YouVersion Logo
تلاش

حزقی ایل 34

34
یَاہوِہ اِسرائیل کا چرواہا
1یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 2”اَے آدمؔ زاد، اِسرائیل کے چرواہوں کے خِلاف نبُوّت کر، نبُوّت کر اَور اُن سے کہہ، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: افسوس اِسرائیل کے اُن چرواہوں پرجو صِرف اَپنی فکر کرتے ہیں! کیا یہ مُناسب ہے کہ چرواہے گلّہ کی فکر نہ کریں؟ 3تُم مکھّن کھاتے ہو، اُونی لباس پہنتے ہو اَور فربہ بھیڑوں کو ذبح کرتے ہو لیکن تُم گلّہ کی پروا نہیں کرتے۔ 4تُم نے کمزوروں کو توانا نہیں کیا، نہ بیماریوں کو شفا بخشی، نہ ہی گھایلوں کے گھاؤ باندھے، نہ بھٹک جانے والوں کو واپس لایٔے، اَور نہ تُم نے گُم شُدہ کی جُستُجو کی۔ تُم نے اُن سے نہایت سختی اَور بے رحمی کا سلُوک کیا۔ 5اِس لیٔے وہ چرواہے کی عدم مَوجُودگی میں تِتّر بِتّر ہو گئیں اَور جَب وہ پراگندہ ہو گئیں تو وہ تمام جنگلی جانوروں کی خُوراک بَن گئیں۔ 6میری بھیڑیں تمام پہاڑوں پر اَور ہر اُونچے ٹیلے پر بھٹکتی پھریں۔ وہ تمام رُوئے زمین پر تِتّر بِتّر ہو گئیں اَور کسی نے اُنہیں نہ ڈھونڈا اَور نہ تلاش کیا۔
7” ’اِس لیٔے اَے چرواہو! یَاہوِہ کا کلام سُنو یَاہوِہ خُدا فرماتے ہیں: 8یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں مُجھے اَپنی حیات کی قَسم، چونکہ میرے گلّہ کا کویٔی چرواہا نہیں اِس لیٔے وہ لُوٹا گیا اَور تمام جنگلی جانوروں کی خُوراک بَن گیا اَور چونکہ میرے چرواہوں نے میرے گلّہ کو نہیں ڈھونڈا اَور میرے گلّہ کی فکر کرنے کی بجائے صِرف اَپنی فکر کی۔ 9اِس لیٔے اَے چرواہو، یَاہوِہ کا کلام سُنو: 10یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: میں چرواہوں کے خِلاف ہُوں اَور اُنہیں اَپنے گلّہ کی تباہی کا ذمّہ دار ٹھہراؤں گا۔ میں اُنہیں گلّہ بانی سے معزول کر دُوں گا تاکہ چرواہے آئندہ اَپنا ہی پیٹ نہ بھریں۔ میں اَپنے گلّہ کو اُن کے مُنہ سے چھُڑا لُوں گا تاکہ آئندہ وہ اُن کے لیٔے خُوراک نہ بنے۔
11” ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں کہ میں خُود اَپنی بھیڑوں کی تلاش کروں گا اَور اُن کی گلّہ بانی کروں گا۔ 12جِس طرح ایک چرواہا جَب وہ اَپنے گلّہ کے ساتھ ہوتاہے اَپنی پراگندہ بھیڑوں کی پاسبانی کرتا ہے اِسی طرح میں اَپنی بھیڑوں کی پاسبانی کروں گا۔ میں اُنہیں اُن تمام جگہوں سے چھُڑا لاؤں گا جہاں وہ ابر اَور تاریکی کے دِن تِتّر بِتّر ہو گئی تھیں۔ 13میں اُنہیں مُختلف قوموں میں سے لے آؤں گا اَور مُختلف مُلکوں میں سے جمع کروں گا اَور مَیں اُنہیں اُن کے اَپنے مُلک میں واپس لاؤں گا۔ میں اُنہیں اِسرائیل کے پہاڑوں پر اَور کھائیوں کے کنارے اَور مُلک کی تمام بستیوں میں چراؤں گا۔ 14میں اُنہیں اَچھّی چراگاہ میں چراؤں گا اَور اِسرائیل کی پہاڑیوں کو اُن کی آرامگاہ بنا دُوں گا۔ وہاں وہ بہترین چراگاہوں میں بیٹھا کریں گی اَور چارہ وغیرہ کھایا کریں گی۔ 15میں خُود اَپنی بھیڑوں کو چراؤں گا اَور اُنہیں بِٹھاؤں گا۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔ 16میں کھویٔے ہوؤں کو تلاش کروں گا اَور بھٹکے ہوؤں کو واپس لاؤں گا۔ میں زخمیوں کی مرہم پٹّی کروں گا اَور کمزوروں کو تقویّت بخشوں گا لیکن موٹوں اَور طاقتوروں کو ختم کر دُوں گا۔ میں اِنصاف کے ساتھ گلّہ کی پاسبانی کروں گا،
17” ’اَے میرے گلّہ کی بھیڑو! جہاں تک تمہارا تعلّق ہے یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: مَیں بھیڑ اَور بھیڑ کے درمیان اَور مینڈھوں اَور بکروں کے درمیان اِنصاف کروں گا۔ 18کیا تمہارے لیٔے اِتنا کافی نہیں کہ اَچھّی چراگاہ میں چَر لو؟ کیا یہ ضروُری ہے کہ تُم اَپنی باقی چراگاہوں کو اَپنے پاؤں سے روندو؟ کیا تمہارے لیٔے یہ کافی نہیں کہ صَاف پانی پی لو۔ کیا یہ ضروُری ہے کہ تُم باقی بچے پانی کو اَپنے پاؤں سے گدلا کر دو؟ 19کیا میرا گلّہ وُہی کھائے جسے تُم نے روندا اَور وُہی پیئے جسے تُم نے اَپنے پاؤں سے گدلا کیا؟
20” ’اِس لیٔے یَاہوِہ قادر اُن سے یہ فرماتے ہیں کہ دیکھو، مَیں خُود فربہ اَور دبلی بھیڑ کے درمیان فیصلہ کروں گا۔ 21چونکہ تُم پہلو اَور کندھے سے دھکیلتے ہو اَور تمام کمزور بھیڑوں کو اَپنے سینگوں سے مارتے ہو یہاں تک کہ تُم اُنہیں تِتّر بِتّر کر دیتے ہو، 22مَیں اَپنے گلّہ کو بچا لُوں گا اَور اَب وہ پھر کبھی لُوٹے نہ جایٔیں گے۔ مَیں بھیڑ اَور بھیڑ کے بیچ اِنصاف کروں گا۔ 23مَیں اَپنے خادِم داویؔد کو اُن کے اُوپر چرواہا مُقرّر کروں گا جو اُن کی پاسبانی کرےگا۔ وہ اُن کی پاسبانی کرتے ہُوئے اَور اُن کا چرواہا ہوگا۔ 24میں یَاہوِہ اُن کا خُدا ہُوں گا اَور میرا خادِم داویؔد اُن کے درمیان حُکمران ہوگا۔ میں یَاہوِہ نے یہ فرمایاہے۔
25” ’مَیں اُن کے ساتھ عہدِ اَمن باندھوں گا اَور مُلک کو جنگلی جانوروں سے خالی کر دُوں گا تاکہ وہ بیابان میں رہ سکیں اَور جنگلوں میں سلامتی سے سو سکیں۔ 26میں اُنہیں اَور اَپنی پہاڑی کے آس پاس کے علاقہ کو برکت دُوں گا۔ میں عَین موسم میں مینہ برساؤں گا اَور برکت کی بارش ہوگی۔ 27کھیتوں کے درختوں میں پھل لگیں گے اَور زمین اَپنی فصلیں اُگائے گی اَور لوگ اَپنے مُلک میں محفوظ رہیں گے۔ جَب مَیں اُن کے جُوئے کے بندھن توڑ دُوں گا اَور اُنہیں اُن لوگوں کے ہاتھوں سے چھُڑا لُوں گا جنہوں نے اُنہیں غُلام بنا لیا تھا، تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ 28وہ پھر کبھی قوموں کے ہاتھوں نہ لُوٹے جایٔیں گے، نہ ہی جنگلی جانور اُنہیں کھانے پائیں گے۔ وہ سلامتی سے رہیں گے اَور کویٔی اُنہیں نہیں ڈرائے گا۔ 29میں اُنہیں اَیسی زمین بخشوں گا جو اَپنی فصل کے لیٔے مشہُور ہے اَور وہ پھر کبھی اَپنے مُلک میں قحط کا شِکار نہ ہوں گے اَور نہ قوموں کی طَعنہ زنی کا نِشانہ بنیں گے۔ 30تَب وہ جان لیں گے کہ میں، یَاہوِہ اُن کا خُدا، اُن کے ساتھ ہُوں اَور وہ، بنی اِسرائیل، میرے لوگ ہیں۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔ 31اَور تُم، اَے میری بھیڑو، میری چراگاہ کی بھیڑو، میرے لوگ ہو اَور مَیں تمہارا خُدا ہُوں۔ یہ یَاہوِہ قادر کا فرمان ہے۔‘ “

موجودہ انتخاب:

حزقی ایل 34: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in