ہوشِیعؔ 13
13
اِسرائیل کے خِلاف قہر یَاہوِہ
1جَب اِفرائیمؔ بولتا تھا تو لوگ کانپ اُٹھتے تھے؛
اُسے اِسرائیل میں اِعزاز بخشا گیا۔
لیکن وہ بَعل کی عبادت کرنے سے گُنہگار ٹھہرا اَور مَر گیا۔
2اَب وہ اَور بھی گُناہ کرتے ہیں؛
اَور اَپنی چاندی سے اَپنے لیٔے بُت بناتے ہیں،
جو نہایت ماہر بُت تراش کی تراشی ہُوئی مورتیں ہیں،
اَور سَب کی سَب دستکاروں کی دستکاری ہیں۔
اُن لوگوں کے متعلّق کہا جاتا ہے کہ،
وہ اِنسان کی قُربانی گزرانتے ہیں!
اَور بچھڑوں کے بُتوں کو چُومتے ہیں۔
3لہٰذا وہ صُبح کے کُہر،
اَور علی الصبح کی غائب ہونے والی اوس،
اَور کھلیان سے اُڑنے والی بھُوسی،
یا کھڑکی میں سے نکلتے ہُوئے دھوئیں کی مانند ہوں گے۔
4لیکن مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں،
جو تُمہیں مُلکِ مِصر سے نکال لایا۔
تُم میرے سِوا کسی کو اَور خُدا کرکے نہ ماننا،
اَور میرے سِوا کویٔی اَور مُنجّی نہیں۔
5مَیں نے بیابان میں،
یعنی چلچلاتی ہُوئی دھوپ کے مُلک میں تمہاری خبرگیری کی۔
6جَب مَیں اُنہیں کھانا کھِلاتا تو وہ سیر ہو جاتے؛
اَور جَب وہ سیر ہو گئے تو مغروُر ہو گئے؛
تَب وہ مُجھے فراموش کر بیٹھے۔
7اِس لیٔے مَیں اُن پر شیرببر کی طرح جھپٹ پڑوں گا،
اَور چیتے کی مانند راہ میں گھات لگائے بیٹھا رہُوں گا۔
8میں اُس ریچھنی کی مانند جِس کے بچّے چھین لیٔے گیٔے ہُوں،
اُن پر حملہ کروں گا اَور اُنہیں پھاڑ کر رکھ دُوں گا۔
ایک شیرببر کی مانند میں اُنہیں نگل جاؤں گا،
ایک جنگلی جانور اُنہیں پھاڑ ڈالے گا۔
9اَے اِسرائیل تُو تباہ ہو چُکاہے،
کیونکہ تُو میرا یعنی اَپنے مددگار کا مُخالف ہے۔
10تیرا وہ بادشاہ کہاں ہے جو تُجھے بچائے؟
تیرے تمام شہروں کے وہ اُمرا کہاں ہیں،
جِن کے متعلّق تُونے کہاتھا،
مُجھے بادشاہ اَور اُمرا عنایت کر؟
11اِس لیٔے اَپنے قہر میں مَیں نے تُجھے بادشاہ دیا،
اَور اَپنے غضب میں اُسے مٹا دیا۔
12اِفرائیمؔ کی خطا جمع کی گئی،
اَور اُس کے گُناہ درج کئے گیٔے۔
13وہ دردِزہ کی مانند تکلیف میں مُبتلا ہے،
لیکن وہ ایک بے عقل بچّہ ہے؛
کیونکہ جَب وقت قریب آتا ہے،
تَب وہ رحم کے مُنہ تک نہیں آتا۔
14”مَیں اُنہیں قبر کے قابُو سے چھُڑا دُوں گا؛
اَور اُنہیں موت سے رِہائی بخشوں گا۔
اَے موت تیری وَبا کہاں ہے؟
اَے قبر تیری ہلاکت کہاں ہے؟
”مَیں ہرگز رحم نہ کروں گا،
15چاہے وہ اَپنے بھائیوں کے درمیان بڑھتا رہے۔
یَاہوِہ کی طرف سے بادِ مشرق آئے گی،
جو بیابان کی جانِب سے چلے گی؛
اُس کا سوتا سُوکھ جائے گا
اَور اُس کا چشمہ خشک ہو جائے گا۔
اُس کے گودام میں سے
تمام خزانے لُوٹ لیٔے جایٔیں گے۔
16سامریہؔ کے باشِندے اَپنی خطاؤں کا بوجھ اُٹھائیں گے،
کیونکہ اُنہُوں نے اَپنے خُدا کے خِلاف بغاوت کی ہے۔
وہ تلوار سے مارے جایٔیں گے؛
اَور اُن کے چُھوٹے بچّے زمین پر پٹکے جایٔیں گے،
اَور اُن کی حاملہ عورتیں چیر ڈالی جایٔیں گی۔“
موجودہ انتخاب:
ہوشِیعؔ 13: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.