اُسے اُس کا جانور واپس لَوٹا دینا۔ 3اگر تُمہیں اَپنے اِسرائیلی بھایٔی کا گدھا، کُرتہ یا اُس کی کھوئی ہُوئی کویٔی بھی شَے مِلے، تو اَیسا ہی کرنا۔ اُسے نظرانداز نہ کرنا۔
4اگر تُمہیں اَپنے اِسرائیلی بھایٔی کا گدھا یا بَیل راستہ میں گرا ہُوا مِلے تو اُسے نظرانداز نہ کرنا۔ بَلکہ تُم اُس کے مالک کی مدد اُنہیں اُٹھانے میں ضروُر کرنا۔
5کویٔی بھی عورت مَرد کا لباس نہ پہنے، اَور نہ مَرد عورت کا کیونکہ جو اَیسا کرتا ہے تو وہ یَاہوِہ تمہارے خُدا کے نزدیک مکرُوہ ہے۔
6اگر تُمہیں راہ کے کنارے درخت میں یا زمین پر کسی پرندہ کا گھونسلا ملے، اَور ماں بچّوں یا اَنڈوں پر بیٹھی ہُوئی ہو، تو تُم ماں کو بچّوں کے ساتھ نہ پکڑ لینا۔ 7تُم اگر چاہو تو بچّوں کو لے لینا لیکن ماں کو ضروُر چھوڑ دینا تاکہ تمہاری خیر ہو اَور تمہاری عمر دراز ہو۔
8جَب تُم کویٔی نیا مکان تعمیر کرو، تو اَپنی چھت کے چاروں طرف منڈیر ضروُر لگاؤ تاکہ اگر کویٔی چھت پر سے گِر جائے تو تمہاری وجہ سے تمہارے گھر پر خُون کا اِلزام نہ لگے۔
9اَپنے انگوری باغ میں دو قِسم کے بیج نہ بونا؛ اگر تُم اَیسا کروگے تو نہ صِرف ایک بیج کا بَلکہ انگوری باغ کا سارا پھل بھی پاک نہ ٹھہرے گا۔
10تُم بَیل اَور گدھے دونوں کو ایک ساتھ جوت کر ہل مت چلانا۔
11تُم اُون اَور کتان دونوں دھاگوں کی مِلاوٹ سے بُنا ہُوا کپڑا نہ پہننا۔
12اَپنے پہننے والے باہری کپڑے کے چاروں کناروں پر جھالر لگایا کرنا۔
شادی کے آئین کی خِلاف ورزی
13اگر کویٔی شخص کسی عورت سے شادی کرتا ہے اَور اُس سے ہم بِستر ہونے کے بعد اُس سے نفرت کرنے لگتا ہے، 14اَور اُس پر تہمت لگا کر، اُسے یہ کہہ کر بدنام کرتا ہے، ”مَیں نے اِس عورت سے شادی کی لیکن جَب مَیں اُس سے ہم بِستر ہُوا تو مُجھے اُس کے کنواری ہونے کا ثبوت نہیں مِلا۔“ 15تَب اُس لڑکی کے ماں باپ اُس کے کنوارےپن کا ثبوت لے کر شہر کے بُزرگوں کے پاس پھاٹک پر جایٔیں۔ 16اَور لڑکی کا باپ بُزرگوں سے کہے، ”مَیں نے اَپنی بیٹی کی شادی اِس شخص سے کی تھی لیکن یہ اُسے اَب نہیں چاہتاہے۔ 17اَور اَب اُس پر تہمت لگاتا اَور کہتاہے، ’مَیں نے تمہاری بیٹی کو کنواری نہیں پایا۔‘ حالانکہ میری بیٹی کے کنوارےپن کا یہ ثبوت ہے۔“ اَور والدین اُس کپڑے کو شہر کے بُزرگوں کے سامنے پھیلا دیں، 18تَب شہر کے بُزرگ اُس شخص کو پکڑکر کوڑے لگائیں۔ 19اَور اُس سے چاندی کی سَو ثاقل#22:19 سَو ثاقل تقریباً تین ایک کِلو دو سَو گرام جُرمانہ کے طور پر وصول کرکے لڑکی کے باپ کو دیں کیونکہ اُس آدمی نے ایک اِسرائیلی کنواری کو بدنام کیا تھا۔ وہ لڑکی اُس کی بیوی بنی رہے گی؛ اَور اُس مَرد کو زندگی بھر اُسے طلاق دینے کا حق نہ ہوگا۔
20لیکن اگر اِلزام سچ ہو اَور اُس لڑکی کے کنوارےپن کا ثبوت نہ مِل پایٔے، 21تو اُسے اُس کے باپ کے گھر کے دروازہ پر لایا جائے اَور وہاں اُس کے شہر کے لوگ اُسے سنگسار کریں تاکہ وہ مَر جائے۔ کیونکہ وہ ابھی اَپنے باپ کے گھر ہی میں تھی کہ اُس نے فاحِشہ پن کرکے اِسرائیل میں نہایت شرمناک کام کیا۔ اِس طرح سے تُم اَپنے درمیان سے اَیسی بدکاری ضروُر ختم کردینا۔
22اگر کویٔی آدمی کسی دُوسرے آدمی کی بیوی کے ساتھ زنا کرتے ہویٔے پکڑا جائے، تو وہ زناکار آدمی، اَور وہ عورت دونوں مار ڈالے جایٔیں۔ اِس طرح تُم اَیسی بدکاری اِسرائیل میں سے ختم کردینا۔
23اگر کسی کنواری لڑکی کی منگنی طے ہو چُکی ہو اَور کویٔی دُوسرا آدمی اُس کی مرضی سے شہر کے اَندر ہی اُس سے صحبت کرتا ہے، 24تو تُم اُن دونوں کو اُس شہر کے پھاٹک پر لے آنا اَور اُنہیں سنگسار کرکے مار ڈالنا۔ لڑکی کو اِس لیٔے کہ وہ شہر میں ہوتے ہویٔے بھی مدد کے لیٔے نہیں چِلّائی اَور آدمی کو اِس لیٔے کہ اُس نے دُوسرے شخص کی بیوی کو بےحُرمت کیا۔ اِس طرح سے تُم اَپنے درمیان سے اَیسی بدکاری دُور کردینا۔
25لیکن اگر کویٔی آدمی کسی لڑکی کو جِس کی منگنی طے ہو چُکی ہو، کسی میدان میں پا کر اُس کے ساتھ زبردستی صحبت کرتا ہے تو صِرف وہ آدمی جِس نے یہ کیا ہو مار ڈالا جائے۔ 26اَور اُس لڑکی کو کویٔی سزا مت دینا؛ اُس نے اَیسا کویٔی گُناہ نہیں کیا کہ وہ سزائے موت کی مُستحق ٹھہرے۔ یہ مُعاملہ کچھ اَیسا ہے جَیسے کویٔی اَپنے ہمسایہ پر حملہ کرکے اُسے مار ڈالے، 27کیونکہ اُس آدمی نے لڑکی کو کھُلے میدان میں پایا اَور حالانکہ وہ منگنی کی ہویٔی لڑکی چِلّائی تھی لیکن وہاں کویٔی نہ تھا جو اُسے بچاتا۔
28اگر کسی آدمی کو کویٔی کنواری لڑکی مِل جاتی ہے جِس کی منگنی نہیں ہُوئی ہے اَور وہ اُس کے ساتھ زبردستی صحبت کرتا ہے اَور وہ دونوں پکڑے جاتے ہیں، 29تو وہ آدمی لڑکی کے باپ کو پچاس ثاقل#22:29 پچاس ثاقل تقریباً چھ سَو گرام چاندی اَدا کرے۔ اَور لڑکی سے ضروُر شادی کر لے کیونکہ اُس نے اُس کی بےحُرمتی کی ہے۔ اَور اُس مَرد کو عمر بھر اُسے طلاق دینے کا حق نہ ہوگا۔
30کویٔی شخص اَپنے باپ کی بیوی سے شادی نہ کرے؛ یعنی اَپنے باپ کے ہم بِستر کی بےحُرمتی نہ کرے۔
موجودہ انتخاب:
اِستِثنا 22: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapistaging.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.